بیوی نے شوہر کی شرٹ ، چھپے ہوئے 8ہزار ڈالر کے ساتھ، عطیہ کر دی

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 15 فروری 2017 23:44

بیوی نے شوہر کی شرٹ ، چھپے ہوئے 8ہزار ڈالر کے ساتھ، عطیہ کر دی

کیلفورنیا سے تعلق رکھنے والی ایک عورت نے حادثاتی طور پر  8 ہزار ڈالر کے ساتھ اپنے شوہر کی شرٹ عطیہ کردی جو بعد میں انہیں واپس مل گئی۔ پیسوں سمیت شرٹ واپس ملنے پر اس عورت کا کہنا ہے کہ یہ ایک معجزہ ہے۔
65 سالہ بوب ہوفمین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 6 سالوں سے اپنی شرٹ کی جیب میں پیسے جمع کر رہا تھا۔ ان پیسوں کا اس کی بیوی کو بھی نہیں پتا تھا۔ وہ اپنی بیوی کے اٹلی کی سیرکرنے کےخواب کو پورا کرنا چاہتا تھا۔

بوب کا کہنا ہےکہ وہ 10 ہزار جمع ہونے پر اپنی  بیوی کو حیران کرنا چاہتا تھا۔
بوب کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں اس کے ایک رشتے دار کو مشکل حالات نے آن گھیرا تو اس نے اپنی رقم رشتے دار کو دینے کا فیصلہ کیا۔ اس نے جب رقم نکالنے کے لیے شرٹ دیکھی تو شرٹ موجود نہیں تھی۔

(جاری ہے)

بوب نے اپنی بیوی سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ وہ شرٹ تو اس نے  عطیہ کر دی ہے۔

یہ سن کر بوب نے اپنی بیوی کو ساری بات بتا دی اور دونوں اس سٹور کی طرف دوڑے جو پرانے کپڑے جمع کرتا تھا۔ سٹور کے ملازمین نے کپڑوں کے انبار سے شرٹ ڈھونڈنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے۔ پیسے نہ ملنے پر بوب رونے بھی لگ گیا ۔ اگلے دن انہیں سٹور سے کال آئی کہ ان کی شرٹ مل گئی ہے اور اس میں رقم کا لفافہ بھی جوں کا توں موجود ہے۔بوب کی بیوی لنڈا نے اسے ایک معجزہ قرار دیا ہے۔ بوب کا کہنا ہے کہ اس کے رشتے دار کی ضرورت پہلے ہی پوری ہو گئی ہے اس لیے وہ اس رقم سے اٹلی ہی جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu