Aaya Khush Rang Pehnawoon Ka Mausam - Article No. 2738

Aaya Khush Rang Pehnawoon Ka Mausam

آیا خوش رنگ پہناوؤں کا موسم - تحریر نمبر 2738

ہلکے رنگوں کی جگہ گہرے رنگ لے رہے ہیں

جمعرات 18 نومبر 2021

راحیلہ مغل
ہمارا ملک دنیا کے اس خطے میں واقع ہے جہاں ہر چند مہینے بعد موسم بدل جاتا ہے،ہر موسم میں کچھ رنگ آنکھوں کو ٹھنڈے اور کچھ گرم لگتے ہیں۔ان سب باتوں کا تعلق رنگوں کی خصوصیات سے ہے۔ہلکے رنگ حرارت کو جذب کرنے کی بجائے منعکس کرکے واپس بھیجتے ہیں جس سے جسم کو گرمی نہیں لگتی۔چنانچہ سردیوں میں گہرے رنگوں میں آپ خود کو بہتر محسوس کرتی ہوں گی یہی رنگ گرمیوں میں بوجھل اور طبیعت پر گراں لگتے ہیں۔
لباس کا انتخاب کرتے وقت موسم کا خیال رکھنے سے ہم نہ صرف اچھا محسوس کریں گے بلکہ صحت پر بھی بہتر اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ گہرے رنگ طبیعت کو بوجھل کر دیں گے اور ان میں گرمی بھی زیادہ لگے گی۔ اسی لئے گرمیوں میں ہلکے اور سردیوں میں گہرے رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

میں کہہ سکتی ہوں کہ رنگوں کا ایک سیزن ختم اور دوسرا سیزن شروع ہو رہا ہے اس لئے ہلکے رنگوں کی جگہ گہرے رنگ لے رہے ہیں۔

ہر موسم کا ہماری جلد پر الگ اثر ہوتا ہے لہٰذا اس کے مطابق پہناوا بھی الگ ہی ہونا چاہئے۔اگر آپ نے نئے موسم کی تیاری نہیں کی تو آج ہی گرمیوں کے کپڑے پیک کرکے موسم سرما کی تیاری کیجئے۔
خوبصورت لباس انسان کی شخصیت نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔خواتین لباس کے حوالے سے مردوں کی بہ نسبت زیادہ حساس ہوتی ہیں لیکن بعض خواتین اپنے قد اور جلد کی رنگت کا خیال نہیں کرتیں۔
ان دو باتوں کو نظر انداز کرنے سے کپڑے نہیں جچتے۔یہ کوئی مشکل کام نہیں اور تھوڑی سی سمجھ بوجھ سے کام لے کر بہتر لباس کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔اچھے لباس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ قیمتی ہو، بلاوجہ پیسے ضائع کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔سادہ اور اچھے رنگ کا کپڑا ہر آنکھ کو بھلا لگتا ہے۔باوقار لباس دوسروں کو ہی نہیں خود کو بھی بھلا لگتا ہے۔
ہمیشہ اپنی شخصیت کو باوقار بنانے والے لباس کا انتخاب کیجئے،اس مرتبہ موسم سرما میں ڈیزائنرز شوخ گلابی، گہرا پیلا،گرے،بنفشی اور رائل بلیو رنگوں کے انتخاب کا مشورہ دے رہے ہیں۔ان جوڑوں پر ہلکی سی کڑھائی ہو جائے تو جوڑا تقریبات میں بھی پہنا جا سکتا ہے۔
ویسے بھی اچھا نظر آنے کا تعلق رنگ،عمر اور قد سے بھی ہے۔اس لئے اپنے قد کے مطابق لباس کا انتخاب کیجئے۔
لمبے قد والی خواتین کی ڈریسنگ کوئی مسئلہ نہیں ہوتی،مناسب سائز کی شلوار قمیض ان پر زیادہ جچے گی۔چھوٹے قد والی خواتین کو چاہئے کہ وہ ٹراؤزر کے ساتھ لمبی قمیض اور بین والے گلے کا انتخاب کریں۔چھوٹی شرٹ پہننے سے قد مزید چھوٹا نظر آئے گا۔لکیروں یا چھوٹے ڈیزائن بھی پسند کئے جا سکتے ہیں۔میچور ڈریسنگ پسند کرنے والی خواتین پلین شرٹس کا انتخاب کر سکتی ہیں،اچھی لگے گی۔
عمر کے مطابق شرٹس کا انتخاب بھی ضروری ہے۔پلین شرٹس کے ساتھ قمیض یا کُرتے گلے پر ہلکی سی کڑھائی بھی کروائی جا سکتی ہے۔خوبصورتی میں اضافہ ہو گا۔دونوں کا گلا سٹائلش ہونا چاہئے۔کُرتا جینز کے ساتھ اچھا لگتا ہے۔
بھاری یا موٹی خواتین کو ”بھیڑ چال“ سے بچتے ہوئے ایسا لباس پسند کرنا چاہئے جو ان پر اچھا لگے۔سب سے پہلے تو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ انہوں نے وزن کو کم کرنا ہے،صرف خوبصورت نظر آنے کے لئے ہی نہیں بلکہ موٹاپا کئی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے اسے کم کرنا ہی بہتر ہے۔
اس کے بعد ملبوسات پر دھیان دیں۔ایسی خواتین فٹ کپڑے پہننے سے گریز کریں۔ایسے کپڑے ان پر بھدے لگیں گے۔ان پر شرٹ اور بین والا گلا زیادہ اچھا لگے گا،بہت ڈھیلی ڈھالی شرٹ بھی نہیں جچے گی۔کمزور یا پتلی جسامت کی حامل خواتین کھلے اور بڑے پرنٹ پہن سکتی ہیں۔کپڑے ڈھیلے ڈھالے ہوں تو بہتر ہو گا جیسا کہ کھلی فراک۔اس سے پُرکشش نظر آئیں گی۔سانولی رنگت والی خواتین کو چاہئے کہ وہ بہت گہرے رنگ نہ پہنیں۔
ان پر درمیانے رنگ اچھے لگیں گے۔سردیوں میں ہیوی ڈیزائننگ ہو سکتی ہے لیکن اس موسم میں ہمیشہ ہلکے پھلکے ڈیزائن اور ہلکے پرنٹ کا انتخاب کریں،آپ چاہیں تو پھول دار کپڑے کا انتخاب کریں یا پھر سادہ شرٹ پر ڈیزائن کرائیں، موٹاپے کو کم ظاہر کرنے اور چھوٹے قد کو بڑا ظاہر کرنے کیلئے سیدھی لائنوں والے ملبوسات موزوں رہتے ہیں اور دبلے پتلے لمبے قد کیلئے ٹیڑھی لائنز اور ڈاٹس والے ڈیزائن بہتر ہیں۔
موسم سرما میں برقعے پہننے والی خواتین کے لئے کپڑوں،رنگوں اور ڈیزائنز میں بھی تبدیلی آ جاتی ہے۔کالے رنگ کی بجائے سبز،سکن کلر،نیلے اور ہلکے رنگوں کے برقعوں کو بھی ٹرائی کیجئے۔منفرد نظر آئیں گی۔بیرونی دنیا میں بھی یہی رنگ زیادہ مقبول ہو رہے ہیں۔
جن خواتین کی فکر متناسب ہے وہ تو سردیوں کا انتظار شاید اسی لئے کرتی ہوں گی کہ انہیں دیدہ زیب سویٹر پہن کر مزید خوبصورت ہونے کا موقع مل جائے گا۔
کہتے ہیں کہ سردیوں کا موسم تیز رنگوں کا موسم ہوتا ہے اور یہ رنگ سب سے زیادہ سویٹرز ہی میں نظر آتے ہیں۔
ویسے بھی کہتے ہیں کہ عورت خواہ کسی بھی دیس یا مذہب سے تعلق کیوں نہ رکھتی ہو دیدہ زیب ملبوسات میں اس کی جان اٹکی رہتی ہے یہی وجہ ہے کہ جیسے جیسے موسم بدلتے ہیں‘ویسے ویسے ان کے لباس میں تبدیلی بھی ناگزیر ہوتی جاتی ہے۔خصوصاً موسم سرما کی آمد آمد ہو تو موسم کی وجہ سے انہیں زیادہ موقع ملتا ہے نئے نئے کپڑے اور اسٹائل اپنانے کا۔
اس طرح ایک تو سردی سے بچاؤ ممکن ہو جاتا ہے دوسرا زیادہ سے زیادہ فیشن ایبل لگنے کی کسک بھی مٹ جاتی ہے۔اگر آپ بھی فیشن ایبل انداز اپنانا چاہتی ہیں تو ڈھیر سارے کپڑوں کو لادنے کی بجائے وقت اور ضرورت کے مطابق موزوں لباس کے انتخاب کا گُر سیکھنے کی کوشش کریں۔اسی طرح آپ کی تیاری فیشن اور ضرورت کے عین مطابق ڈھل جائے گی۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Aaya Khush Rang Pehnawoon Ka Mausam" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.