افریقی ، ایشیائی ہاتھی میں فرق اور ہاتھیوں کے بارے میں چند دلچسپ معلومات

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 12 فروری 2017 23:52

افریقی ،  ایشیائی ہاتھی میں فرق اور ہاتھیوں کے بارے میں چند دلچسپ معلومات

افریقا میں پائے جانے والے ہاتھی، زمین پر سب سے بڑے جانور شمار کیے جاتے ہیں۔ایشیائی ہاتھیوں کے مقابلے میں ان کا سائز کافی بڑا ہوتا ہے۔ انہیں ان کے بڑے بڑے کانوں کی مدد سے آسانی سے پہچانا جا سکتا ہے۔افریقی ہاتھیوں کے کان کو غور سے دیکھیں تو یہ افریقا کے نقشے جیسے لگتےہیں۔ایشیائی ہاتھیوں کا قد کاٹھ افریقی ہاتھیوں سے کافی چھوٹا ہوتا ہےجبکہ ان کے کانوں کی بناؤٹ بھی ذرا سی مختلف ہوتی ہے۔


ہاتھی کے بڑے  کان ان کے لیے ایگزاسٹ فین کا کام کرتے ہیں۔ ان سے ہاتھیوں کو ٹھنڈا رہنے میں مدد ملتی ہے۔ ہاتھی اپنی سونڈ سے خود پر پانی ڈال کر بہت خوش ہوتے ہیں۔ پانی میں نہانے کے بعد یہ مٹی میں بیٹھ جاتے ہیں، جس سے ان کی کھال پر کیچڑ جم جاتا ہے۔ یہ کیچڑ ہاتھی کو سورج کی تپش سے محفوظ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)


ہاتھی اپنی سونڈ یعنی ناک سے سونگھنے، سانس لینے، پانی پینے ، چیزوں کو پکڑنے اور کھانا تلاش کرنے کا کام لیتے ہیں۔

افریقی ہاتھیوں کی سونڈ نیچے سے دو انگلیوں جیسی ہوتی ہے، جس سے یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں بھی پکڑ سکتے ہیں۔ ایشیائی ہاتھیوں کی سونڈ نیچے سے افریقی ہاتھیوں سے مختلف ہوتی ہے۔
نر اور مادہ دونوں ہاتھیوں کے دانت ہوتے ہیں۔ یہ دانت بہت قیمتی ہوتے ہیں۔ ان دانتوں کی وجہ سے ہی انسان اب تک لاکھوں ہاتھیوں کو شکار کر چکے ہیں۔ ہاتھی ان دانتوں سے زمین کھودتے ہیں، درخت سے چھال اتارتے ہیں اور ایک دوسرے سے لڑائی کرتےہیں۔


ہاتھی سبزی خور ہوتے ہیں۔ یہ درختوں جڑیں، گھاس، پھل، درختوں کی چھال اور پتے کھاتے ہیں۔ ایک بالغ ہاتھی دن میں 136 کلوگرام کھانا کھا سکتا ہے۔ ہاتھی بہت کم سوتے ہیں ۔ وہ پانی اور کھانے کی تلاش میں طویل فاصلہ طے کرتے ہیں۔ مادہ ہاتھی اپنے بچوں اور دوسری مادہ ہاتھیوں کے ساتھ رہتی ہے جبکہ نر ہاتھی اکیلے ہی گھومنا پھرنا پسند کرتے ہیں۔مادہ ہاتھیوں میں حمل کا دورانیہ 22 ماہ کا ہوتا ہے۔ بلند قد اور بھاری جسامت کی وجہ سے حمل مادہ ہاتھیوں کے لیے کافی تکلیف کا باعث ہوتا ہے۔
انسان قدیم زمانے سے ہی ہاتھیوں کو سدھا کر اپنے کام میں لا رہے ہیں۔ افریقی ہاتھیوں کو سدھانا کافی مشکل جبکہ ایشیائی ہاتھیوں کو سدھانا کافی آسان ہوتا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu