مسلسل 10 روز تک سونے والی لڑکی لاعلاج قرار

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 24 اگست 2015 18:38

مسلسل 10 روز تک سونے والی لڑکی لاعلاج قرار

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24اگست۔2015ء) آسٹریلیا کی شہری جارجیا گرین ایک نادر ذہنی بیماری میں مبتلا ہیں اور وہ دس دن تک لگاتار نیند کی آغوش میں چلی جاتی ہیں اور ایک لمحے کے لیے بھی آنکھ نہیں کھولتیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق جارجیا گرین کلائین لیون سنڈروم مرض میں مبتلا ہیں جو کروڑوں افراد میں سے کسی ایک کو متاثر کرتا ہے اور اس مرض کا اب تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوسکا ہے۔

آسٹریلیا کی رہائشی اس لڑکی کو نیند سے پہلے ذہنی دھندلاہٹ کا سامنا ہوتا ہے اور اس کے بعد گویا ایسا لگتا ہے کہ انہیں ناک آؤٹ کردیا گیا ہے اور وہ کئی دنوں تک کے لیے سوجاتی ہیں۔ خون کے کئی ٹیسٹ، ایم آرآئی، دماغی ٹیسٹ اور ذہنی مراقبے کے بعد اندازہ لگایا گیا ہے کہ انہیں کلائین لیون کا پیچیدہ مرض لاحق ہے۔

(جاری ہے)

مرگی کی طرح اس مرض کے بھی دورے پڑتے ہیں لیکن عام حالات میں مریض 12 سے 18 گھنٹے تک سوتا ہے لیکن جارجیا 10 روز تک مسلسل سوتی رہتی ہیں اور اس کے بعد اگلے 24 گھنٹے تک انہیں نیند نہیں آتی اور دوہفتوں بعد وہ معمول پر آجاتی ہیں لیکن اس بیماری سے ان کی پڑھائی، دوستوں کے ساتھ میل جول اور دیگر امور شدید متاثر ہورہے ہیں۔

اسی طرح وہ کئی مرتبہ اپنے امتحانات دینے سے بھی قاصررہی ہیں۔ جارجیا کا کہنا ہے کہ وہ اب تک 35 مرتبہ اس مرض کے دوروں کا شکارہوکراپنی زندگی کے قیمتی سال اس مرض میں ضائع کرچکی ہیں۔ ماہرین کے مطابق 30 سال کی عمر تک ان کے دوروں میں کمی واقع ہوگی لیکن اس کے لیے جارجیا کو اگلے 10 سال کا انتظارکرنا ہوگا۔

Browse Latest Weird News in Urdu