58 سالہ بھارتی ماں نے کپڑے دھونے والی تھاپی سے کمال کر دیا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی منگل 7 اپریل 2015 12:52

58 سالہ بھارتی  ماں نے کپڑے دھونے والی تھاپی سے کمال کر دیا

بھارت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل2015ء)بھارت کی 58 سالہ ماں نے اپنی 19 سالہ بیٹی کو کپڑے دھونے والی تھاپی کے زور سے 13 فٹ لمبے مگر مچھ کے جبڑوں سے نکال لیا۔ عورت اور مگر مچھ کے درمیان 10 منٹ سے زیادہ دیر تک لڑائی ہوتی رہی۔ 58 سالہ دیوالینن وانکار اپنی 19 سالہ بیٹی کانتا کے ساتھ مغربی بھارت کے مقام وادودارا سے 40 کلو میٹر دور وشوامتری دریا کے کنارے کپڑے دھونے گئی۔

کپڑے نچوڑتے ہوئے ایک 13 فٹ لمبا مگرمچھ نمودار ہوا اور کانتا کی دائیں ٹانگ پکڑ کر اسے گہرے پانی میں لے جانے کی کوشش کرنے لگا۔ اچانک حملے کے بعد پہلے تو ماں بیٹی کو ویسے ہی مگر مچھ سے چھڑانے کی کوشش کرنے لگی مگر ناکامی پر اس نے کپڑے دھونے والی تھاپی اٹھائی اور مگرمچھ کے سر پر مارنا شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

10 منٹ سے زیادہ تک پٹائی کھانے کے بعد مگر مچھ نے کانتا کی ٹانگ چھوڑ دی۔

شور کی آواز سن کر گاؤں والے آگئے اور کانتا کو ہسپتال لے گئے۔ ڈاکٹروں نے معمولی زخموں کی پٹیاں کرنے کے بعد کانتا کو چھٹی دے دی۔ کانتا کی ماں کا کہنا ہے کہ بجلی اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے وہ دریا پر کپڑے دھونے پر مجبور ہیں۔ جنگلی حیات کے آفیسر نے کہا کہ یہ دریا خونخوار مگرمچھوں سے بھرا پڑا ہے، گاؤں والوں کو کئی دفعہ دریا سے دور رہنے کے لیے کہا جا چکا ہے۔اس دریا میں دو سو سے زیادہ مگر مچھ ہیں جن کے حملوں میں پچھلے سال 6 افراد مارے گئے تھے۔

Browse Latest Weird News in Urdu