Basant Rang Ke Pehnawe - Article No. 2540

Basant Rang Ke Pehnawe

بسنت رنگ کے پہناوے - تحریر نمبر 2540

سفید رنگ کو موسم بہار کا سب سے پیارا رنگ کہا جاتا ہے

ہفتہ 6 مارچ 2021

راحیلہ مغل
ہمارے ملک میں چاروں موسم بدل بدل کر آتے ہیں۔ہر موسم کا ہماری جلد کے ساتھ ساتھ ہمارے لباس پر بھی اثر ہوتا ہے۔اور اگر بات کی جائے موسم بہار کی تو اس موسم کی اور اس کے پہناووں کی بات ہی کچھ اور ہے،کیونکہ جب موسم بہار آتا ہے تو ہر شے پر نکھار سا آجاتا ہے اور ایسے میں آپ کے اردگرد موجود پیڑ پودوں اور پھولوں کی آب و تاب تو بڑھ ہی جاتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ فیشن انڈسٹری پر بھی گویا بہار آجاتی ہے۔
دنیا بھر کے فیشن ہاؤسز موسم بہار کیلئے نت نئے اور فیشن کے دیگر لوازمات پیش کرتے ہیں،لہٰذا اس کے مطابق پہناووں کا بھی الگ ہی انداز ہوتا ہے۔
خوبصورت لباس انسان کی شخصیت نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اچھا لباس پہن کر انسان دوسروں کو ہی نہیں‘اپنے آپ کو بھی اچھا لگتا ہے۔

(جاری ہے)

خوبصورت لباس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ مہنگا اور قیمتی ہو،بلکہ سادہ اور اچھے رنگ کا کپڑا ہر کسی کی آنکھوں کو بھلا لگتا ہے۔

خواتین اپنے لباس کے حوالے سے مردوں کی نسبت زیادہ حساس ہوتی ہیں،لیکن ان میں بعض اس بات کی پرواہ نہیں کرتیں کہ لباس ان کے قد کاٹھ اور جلد کی رنگت کے مطابق ہے یا نہیں۔ایسے میں کپڑے ان پر ٹھیک طرح سے نہیں جچتے۔یہ کوئی مشکل کام نہیں اور تھوڑی سی سمجھ بوجھ کے ساتھ ایک بہترین لباس کو چنا جا سکتا ہے۔اب چونکہ موسم بھی کروٹ لے رہا ہے اور سردی اب بہار کے موسم میں بدلنے لگی ہے۔
اگر آپ نے ابھی تک اپنی الماری سیٹ نہیں کی تو یہ بہترین موقع ہے کہ سردیوں کے کپڑے سنبھال کر بہار کے موسم کی تیاری کریں۔
دراصل بہار کی ہر رت ہی نرالی ہے۔یہ موسم خوشگوار اور ہر دلعزیز تو ہے ہی ،اس میں ہر رنگ منفرد اور ہر لباس بھی من موہنا لگنے لگتا ہے۔جیسے بہار مزاج کو بدل دیتی ہے ایسے ہی موسم کی مناسبت سے فیشن میں ان ہونے والے دلفریب ملبوسات اپنی دلکشی کے باعث ایک منفرد حیثیت حاصل کر لیتے ہیں۔
سردیوں میں روکھے پھیکے سویٹر اور شالوں سے دل بھر جانے کے بعد بہار کے خوش رنگ ملبوسات نگاہوں کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔لیکن بہار کے آنے پر جذباتی نہ ہو جائیں بلکہ سوچ سمجھ کر اپنے پر بہار ملبوسات سے لگانے کی تیاری کریں۔اس کے لئے پہلے یہ جان لینا ضروری ہے کہ آج کل کس قسم کے ملبوسات پسند کیے جا رہے ہیں۔عام طور پر فیشن انڈسٹری میں آجکل طویل اور مختصر لمبائی والی فراکیں راج کرتی نظر آتی ہیں۔
یہ فراکیں انگرکھا اسٹائل میں بھی ہیں،پشواز کے روایتی انداز میں بھی اور مغربی گاون ڈریس کی شکل میں بھی۔
جنہیں اپنی پسند کے مطابق اپنایا جا سکتا ہے اور ان پر اپنی مرضی کے ڈیزائن بنوا کر پرنٹڈ اور ایمبرائیڈڈ ملبوسات تیار کروائے جا سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ نئے انداز کی ان فراکوں کو سلوانے میں عام قمیض سے زیادہ کپڑا درکار ہوتا ہے لہٰذا ملبوسات کی شاپنگ کرتے وقت اس بات کو مد نظر رکھیں اور فراک کے لئے کم از کم پانچ گز کپڑا ضرور خریدیں۔
ویسے تو سب رنگ ہی خوبصورت اور دلکش ہوتے ہیں لیکن موسم بہار کے لئے کچھ رنگ مخصوص ہوتے ہیں۔اس موسم میں ہلکے رنگوں کا انتخاب بہترین ہے جن کے حامل کپڑے پہن کر آپ خود کو ہلکا پھلکا محسوس کریں گے۔ہلکے رنگ حرارت کو جذب کرنے کی بجائے منعکس کرکے واپس بھیجتے ہیں،جس سے جسم کو گرمی نہیں لگتی۔سفید رنگ کو موسم بہار کا سب سے پیارا رنگ کہا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ ہلکا گلابی اور آسمانی رنگ بھی شخصیت میں نکھار پیدا کرتا ہے۔کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ بعض رنگ پہن کر آپ خود کو ٹھنڈا اور بعض کو پہن کر آپ گرم محسوس کرتی ہیں؟ان سب باتوں کا تعلق رنگوں کی خصوصیات سے ہے۔
آج کل چونکہ شادی بیاہ کا سیزن چل رہا ہے لہٰذا مختلف ڈیزائنرز کی جانب سے عروسی ملبوسات کی خوبصورت اور جدید کولیکشن متعارف کروائی جا رہی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ شادی بیاہ اور فیسٹیولز کے لئے لگژری پرنٹ کولیکشن بھی تقریبات کو چار چاند لگا رہی ہے۔وہ لوگ جو جدید ملبوسات اور فیشن کے دلدادہ ہیں اور ہر نئے فیشن سے باخبر رہنا چاہتے ہیں ان کے لئے یہ بات بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے کہ اس وقت فیشن میں کیا ان ہے اور مارکیٹ میں کیا دستیاب ہے۔لگژری پرنٹ کولیکشن عموماً شیفون،نیٹ،پیور سلک،ویلوٹ اور آرگنیزا پر مشتمل ہوتی ہے جسے ایمبیلشمنٹ اور ایمبرائیڈری مزید منفرد بنا دیتی ہے۔
ڈیجیٹل پرنٹس ملبوسات کو مزید جاذب نظر بنا دیتے ہیں۔گوٹہ،زردوزی اور آری کا کام ملبوسات کو سجا دیتے ہیں۔اگر ورائٹی کی بات کی جائے تو لیلن،شارٹ کرتا،کاٹن،نیٹ،ڈیجیٹل پرنٹڈ پشواز،ٹشو جیکٹ،ساڑی ،لانگ شرٹ سائیڈ اوپن،کرنڈی کرتا،شارٹ فرنٹ اوپن جیکٹ،ویلوٹ شرٹ،بلاک پرنٹڈ لانگ کرتا اور دیگر اسٹائلز بازاروں کی رونق بنے ہوئے ہیں جن سے موسم کا رومان بھی جھلکتا ہے اور ڈیزائنر کا ذوق اور محنت بھی۔ایمبرائیڈری کے ساتھ ڈیزائنرز فلورل پرنٹس پر بھی فوکس کرتے نظر آتے ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Basant Rang Ke Pehnawe" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.