یونیورسٹی میں تجربے کے دوران کافی کے 300 کپ کے برابر کیفین پینے والے طلباء کو جان کے لالے پڑ گئے

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 25 جنوری 2017 23:49

یونیورسٹی میں تجربے کے دوران کافی کے  300 کپ کے برابر کیفین پینے والے طلباء کو جان کے لالے پڑ گئے

یونیورسٹی کے دو طالب علموں کو اس وقت جان کے لالے پڑ گئے جب اُنہوں نے ایک سائنسی تجرے کے لے خود کو رضاکارانہ طور پر پیش کیااور دونوں نے کافی کے تین تین سو کپ کے برابر کیفین استعمال کر لی۔
سپورٹس سائنس کے طالب علم ایلکس روسیٹو اور لیوک پارکن نے رضاکارانہ طور پر نارتھ امبریا یونیورسٹی کے سائنسی تجربے کے دوران خطرناک حد سے بھی زیادہ کیفین استعمال کر لی۔

مارچ 2015 میں کیے گئے اس تجربے کا مقصد ورزش پر کیفین کے اثرات کی پیمائش کرنا تھا۔
پیمائش میں غلطی کی وجہ سے دونوں طالب علم کو خطرناک حد سے بھی 100 گنا زیادہ کیفین کی ڈوز دی گئی، جس کے ری ایکشن سے دونوں کو جان کے لالے پڑگئے اور انہیں ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔
بدھ کو جج ایڈورڈ بنڈلوس نے یونیورسٹی پر صحت اور حفاظت کے اصولوں کی پاسداری نہ کرنے پر 4 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ کر دیا۔

(جاری ہے)


پراسیکوٹر ایڈم فارر نے نیوکاسل کراؤن کورٹ کو بتایا کہ دونوں طلبا کو 0.3 گرام کیفین دی جانی تھی مگر انہیں 30 گرام کیفین دی گئی۔ایڈم نے بتایا کہ کافی کے ایک اوسط کپ میں 0.1 اگرام کیفین ہوتی ہے۔اس حادثے کے بعد دونوں طالب علموں کو ہسپتال رہنا پڑا جہاں اُن کا ڈایا لائسز کیا گیا۔
ایڈم نے بتایا کہ انہیں کیفین جوس اور پانی کے ساتھ مکس کر کے دی جانی تھی مگر غلطی سے انہیں 30.7 گرام اور 32 گرام کیفین دی گئی۔

ایڈم نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ماضی میں 18 گرام کیفین کے استعمال پر موت واقع ہونا ریکارڈ پر ہے۔
ایڈم نے عدالت کو بتایا کہ یونیورسٹی سٹاف نے کیفین کی کیلکولیشن موبائل کے کیلکولیٹر پر کی تھی اورنقطہ اعشاریہ غلط مقام پر رکھا گیا تھا اور تجربے کی خطرناکی کا اندازہ بھی نہیں لگایا گیا تھا۔
اس حادثے کے نتیجے میں مسٹر روسیٹوکو 6 دن ہسپتال رہنا پڑا، کچھ عرصے کے لیے اس کی یاداشت بھی متاثر ہوئی اور اس کا وزن بھی 12 کلوگرام کم ہوگیا۔لیوک پارکن کو دو دن تک ہسپتال رہنا پڑا تھا اور اس کا وزن 10 کلو گرام کم ہو گیا تھا۔

Browse Latest Weird News in Urdu