Anarkali Frocks - Article No. 2824

Anarkali Frocks

انارکلی فراکس - تحریر نمبر 2824

ان کا شاہانہ پن آج بھی اپنی آب و تاب کے ساتھ موجود ہے

بدھ 2 مارچ 2022

راحیلہ مغل
ہمارے یہاں عموماً ہر سال مختلف فیشن شوز کا انعقاد کیا جاتا ہے،جس میں نت نئے انداز کے ملبوسات متعارف کروائے جاتے ہیں۔فیشن کی دنیا ویسے تو دن رات بدلتی رہتی ہے،تاہم کچھ فیشن یا ملبوسات ایسے ہوتے ہیں،جو وقت گزرنے کے بعد بھی پرانے نہیں ہوتے،ان میں تھوڑی بہت تبدیلی ضرور کی جاتی ہے،تاہم وہ فیشن سے کبھی ”آؤٹ“ نہیں ہوتے۔
ان میں سے ایک ”انارکلی فراکس“ ہیں۔کبھی بڑے گھیر والی انارکلی فراکس آپ کو ڈیزائنرز کی نئی کلیکشن میں نظر آئے گی تو کبھی ان کا گھیر کم کرکے انہیں فیشن شوز میں متعارف کروا دیا جاتا ہے۔ کبھی ان کی لمبائی پیروں تک آتی ہوئی ہوتی ہے،تو کبھی ان کی لمبائی گھٹنوں تک کرکے انہیں پہنا جاتا ہے۔غرض یہ ہے کہ نیٹ ہو یا شیفون، سلک ہو یا کاٹن،انارکلی فراکس آپ کو ہر طرح کے کپڑے اور انداز کے ساتھ مارکیٹس میں بکتی ہوئی نظر آئیں گی۔

(جاری ہے)


ان دنوں بھی سادہ سی پیروں تک آتی ہوئی انارکلی فراکس پاکستانی فیشن کی دنیا میں چھائی ہوئی ہیں اگر شادیوں کی تقریبات کیلئے انارکلی فراک خریدنی ہے تو کوشش کریں کہ وہ سلک،آرگنزا،نیٹ یا شیفون سے تیار کردہ ہوں،ان پر ایمبرائیڈری کی گئی ہو یا انہیں لیسز لگا کر خوبصورت بنایا گیا ہو۔وہ لڑکیاں،جن کی شادی ہو رہی ہے وہ اپنی مہندی کے فنکشن کیلئے پیلے،ہرے یا گلابی رنگ کے کمبی نیشن کے ساتھ انارکلی فراک اور چوڑی دار خرید کر پہن سکتی ہیں۔
اگر گرمیوں کے دوران دن کے کسی فنکشن میں پہننے کیلئے خریدنی ہے تو کوشش کریں کہ کاٹن یا لان سے تیار کردہ سادہ یا پرنٹڈ فراک خریدیں،ان کپڑوں سے تیار کردہ فراکس ہوا دار ہوتی ہیں اور انہیں پہننے کے بعد گرمی نہیں لگتی۔اگر کسی فنکشن کیلئے بھاری ایمبرائیڈری والی فراک کا انتخاب کیا ہے تو کوشش کریں کہ اس کا دوپٹہ سادہ ہو،اگر سادہ سلک کی فراک پہن رہی ہیں تو اس کے ساتھ جیکارڈ یا آرگنزا کا ایسا دوپٹہ خریدیں،جس کے کناروں پر زری یا دبکے کا کام کیا گیا ہو یا جس پر بلاک پرنٹنگ اور لیسز لگا کر اسے خوبصورت بنایا گیا ہو۔

آج کل ایسی انارکلی فراکس بھی چل رہی ہیں،جن کے درمیانی حصے میں پیٹی سے لے کر نیچے تک فراک میں کٹ لگا ہوا ہوتا ہے،اس کے ساتھ ڈھیلا ٹراؤزر پہنا جاتا ہے،ایسی فراکس بھی پہننے کے بعد خوبصورت لگتی ہیں۔اگر گھٹنوں تک آتی ہوئی فراکس خریدنے کا ارادہ ہے تو اس کے ساتھ گھیر والی شلوار یا ٹیولپ شلوار کا انتخاب کریں۔انارکلی فراکس چاہے پیروں تک آتی ہوئی ہو یا گھٹنوں تک کی لمبائی پر مبنی ہو،ان کے ساتھ لمبی ہیل والی سینڈل پہننا مناسب رہتا ہے۔
خاص طور پر ایسی لڑکیاں جن کا قد دراز نہیں ہے،انہیں اس طرح کی فراکس کے ساتھ ہائی ہیلز ضرور پہننی چاہئیں۔انارکلی فراکس کا فیشن صدیوں پُرانا ہے،سب سے پہلے اسے مغل زمانے میں تیار کیا گیا،اسی دور کی مناسبت سے اس کا نام انارکلی رکھا گیا،اُس دور میں اسے مہنگے اور قیمتی ترین ریشمی کپڑے سے تیار کیا جاتا تھا،ساتھ ہی اس پر چاندی اور سونے کا کام کیا جاتا تھا،جس کی وجہ سے ابتداء میں یہ پہناوا صرف مغلیہ خاندان کی ملکہ اور شہزادیاں وغیرہ ہی پہنا کرتی تھیں۔
تاہم بعد میں اسے عام خواتین کیلئے بھی تیار کیا جانے لگا،یہی وجہ ہے کہ اب اسے پاکستان،انڈیا اور بنگلہ دیش میں بھی خواتین پہنتی ہیں۔اس فراک کی ساخت ایسی ہوتی ہے کہ لڑکیاں اسے پہننے کے بعد خود کو شہزادی کی مانند سمجھنے لگتی ہیں اور ان کے بیٹھنے،اُٹھنے کے انداز میں نزاکت اور وقار سا محسوس ہونے لگتا ہے۔
یہ بات سچ ہے کہ اچھا لباس انسان کو پرُاعتماد بنا دیتا ہے،لہٰذا جب اچھے انداز سے سلی ہوئی انارکلی فراکس خواتین پہن لیں گی تو وہ خود کو پُراعتماد محسوس کرنے لگیں گی،یہ ایک ایسا پہناوا ہے،جسے ہر عمر کی خواتین بہ آسانی پہن سکتی ہیں،تاہم بڑی عمر کی خواتین کو ہلکے رنگوں سے تیار کردہ فراک کا انتخاب کرنا چاہئے۔
ویسے وقت کے ساتھ ساتھ انارکلی فراکس کی ہئیت میں تبدیلی آئی ہے،لیکن یہ حقیقت ہے کہ انارکلی فراکس کبھی فیشن سے آؤٹ نہیں ہوئیں،لڑکیاں اس روایتی پہناوے کو کبھی بھی،کسی بھی فیشن میں آرام سے پہن سکتی ہیں اور جاذب نظر آ سکتی ہیں۔
اگر آپ دن کے وقت کسی تقریب میں انارکلی فراک پہننے کا ارادہ رکھتی ہیں تو سفید رنگ کی چکن کاڑی سے سجی دلکش انارکلی فراک بنوائیں یا پھر اسے زری کے کام،کٹ رانی،شیشہ ورک،ہاتھ کی کڑھائی،دلفریب سٹائل اور دلکش رنگ اسے کسی پُرتکلف تقریب کے لئے بہترین انتخاب ثابت کر سکتے ہیں۔
آج کل ہم دیکھتے ہیں کہ مختلف فیشن شوز میں بڑے گھیر والی انارکلی فراکس ڈیزائنرز کی کلیکشن میں نظر آتی ہیں تو کبھی ان کا گھیر کم کرکے فیشن شوز میں متعارف کروا دیا جاتا ہے۔کبھی ان کی لمبائی پیروں تک آتی ہوئی ہوتی ہے،تو کبھی ان کی لمبائی گھٹنوں تک کرکے انہیں پہنا جاتا ہے۔
غرض یہ ہے کہ نیٹ ہو یا شیفون،سلک ہو یا کاٹن،انارکلی فراکس آپ کو ہر طرح کے کپڑے اور انداز کے ساتھ مارکیٹس میں بکتی ہوئی نظر آتی ہے۔
پیروں تک آتی انارکلی فراکس میں شیشہ ورک اور کالے رنگ کے دھاگوں کی ایمبرائیڈری دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتی ہے۔یہ لباس رات کی کسی تقریب کیلئے بہترین انتخاب ہے۔مارکیٹ میں اس وقت دو طرح کی فراکس دستیاب ہیں،پیپلم انداز کی لمبائی میں کم فراک پہننے کی خواہشمند لڑکیوں کو ان کی پسند کے مطابق بھی فراک آسانی سے مل جائے گی۔شیشہ ورک پر مبنی فراکس مہندی کے فنکشن کیلئے بھی بہترین ثابت ہوتی ہے۔کئی انداز کے بلوچی اور پشتو روایتی پہناوؤں میں بھی شیشہ ورک کیا جاتا ہے،لڑکیاں چاہیں تو اس انداز کے کپڑے بھی اپنے وارڈ روب کا حصہ بنا سکتی ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Anarkali Frocks" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.