Badalte Mausam Mein Khilte Rangon Ki Barkha - Article No. 3065

Badalte Mausam Mein Khilte Rangon Ki Barkha

بدلتے موسم میں کھلتے رنگوں کی برکھا - تحریر نمبر 3065

جوبن صرف موسم پر نہیں لباس اور شخصیت پر بھی آتا ہے

جمعرات 2 فروری 2023

دو مختلف رنگوں کو باہم ملا کر ترتیب دیئے جانے والے ملبوسات ایک عرصے سے پسند کئے جا رہے ہیں۔80ء کی دہائی میں عروج پانے والا یہ رجحان Mix & Match آج بھی مقبولیت کھو نہیں سکا۔عام طور پر ہم کھلتے ہوئے رنگوں کے کپڑے خریدتے ہیں جو ہماری جلد کی رنگت،انفرادی اسٹائل اور مروجہ فیشن کے تقاضے پورے کرتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ بازار میں ہمیں مختلف طبقات کے لئے مکس اینڈ میچ کے رجحان کی ترجمانی کرنے والے لباس دستیاب ہو جاتے ہیں۔
معروف ڈیزائنرز بھی شائقین کے انتخاب کے رجحان پر گہری نگاہ مرکوز رکھتے ہیں انہیں ماہر طبیب کی طرح ان کی نبض ٹٹولنا خوب آتا ہے۔اصل میں کپڑے کی مارکیٹ خواتین شائقین ہی کے دم سے آباد ہے۔وہی اس کی رونق ہیں۔
جمالیاتی پہلو
زندگی کی امنگ،ولولہ،جوش و جذبہ اور دلکش نظر آنے کے تصورات کہاں موجود نہیں۔

(جاری ہے)

اب لباس خواتین کے ہوں،مردوں کے یا بچوں کے۔

زیر استعمال دیگر اشیاء مثلاً غسل اور میک اپ کے سامان تک ہر چیز میں ندرت خیال کی آمیزش نظر آتی ہے۔ہر موسم کے لباس مختلف مٹیریل کے ہو سکتے ہیں۔اسی طرح اشیاء میں کبھی لپ گلوز تو کبھی پیٹرولیم جیلی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔غرضیکہ آئے دن لباس اور اس کے لوازمات میں متنوع اشیاء اور رجحان میں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں۔
رنگوں کا ملا جلا رجحان
آپ نے بازاروں میں موجود کپڑے پرائمری رنگوں (نیلے،زرد اور سرخ) کے ساتھ سیکنڈری رنگوں (نارنجی،سبز اور بنفشی) میں دیکھے ہوں گے۔
یہ شوخ رنگ ایک دوسرے کی نسبت سے دیدہ زیب معلوم ہوتے ہیں۔انہیں Chromatic سرکل کے رنگ کہا جاتا ہے۔ابتدائی یا بنیادی اور ان میں سے کسی دو رنگوں کو ملا کر بنائے جانے والے مخلوط رنگ کے ملبوسات بھی پسند کئے جاتے ہیں۔مکس اینڈ میچ کے اس تصوراتی خاکے کے مطابق آپ پر کیسے رنگ جچیں گے،زیر نظر مضمون میں انہی نکات پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔
سادگی اور پرتکلف انداز
سیاہ رنگ فیشن کی دنیا میں پیش پیش رہتا ہے۔
تقریبات کے لباس ہوں یا عام روزمرہ کے پہناوے،سیاہ رنگ دوسرے رنگوں کے ساتھ مل کر دیدہ زیبی کے نقوش مرتب کرتا ہے۔رنگوں میں سیاہی کی قدر شامل کر لی جائے مثلاً نیلے رنگ کو کالے رنگ سے ہم آہنگ کر کے گہرا نیلا کر دیا جائے اور خاکی رنگ کو بھی اسی طرح سیاہی مائل کیا جائے تو یہ دونوں امتزاج نہایت دلفریب معلوم ہوتے ہیں۔دوسری کاوش یہ ہو سکتی ہے کہ آپ سیاہ رنگ کو سفید،سرمئی اور ہلکے بھورے رنگ کے ساتھ استعمال کریں،دیکھا جائے تو یہ امتزاج بھی دلآویز ہوتا ہے۔
لان اور کیمبرک کے علاوہ ملائی لان،سوتی اور ریشمی مٹیریل میں بھی یہ رجحان موجود ہے۔
احتیاطی تدابیر
پیچیدہ اور اُلجھے ہوئے پرنٹس کو چیک یا پھولدار ڈیزائن کے کپڑوں کے ساتھ استعمال نہ کرنا بہتر ہے۔اس طرح ان ڈیزائنوں کو نگاہیں قبول نہیں کرتی۔آپ بصری طور پر اُلجھ جاتی ہیں۔اس لئے سادہ ڈیزائن نگاہوں کو زیادہ بھلے لگتے ہیں۔
بعض پرنٹس دوسرے پرنٹس کے ساتھ مل کر دو آتشہ بھی معلوم ہوتے ہیں۔مکس اینڈ میچ کی ایک اور شکل یوں وضع ہو سکتی ہے کہ آپ نیوٹرل ٹونز بھی ہلکے،ملے جلے،بھورے یعنی نیم سفید رنگ کو Tights اور Jeans کے لئے مخصوص کریں اور قمیض یا Tops پرنٹس والے کپڑے کی بنائیں۔
کبھی بھی ایک آؤٹ فٹ میں تین سے زائد رنگوں کی آمیزش نہ کریں بلکہ رنگوں کے شیڈ کارڈز دیکھ کر لباس کے رنگ کا فیصلہ کریں۔
اس طرح آپ کا قیمتی وقت اور سرمایہ دونوں محفوظ رہیں گے۔
عام طور گہرا بھورا یا بادامی رنگ پیچیدہ رنگوں میں شمار ہوتا ہے۔کہتے ہیں کہ اس رنگ سے کسی اسٹائل کو تخلیق کرنا آسان مرحلہ نہیں ہوتا تاہم اگر آپ زرد،سفید مائل مدھم زرد یا کافوری رنگ کو بادامی رنگ کے ساتھ باہم ملائیں تو یہ مکس اینڈ میچ خوبصورت تاثر دے گا۔
نیلے رنگ کے ساتھ سفید رنگ شامل کیا جائے تو آسمانی رنگ دلفریب تاثر دیتا ہے۔
گرمیوں میں یہ نگاہوں کو بھلا معلوم ہوتا ہے۔سردیوں کے موسم میں سیاہی مائل نیلا رنگ بھورے،سرمئی،سرخ اور برگنڈی (لال) شیڈز میں نہایت شاندار دکھائی دے گا۔نیوی بلو (بحریہ کی وردی جیسا گہرا نیلا) رنگ پہن کر خواتین کسی طرح شہزادی سے کم نہیں نظر آتیں۔
سبز رنگ اب زیادہ پہنا جانے لگا ہے لیکن دبیز سبز یا زیتونی رنگ زیادہ مقبول ہے۔سمندری سطح پر اُبھرنے والا سبزی مائل رنگ اپنی ہیئت میں خاصا پرکشش ہوتا ہے جو سرمئی رنگ کے شیڈز کے ساتھ پسند کیا جاتا ہے۔

Ombre یہ کوئی ایک مخصوص رنگ نہیں ہوتا مگر بتدریج ہلکے سے گہرا ہوتا چلا جاتا ہے۔یہ رنگ ہر سال کسی نہ کسی مٹیریل میں ضرور آتا ہے اور اکثر مختلف رنگوں کی قدروں کو آگے سے آگے رواں دواں رکھتا ہوا نہایت پرکشش دکھائی دیتا ہے۔سفید رنگ بھی غیر جانبدارانہ پہلو رکھتا ہے اور ہر رنگ کے ساتھ مل کر پیارا سا تصور قائم کر لیتا ہے۔سیاہ رنگ کے ساتھ باہمی اشتراک عمل سے آپ کی شخصیت کو پروقار،باذوق اور نفیس الطبع ظاہر کرتا ہے۔سفید رنگ سرخ،نیلے،زردی مائل رنگوں اور بھورے رنگ کے امتزاج سے کھلتا ہوا محسوس ہوتا ہے،غرضیکہ رنگوں کا یہ امتزاج اور دلکش اسلوب آپ کو زندگی کے قریب لے آتا ہے اور آپ باوقار دکھائی دیتی ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Badalte Mausam Mein Khilte Rangon Ki Barkha" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.