Floral Frocks - Article No. 2879

Floral Frocks

فلورل فراکس - تحریر نمبر 2879

شادی بیاہ پر پہنا جانے والا دلکش پہناوا

منگل 17 مئی 2022

راحیلہ مغل
فلورل فراکس یا پھولوں کے پرنٹس پر مبنی فراکس دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتی ہیں۔ہمارے ملک میں ان دنوں بھی شدید گرمی چل رہی ہے۔ایسے وقت میں فلورل پرنٹس آنکھوں کو بھاتے ہیں۔گزشتہ کچھ عرصے سے خواتین کیلئے مارکیٹ میں زمین تک آتی پرنٹڈ فراکس متعارف کروائے جانے کا ایک سلسلہ جاری ہے۔اس وقت بھی کئی ایسے برانڈز ہیں،جنہوں نے لان اور ہلکی کاٹن سے تیار کردہ پرنٹڈ فراکس کو مارکیٹ میں متعارف کروایا ہے۔
ساتھ ہی نیٹ کی فراکس بھی کئی ڈیزائنرز کی کلیکشن کا حصہ بن چکی ہے۔اگر شادیوں یا تقریبات کے حوالے سے بات کی جائے تو ڈیزائنرز سلک اور شیفون سے تیار کردہ فلورل پرنٹڈ فراکس بھی متعارف کروا چکے ہیں،اکثر لڑکیاں ڈیزائنر فراکس خریدنے کی سکت نہیں رکھتی،ایسی لڑکیوں کو ان ڈیزائنر کی کلیکشن کی کچھ انداز کے بارے میں بتایا جا رہا ہے،جنہیں وہ گھر پر ہی سی کر تیار کر سکتی ہیں یا سلوا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)


دراصل جدید دور میں کپڑوں کے نت نئے انداز متعارف کروائے جاتے ہیں۔قمیض کے ساتھ لمبے کوٹ،چوڑی دار پاجامہ،ٹراؤزرز،اے لائن فراک،بوٹ گلے،پیپلم فراکس اور فلورل فراکس جدید فیشن کا حصہ ہیں۔ان میں وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلی ضرور آئی ہے لیکن ان کا دلکش پن آج بھی اپنی آب و تاب کے ساتھ موجود ہے۔فلورل فراک موسم کی مناسبت اور ماحول کے حوالے سے مختلف ڈیزائن میں دستیاب ہیں۔
سرد موسم میں مخمل جبکہ گرم میں ہلکے پھلکے نازک شیفون کے یا نیٹ کے فلورل فراکس تیار کیے جاتے ہیں۔
آج کل ہم دیکھتے ہیں کہ مختلف فیشن شوز میں بڑے گھیر والی فلورل فراکس ڈیزائنرز کی کلیکشن میں نظر آتی ہیں تو کبھی ان کو گھیر کم کرکے فیشن شوز میں متعارف کروا دیا جاتا ہے۔کبھی ان کی لمبائی پیروں تک آتی ہوئی ہوتی ہے،تو کبھی ان کی لمبائی گھٹنوں تک کرکے انہیں پہنا جاتا ہے۔
غرض یہ ہے کہ نیٹ ہو یا شیفون،سلک ہو یا کاٹن،فلورل فراکس آپ کو ہر طرح کے کپڑے اور انداز کے ساتھ مارکیٹس میں بکتی ہوئی نظر آتی ہے۔ان دنوں نیٹ کی بنی پیروں تک آتی ہوئی فلورل فراکس پاکستانی فیشن کی دنیا میں چھائی ہوئی ہیں۔اگر شادیوں کی تقریبات کیلئے انار کلی فراک خریدنی ہے تو کوشش کریں کہ وہ سلک،آرگنزا،نیٹ یا شیفون سے تیار کردہ ہوں،ان پر ایمبرائیڈری کی گئی ہو یا انہیں لیسز لگا کر خوبصورت بنایا گیا ہو۔
وہ لڑکیاں،جن کی شادی ہو رہی ہے وہ اپنی مہندی کے فنکشن کیلئے پیلے،ہرے یا گلابی رنگ کے کمبی نیشن کے ساتھ فلورل فراک اور چوڑی دار پاجامہ خرید کر پہن سکتی ہیں۔اگر گرمیوں کے دوران دن کے کسی فنکشن میں پہننے کیلئے خریدنی ہے تو کوشش کریں کہ کاٹن یا لان سے تیار کردہ سادہ یا پرنٹڈ فراک خریدیں،ان کپڑوں سے تیار کردہ فراکس ہوا دار ہوتی ہیں اور انہیں پہننے کے بعد گرمی نہیں لگتی۔
اگر کسی فنکشن کیلئے بھاری ایمبرائیڈری والی فراک کا انتخاب کیا ہے تو کوشش کریں کہ اس کا دوپٹہ سادہ ہو،اگر سادہ سلک کی فراک پہن رہی ہیں تو اس کے ساتھ جیکارڈ یا آرگنزا کا ایسا دوپٹہ خریدیں،جس کے کناروں پر زری یا دبکے کا کام کیا گیا ہو یا جس پر بلاک پرنٹنگ اور لیسز لگا کر اسے خوبصورت بنایا گیا ہو۔آج کل ایسی فراکس بھی چل رہی ہیں،جن کے درمیانی حصے میں پیٹی سے لے کر نیچے تک فراک میں کٹ لگا ہوا ہوتا ہے،اس کے ساتھ ڈھیلا ٹراؤزر پہنا جاتا ہے،ایسی فراکس بھی پہننے کے بعد خوبصورت لگتی ہیں۔
اگر گھٹنوں تک آتی ہوئی فراکس خریدنے کا ارادہ ہے تو اس کے ساتھ گھیر والی شلوار یا ٹیولپ شلوار کا انتخاب کریں۔اگر رات کی کسی تقریب میں شرکت کرنی ہے تو کوشش کریں کالے رنگ کا لباس پہنیں۔
پیروں تک آتی نیٹ کی فلورل فراکس میں شیشہ ورک اور کالے رنگ کے دھاگوں کی ایمبرائیڈری دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتی ہے۔یہ لباس رات کی کسی بھی تقریب کیلئے بہترین انتخاب ہے۔
مارکیٹ میں اس وقت دو طرح کی فراکس دستیاب ہیں،پیپلم انداز کی لمبائی میں کم فراک پہننے کی خواہشمند لڑکیوں کو ان کی پسند کے مطابق بھی فراک آسانی سے مل جائے گی۔شیشہ ورک پر مبنی فراکس مہندی کے فنکشن کیلئے بھی بہترین ثابت ہوتی ہے۔کئی انداز کے بلوچی اور پشتو روایتی پہناوؤں میں بھی شیشہ ورک کیا جاتا ہے،لڑکیاں چاہیں تو اس انداز کے کپڑے بھی اپنے وارڈ روب کا حصہ بنا سکتی ہیں۔
کیونکہ فلورل پرنٹڈ تو ہو مگر فراک کا ڈیزائن کیسا ہو؟اس سوال کے جواب میں لڑکیاں تھوڑا کنفیوز ہو جاتی ہیں۔انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ فراک کی ڈیزائننگ کس طرح کی جائے،اس آرٹیکل میں ہم آپ کو فلورل فراکس کی ڈیزائننگ کے مختلف انداز کے بارے میں بتائیں گے۔
بٹن کے ساتھ سادہ بوٹ انداز کا گلا:
انٹرنیٹ پر دیکھ لیں کہ کس طرح بوٹ انداز کا گلا کاٹا جاتا ہے۔
نیلے رنگ کی پرنٹڈ کپڑے کی فراک پر سادہ سا بوٹ انداز کا گلا سلوا لیں۔فراک پر کوئی لیس نہ لگوائیں،اس کا گھیر زیادہ رکھیں،لیکن اس انداز کا ہو کہ چُن واضح نظر نہ آئیں۔اگر سلک کا کپڑا ہے تو اس انداز کی فراک دیکھنے میں سادہ مگر ٹین ایج لڑکیوں پر اچھی لگتی ہے۔
بیلٹ اسٹائل:
ڈیزائنرز کی جانب سے بیلٹ اسٹائل انداز کی فراک بھی متعارف کروائی جا رہی ہے۔
اس انداز کی فراک کیلئے کمر کے سائیڈ پر فٹنگ دینے کے لئے کپڑے کے ہم رنگ یا میچنگ کے کلر کا بیلٹ تیار کیا جاتا ہے اور اسے فراک کے ساتھ لگا دیا جاتا ہے۔جسے پہنتے وقت لڑکیاں باندھ کر فراک کی فٹنگ کر سکتی ہیں۔اس انداز کی ڈیزائنگ والی فراکس لڑکیوں کو یقینا پسند آئے گی۔
کیپ اسٹائل:
فراک کا اوپر والا حصہ کیپ اسٹائل میں رکھوا لیں۔
اس انداز کی فراک میں آستین کی فٹنگ نہیں ہوتی بلکہ اوپر سے کپڑا ڈھیلے انداز سے کمر تک آتا ہے۔یہ بھی ڈیزائنر انداز ہے،جسے خواتین گھروں میں تیار کر سکتی ہیں اور پرنٹڈ میکسی انداز کی فراک پہن سکتی ہیں۔
کوٹی اور لوپس انداز:
فراک پرنٹڈ ہو تو سادہ سی کسی ایک رنگ کی کوٹی اور اس کے ساتھ لوپس اور بٹنز لگوا دیئے جائیں تو فراک کا انداز مختلف اور منفرد سا لگنے لگتا ہے۔کوشش کریں کہ فراک کو مختلف انداز دینے کیلئے کسی شوخ رنگ کی کوٹی اسٹائل کو شامل کر لیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Floral Frocks" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.