Eid Ulfitr Par Lawn Aur Shafoon K Malbosat Khawateen Ki Tawajah Ka Markaz - Article No. 2086

Eid Ulfitr Par Lawn Aur Shafoon K Malbosat Khawateen Ki Tawajah Ka Markaz

عیدالفطرپرلان اور شفون کے ملبوسات خواتین کی توجہ کا مرکز - تحریر نمبر 2086

جالی پر تھری ڈی کام،سیکونس،مشینی کڑھائیاں اور لیسوں سے جوڑوں کو سجایا جارہا ہے

پیر 3 جون 2019

عنبرین فاطمہ
ملک بھر میں”عیدالفطر“کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ہیں۔خواتین کارش شدید گرمی کے باوجودبازاروں اور مارکیٹوں میں دیدنی ہے۔بازاروں ،مارکیٹوں ،شاپنگ سنٹرز ،شاپنگ مالز سے بچوں بڑوں کے ریڈی میڈگارمنٹس،جوتوں ،میچنگ جیولری،چوڑیوں ،مہندی ،ٹیلر شاپس،بیوٹی پارلروں ،دوپٹے ڈائی کرنے والوں ،پھیونیوں اور بیکری کی اشیاء کی خریداری کے لئے رش بڑھ گیا ہے ۔
مارکیٹ میں کپڑوں کی خریداری کرنے والی خواتین کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
اس بار پھر عیدالفطر موسم گرما میں ہے اس لئے لان اور شفون کے ملبوسات کو ترجیح دی جارہی ہے ،موسم کی مناسبت سے ڈیزائنرز بھی لان اور شفون کے ملبوسات پر تجربات کر رہے ہیں۔اس برس کے فیشن ٹرینڈز کی بات کرنے سے پہلے ہم بات کریں گے تیزی سے سر اٹھاتی مہنگائی کی،ڈیزائنرز کا کہنا ہے کہ پہلے کلائنٹس بیش بہا نخرے کیا کرتے تھے کہ ایسے نہیں ایسے جوڑا تیار کرکے دیں لیکن اب انہی کلائنٹس کی کوشش ہے کہ کم پیسوں میں ایسا ریڈی میڈجوڑا مل جائے جس سے ہمارا کام چل جائے اور عید جیسا موقع خیریت سے گزر جائے ۔

(جاری ہے)


اس برس مہنگائی نے عام عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ہر چیز کا ریٹ دگنا ہے جس کی وجہ سے عام عوام خاصی پریشانی کا شکار ہے لیکن عید ایک ایساموقع ہے جس کو ہر کوئی اپنی چادر کے حساب سے منانا چاہتا ہے یہی وجہ ہے کہ خواتین مارکیٹیوں کے چکر لگاتی رہتی ہیں تاکہ ان کو ان کے بجٹ کے اندر کوئی چیز مل جائے ۔جہاں تک 2019ء کے فیشن ٹرینڈز کی بات ہے تو اس سال بھی جو فیشن ٹرینڈز چل رہے ہیں وہ گزشتہ7/8برسوں کے فیشن ٹرینڈز کا مکسچر ہیں یعنی اس وقت لمبی اور چھوٹی قمیضیں دونوں پسند کی جارہی ہیں خصوصی طور پر شرارے کے ساتھ ان کو زیب تن کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ اس وقت مارکیٹ میں ہر قسم کی جالی دستیاب ہے جس پر تھری ڈی کام کے علاوہ سیکونیس ،موتی کٹ دانہ ،نیز ہر قسم کا کام دستیاب ہے انہیں بھی بہت پسندکیا جارہا ہے ۔باقاعد ہ طور پر ان سے جوڑوں کو سجایا جارہا ہے ۔لان کے جوڑوں پر مشینی کڑھائی کو پسند کیا جارہا ہے ۔لان اور شفون کے علاوہ چائنہ کے کپڑے ٹرینڈ میں ہیں ،لانگ شرٹس ،فراک اور میکسی ٹائپ شرٹ،چھوٹی قمیض کے ساتھ شرارہ اور سیگریٹ پینٹس ابھی تک چل رہی ہیں۔
ایک وقت تھا جب ہاتھ کی کڑھائی بہت پسند کی جاتی تھی لیکن اب مشینی کڑھائی پسند کی جارہی ہے بلکہ اب مختلف قسم کی لیسوں سے ملبوسات سجائے جارہے ہیں۔
ٹیولپ،کیپری ،دھوتی،کھلے پائنچے کی شلواریں ابھی تک فیشن میں مقبول ہیں اور کُرتا تو سدا بہار ہے فیشن آتے جاتے رہتے ہیں لیکن کُرتے کی پسندیدگی کا فیشن نہیں جاتا۔اس کے علاوہ دوپٹوں پر مشینی کڑھائی کے علاوہ انہیں لیسوں کے ساتھ سجایا جارہا ہے۔
ایک لیس سے جوڑے کو سجانے کا رواج گیا اب تو ایک سے زائد لیسوں کے ساتھ جوڑوں اور دوپٹوں کو سجایاجارہا ہے ۔
عید کے فیشن ٹرینڈز کے حوالے سے فیشن ڈیزائنر ”کامیارروکنی“کاکہنا ہے کہ عید الفطر ہویا عید الاضحی ڈیزائنرز کے لئے دونوں مواقع ایک جیسے ہوتے ہیں کیونکہ دونوں عیدوں پر ڈیزائنرز کلیکشن متعارف رکروائی جاتی ہے میں چونکہ زیادہ تر برائیڈل وئیر پر کام کرتا ہوں اس لئے جب بھی عید شادیوں کے سیزن میں آتی ہے تب میری کوشش ہوتی ہے کہ ایسی کلیکشن متعارف کرواؤں جو ٹرینڈسیٹر کہلائے۔

پاکستان میں اس وقت ہر قسم کا فیشن چل رہا ہے ہر کوئی اپنی پسند اور جسمامت کے لحاظ سے ٹرینڈی اور فیشن کے مطابق ملبوسات زیب تن کر سکتا ہے۔میں دیکھ رہا ہوں کہ اس وقت مارکیٹ میں طرح طرح کے برینڈز آچکے ہیں اور ہر کوئی اپنے حساب سے بہترین کام کررہا ہے لیکن عید ہو یا کوئی خوشی کا ایسا موقع جسے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منایا جاتا ہے اس میں فیشن ڈیزائنرز اپنا بیسٹ دینے کی کوشش کرتے ہیں اس وقت ملبوسات پر روایتی کام کو ترجیح دی جارہی ہے اگر ہم یہ کہیں کہ روایتی کام ایک بار پھر لوٹ آیا ہے تو بے جانہیں ہو گا ۔
اہم بات یہ ہے کہ مغربی اور مشرقی دونوں طرح کے ملبوسات خواتین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں عید چونکہ اس بار بھی گرمی کے موسم میں ہے اس لئے ہلکے کے ساتھ گہرے رنگوں کے امتزاج سے ملبوسات تیار کئے جارہے ہیں۔شفون کے دوپٹے اور جالی کو ملبوسات کی سجاوٹ کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ جب عید جیسے مقع پر بھی ڈیزائنروئیر مخصوس طبقہ ہی پہن سکتا تھا لیکن اب ہر ڈیزائنرکی کوشش ہوتی ہے کہ ہر قسم کے طبقے کیلئے عید کلیکشن متعارف کروائی جائے جو کہ میرے حساب سے بہت ہی خوش آئندہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Eid Ulfitr Par Lawn Aur Shafoon K Malbosat Khawateen Ki Tawajah Ka Markaz" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.