چارلی چپلن، دکھی آتما یا ظالم شوہر

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 5 اپریل 2015 16:10

چارلی چپلن، دکھی آتما یا ظالم شوہر

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5اپریل۔2015ء)چارلی چپلن سے منسوب بہت سے اقوال اور ون لائنر(یک سطری فقرے) مشہور ہیں، جنہیں پڑھ کر لگتا ہے کہ دنیا کو اپنی حرکتوں سے ہنسانے والے چارلی چپلن سے زیادہ دکھی کوئی نہ تھا۔ چارلی چپلن سے منسوب یہ فقرہ تو زبان زد عام ہے کہ میں ہمیشہ بارش میں چلنا پسند کرتا ہوں، تاکہ کوئی یہ نہ دیکھ سکے میں رو رہا ہوں۔

اس کے برعکس حال ہی میں منظر عام پر آنے والے چارلی چپلن کی دوسری شادی اور طلاق سے متعلق کاغذات نے چارلی چپلن کو بڑا ظالم شوہر قرار دیا ہے۔ کاغذات کے مطابق چارلی چپلن کا رویہ اپنی نوعمر بیوی کے ساتھ ظالمانہ اور کرخت ہوتا تھا۔ یہ چارلی چپلن کی دوسری شادی تھی جو 1924 میں ہوئی، شادی کے وقت چارلی چپلن 35 سال کا جبکہ اس کی نوعمر بیوی لیٹا گرے صرف 16 سال کی تھی۔

(جاری ہے)

یہ شادی بہت کم عرصے چل سکی ۔ 1927 میں دونوں کے درمیان عدالت کے ذریعے طلاق ہو گئی۔ کاغذات کے مطابق چارلی چپلن نے شادی کے وعدے پر لیٹا گرے سے تعلقات بڑھائے اور حاملہ ہونے پر اسے اسقاط حمل کا مشورہ دیا۔ شادی کی رات چارلی چپلن نے اپنے دوستوں کو کہا کہ شادی کرنا جیل جانے سے بہتر ہے۔اس نے اپنی بیوی لیٹا گرے کو بھی کہہ دیا تھا کہ یہ شادی لمبے عرصے تک نہیں چلے گی، میں تمہارا وہ حال کر دوں گا کہ تم میرے ساتھ رہنا ہی نہیں چاہو گی۔

اس طلاق کے نتیجے میں لیٹا گرے کو 8 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے جو 1927 میں بہت بڑی رقم تھی۔لیٹا گرے کو طلاق دینے کے بعد چارلی چپلن نے دو شادیا ں کیں۔ 50 صفحات پر مشتمل ان کا غذات میں چارلی چپلن کے بنکوں کو بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ چارلی چپلن کی طلاق کے مقدمے تک چارلی کی دولت منتقل نہ کریں۔طلاق کے کاغذات کی 16 کاپیاں تیار کی گئیں تھیں، جن میں سے ایک چارلی چپلن کو بھیجی گئی جبکہ باقی مختلف بنکوں کو بھیجی گئیں۔

اب ملنے والے کاغذات11 جنوری 1927 کو فسٹ نیشنل بنک آف لاس اینجلس کو بھیجے گئے۔ تقریباً ایک صدی بعد یہ کاغذات پلے ماؤتھ ، برطانیہ کے پریڈ انٹیک میں 15 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہو رہے ہیں۔ اینٹیک شاپ کے مالک کے بقول اس نے ان کاغذات کو ایک امریکی شخص سے حاصل کیا ہے جو بنکوں سے پرانے کاغذات کی صفائی وغیرہ کا کام کرتا ہے۔ بنک نے اسے ان کاغذات سمیت بہت سے کاغذات جلا کر ضائع کرنے کے لیے دئیے مگر اس نے انہیں اپنے پاس رکھ لیا۔

Browse Latest Weird News in Urdu