نیلی برف کا گولہ گرنے سے بھارتی خاتون شدید زخمی۔ نیلی برف آخر ہے کیا؟

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعہ 8 جنوری 2016 23:38

نیلی برف کا گولہ گرنے سے بھارتی خاتون شدید زخمی۔ نیلی برف آخر  ہے  کیا؟

بھوپال، مدھیہ پردیش(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جنوری۔2016ء) بھارت کے صوبے مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع کی رہنے والی 60سالہ خاتون اپنی چھت پر فٹ بال جتنا نیلی برف کا گولہ گرنے پر شدید زخمی ہوگئیں۔ہوابازی کی اصطلاح میں نیلی برف اس انسانی فضلے کو کہتے ہیں ، جو اڑتے جہاز میں ٹوائلٹ صاف کرتے ہوئے باہر پھینکا جاتا ہے اور وہ زمین پر گرنے سے پہلے ہی جم جاتا ہے۔

مدھیہ پردیش کے آمکھوہ گاؤں میں گرنے والے اس برف کے گولے کے بارے میں بھی ماہرین کا یہی خیال ہے کہ یہ کسی کمرشل فلائٹ کے ٹوائلٹ سے گرنے والا فضلہ ہے۔ بھارت میں جہاز سے گرنے والے فضلے سے کسی کے بھی زخمی ہونے کا یہ غالباً پہلا واقعہ ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون 60سالہ راج رانی گاؤد صرف اس لیے زندہ ہے کہ یہ برف کا گولہ اس کے کندھے میں لگنے سےپہلے اس کے مکان کی ٹیرس سے ٹکرایا اور پھر راج رانی کےکندھےپر لگا۔

(جاری ہے)

ہوا بازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر برف کا یہ ٹکڑا نیلی برف ثابت ہوجاتا ہے تو راج رانی کو جہازوں سے ہونے والےحادثوں کے قانون کے تحت معاوضہ بھی مل سکتا ہے تاہم راج رانی کےضلع کے حکام نے اس حوالے سے کسی قسم کی تحقیقات شروع نہیں کیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک انہیں اس حادثے کی باضابطہ رپورٹ نہیں ملی۔ دہلی کے رہنے والے ہوابازی کے مشیر، بمل کمار شریواستر، نے اخبار میں اس حادثے کی خبر پڑھ کر اسے سنجیدہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس بارے میں تحقیقات کرنے کا کہا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu