مچھر آپ کے خون کے پیاسے کیوں؟ خون کا بھی قصور ہے

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی منگل 28 اپریل 2015 17:20

مچھر آپ کے خون کے پیاسے کیوں؟ خون کا بھی قصور ہے

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل2015ء)بعض لوگوں سے مچھروں کو خصوصی محبت ہوتی ہے۔ایسے لوگوں سےاپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے مچھر انہیں زیادہ توجہ اور ”پیار“ دیتے ہیں۔ آبادی کا 20 فیصد مچھروں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔ ایک نئی تحقیق میں اس بات کی تائید ہوئی ہے کہ مچھروں کے کاٹنے میں انسانوں کے خون کے گروپ کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔

او ٹائپ کے لوگ مچھروں کا زیادہ شکار بنتے ہیں۔اس کے بعد ٹائپ بی کا نمبر اور ٹائپ اے خون والے مچھروں میں اتنے زیادہ مقبول نہیں۔ خون کی قسم تو انسان کے اختیار میں نہیں ہوتی مگر اور بہت سی چیزیں ہیں جو مچھروں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق بہت زیادہ ورزش کرنے والے یا بالکل بھی نہ کرنے والے مچھروں کی خصوصی محبت سے مستفید ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کی وجہ یہ ہے کہ وزرش کرنے والوں کے جسم سے پسینہ نکلتا ہے، انکا جسم گرم ہوتا ہے، اور مچھروں کو ایسا ہی ماحول پسند ہوتا ہے۔ اگر کوئی انسان بالکل ورزش نہ کرے اور اپنی کمر کا کمرہ بنا لے تو وہ زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتا ہے۔ زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ والا ماحول بھی کیڑے مکوڑوں کو بہت پسند ہے۔ حاملہ خواتین بھی مچھروں کا خصوصی شکار ہوتی ہیں۔

ان کے جسم کا درجہ حرارت زیادہ ہوتا ہے۔ بعض لوگوں میں قدرتی طور پر ایسی بو ہوتی ہے جو مچھروں کو اپنی طرف مائل کرتی ہے۔ کچھ مخصوص رنگ بھی مچھروں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ گہر الال ، سیاہ اور نیلا رنگ مچھروں کو بہت زیادہ اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ شراب نوشی کو ترک کردینا بھی مچھروں سے نجات کا باعث بنتا ہے۔شراب نوشی کرنے والے 20 فیصد زیادہ مچھروں کا شکار بنتے ہیں۔ شراب اور مشروبات کی بو بھی مچھروں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ خون مچھروں کی خوراک ہوتا ہے۔یہ مادہ مچھروں کو پروٹین مہیا کرتا ہے جو انڈے بنانے میں مدد دیتا ہے، اس لیے بھی آپ کو خون پینا ان کی مجبوری ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu