مادہ شارک نے نر سے بچھڑنے کے سالوں بعد اکیلے ہی بچے پیدا کر کے سائنسدانوں کو حیران کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 18 جنوری 2017 23:48

مادہ شارک نے نر سے بچھڑنے کے سالوں بعد اکیلے ہی بچے پیدا کر کے سائنسدانوں کو حیران کر دیا
ایک مادہ شارک نے اپنے نر سے الگ ہونے کےسالوں بعد خود میں ایسی خاصیت پیدا کر لی ہے کہ وہ اکیلے ہی اپنے بچے پیدا کر سکتی ہے۔ لیونی دی زیبرا شارک(Stegostoma fasciatum) 1999 میں اپنے ساتھی نرشارک سے ٹاؤنزویل، آسٹریلیا کے ایکیوریم میں ملی تھی۔ دونوں کے دو درجن سے زیادہ بچے ہوئے۔ 2012 میں نر شارک کو ایک دوسرے ٹینک میں منتقل کر دیا گیا۔ 2012 کے بعد لیونی کا کسی نر شارک سے رابطہ نہیں ہوا مگر اس کے باوجود اس نے 2016 کے شروع میں 3 بچوں کو جنم دیا۔

یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ، برسبین، آسٹریلیا کی کرسٹائن ڈودگیون اور اُن کے رفقاء نے اس کی وجوہات جانے کے لیے تحقیق کی تو اُن پر حیرت انگیز انکشافات ہوئے۔ لیونی کے بچے ہونے کی سب سے اہم ممکنہ وجہ تو یہی ہوسکتی تھی کہ اس نے اپنے سابقہ ساتھی کا سپرم محفوظ رکھا ہو جو اب انڈوں کے ساتھ باآور ہو گیا لیکن جنیاتی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ لیونی کے بچوں میں صرف لیونی کا ہی ڈی این اے ہے۔

(جاری ہے)

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لیونی میں بچوں کی پیدائش کا عمل اسیکسوئیل (asexual) یعنی غیر جنسی تولید کے ذریعے ہوا ہے۔ کچھ ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں کی اقسام ایسی ہوتی ہیں جو غیر جنسی تولید کے ذریعے بچے پیدا کرتی ہیں۔ ان میں کچھ اقسام کی شارک، ٹرکی، کموڈو ڈریگن اور سانپ شامل ہیں لیکن رپورٹ کے مطابق ایسے جانوروں کی مادہ کبھی بھی نر سے نہیں ملی ہوتیں۔

اس کے علاوہ بہت کم جاندار ایسے ہوتے ہیں جو پہلے غیر جنسی طریقہ تولید سے بچے پیدا کرتے ہیں، پھر جنسی طریقہ تولید اختیار کر لیتے ہیں تاہم لیونی کی طرح جنسی طریقہ تولید سے غیر جنسی طریقہ تولید کی طرف کوئی جاندار سوئچ نہیں کرتا۔ شارک میں غیر جنسی تولید اس وقت ہوتی ہے جب مادہ کے انڈے اپنے ساتھ موجود پولر باڈی خلیوں سے باآور ہوجاتے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu