سیانے وارڈن کی غلط چالان کرنے کی ہوشیاری کیمرے نے پکڑ لی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 14 اپریل 2016 13:47

سیانے وارڈن کی  غلط  چالان کرنے کی ہوشیاری کیمرے نے پکڑ لی

کنگسٹن اپون ہل، انگلینڈ۔ ایک برطانوی جوڑے کا پارکنگ ٹکٹ اس وقت منسوخ کر دیا گیا جب انہوں نے اپنی گاڑی کے ڈیش بورڈ کیمرے سے ریکارڈ کی گئ ویڈیو حکام کو دکھائی۔ویڈیو میں ٹریفک آفیسر کو گاڑی کے آگے سے پارکنگ کون ہٹاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ہاروے اور سٹیسی ساؤنڈرس نے بتایا کہ انہوں نے کئی بار مشکوک چالان کرانے کے بعد اپنی گاڑی میں ڈیش بورڈ کیمرہ لگا لیا۔

6اپریل کو انہیں مزید ایک پارکنگ ٹکٹ ملا۔ انہوں نے گاڑی کے کیمرے میں ریکارڈنگ دیکھی تو معلوم ہوا کہ ٹریفک آفیسر نے اُن کی گاڑی کا چالان کرنے کے لیے اُن کی گاڑی کے آگے رکھی پارکنگ کون ہٹا دی۔
ہاروے نے بی بی سی کو بتایا کہ جب میں واپس آیا تو اپنی گاڑی کو کونڈ آف نوپارکنگ(coned-off no-parking) زون میں کھڑے دیکھا،اس کے ساتھ ہی ایک ٹکٹ بھی تھا۔

(جاری ہے)

بعد میں جب ویڈیو کو دیکھا تو پتہ چلا کہ ٹریفک آفیسر نے جان بوجھ کر وہاں سے پارکنگ کون ہٹائی تھی۔
سٹیسی نے اس ویڈیو کو فیس بک پر پوسٹ کر دیا، جہاں سےیہ وائرل ہو گئی۔ اب تک ہزاروں افراد اسے شیئر کر چکے ہیں۔
ہل سٹی کونسل کے حکام نے اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد سٹیسی کا ٹکٹ منسوخ کر دیا ہے۔ کونسل کا کہنا ہے کہ یہ ٹریفک کون کسی اور جگہ کی تھی جسے کسی شخص نے اٹھا کر یہاں رکھ دیا، ٹریفک آفیسر نے اسے اٹھا کر اس کی اصل جگہ پر رکھا تھا، اس کا مقصد جان بوجھ کر چالان کرنا نہیں تھا۔کونسل نے اس واقعے کی مزید تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu