Aroosi Malbosat Ko Dein Naya Roop - Article No. 3090

Aroosi Malbosat Ko Dein Naya Roop

عروسی ملبوسات کو دیں نیا روپ - تحریر نمبر 3090

شادی بیاہ کی سج دھج تو ان سے ہے

جمعرات 9 مارچ 2023

ماضی میں اتنے مہنگے عروسی ملبوسات کا رواج نہ تھا۔عموماً گھروں میں ہی خواتین گوٹے،سلمے،دبکے اور زری کا کام کر کے ملبوسات تیار کرتی تھیں۔کچھ صاحب حیثیت گھرانوں میں ان پر سونے کے تار سے کڑھائی بھی کی جاتی تھی۔عموماً ایسے ملبوسات خواتین اپنی بہن بیٹی کے جہیز کے لئے سنبھال کر رکھ لیا کرتی تھیں اور کئی خاندانوں میں ایسے ملبوسات نسل در نسل چلا کرتے،مگر اب مہنگائی کے باوجود بیش قیمت جوڑے ایک بار پہن کر رکھ دیے جاتے ہیں۔
اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ یہ اس قدر کام دار ہوتے ہیں کہ انہیں دوبارہ پہننے میں جھجھک محسوس ہوتی ہے۔ایسے عروسی جوڑوں کو ان کے معیار کی مناسبت سے دوبارہ قابل استعمال بنایا جا سکتا ہے۔شرارے کی پشواز،فراک،اے لائن شرٹ وغیرہ بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سامنے کے حصے کو پیچھے کی طرف لے جائیں اور پیچھے کا کپڑے کا حصہ آگے کی طرف سلوا کر اوپر چھوٹی باڈی کا کپڑا سی کر جوڑ لیں،اس کے گلے پر کوئی نازک سی بیل ٹانک لیں۔

یہ خوب صورت میکسی بن جائے گی۔شرارے کا بلاؤز بنوا کر میچنگ کی قمیض نہایت بھلی معلوم ہو گی۔شرارے کی قمیض اگر تنگ ہو گئی ہو تو دونوں اطراف کی سلائی کھول کر اندر ایک اور قمیض بنا لیں۔اس پر اس قمیض کی ڈیزائننگ کر لیں یا اس قمیض کے دونوں اطراف خوب صورت کپڑے کے اتنی ہی لمبائی کے ٹکڑے یا لیس چوڑائی والی لیس یا ڈوریاں لگا کر قمیض کے چاک تک سی لیں تو خوب صورت اسٹائلش قمیض بن جائے گی۔

مشرقی عروسی ملبوسات میں دوپٹے بھی بہت زیادہ خوبصورت ہوتے ہیں۔دوپٹے کو آپ کسی سادہ شلوار قمیض یا کُرتے پاجامے کے اوپر بھی اوڑھ سکتی ہیں،اس کے علاوہ دوپٹے سے کوٹ بنایا جا سکتا ہے۔سادہ شلوار قمیض پر دوپٹے کا کوٹ بنا لیجیے یا شرارے کے دوپٹے کو کوٹ بنا کر شرارے اور اس کی قمیض کے ساتھ ہی زیب تن کریں۔ساتھ میچنگ کا سادہ دوپٹہ لے لیں۔
آپ کے لباس میں ایک بالکل نیا پن آ جائے گا۔عروسی شلوار قمیض یا کُرتا اور چوڑی دار پاجامہ استعمال میں لانے کے لئے قمیض کے رنگ کی مناسبت کا ٹراؤزر سلوا لیں اور کوئی دوسرا دوپٹہ لے لیں۔خیال رہے کہ اگر قمیض بھاری،کام دار ہے،تو ٹراؤزر اور دوپٹہ سادہ ہونا چاہیے۔اسی طرح چوڑی دار پاجامہ یا شلوار بھاری کام دار ہیں،تو سادی قمیض سی لیں۔قمیض پر پتلی بنارسی پٹی دامن اور آستینوں پر لگا لیں یا کوئی ڈوری یا لیس یا بیل یا ربن وغیرہ سے ہلکی سی ڈیزائننگ کر لیں۔دھیان رہے کہ ڈیزائننگ ہلکی پھلکی ہو۔اس طرح نیا لباس تیار ہو گا۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Aroosi Malbosat Ko Dein Naya Roop" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.