Gota Kinari - Article No. 2296

Gota Kinari

گوٹا کناری - تحریر نمبر 2296

اس کا فیشن کبھی پرانا نہیں ہوتا

منگل 25 فروری 2020

راحیلہ مغل
کڑھائی سے بلاک پرنٹنگ ،اسکرین پرنٹنگ اور مختلف انداز سے سلائی کئے ہوئے ملبوسات عام دستیاب ہوتے ہیں۔ کبھی قمیضوں پر تیار حالت میں گلے ٹانکنے کا رواج ہوتاہے تو کبھی تراش خراش میں جدت طرازی آجاتی ہے۔ کبھی ایسا نہیں ہوتا کہ پورے ملک یا شہر کی تمام خواتین ایک جیسی تاش خراش کا لباس پہنیں ۔اسی طرح شادیوں میں بھی کوئی کامدار سوٹ پہنتی ہے کوئی بنارسی،کوئی شفعون اور کوئی گوٹا کناری والا سوٹ پہننا پسند کرتی ہے۔

گوٹا کناری کا فیشن آج سے 30سال قبل بہت مقبول تھا۔کوئی بری اور داج ایسا نہیں تھا جس میں گوٹے والا سوٹ نہ لگتا ہو۔بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ اس زمانے کا یہ خاص سوٹ ہوتا تھا جو دلہن کو پہلے دن یا ولیمے کے روز پہنایا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

کھلے ہوئے رنگوں کا انتخاب کیا جاتا تھا۔رنگ کا انتخاب گھر کی خواتین مل کر کرتیں۔کوئی سرخ ،آتشی ،اورنج ،سبزیا فیروزی رنگ پسند کرتا ۔

اس کے علاوہ اس سوٹ کی تیاری کوئی گھر پر کرتا اور کوئی بازار سے گوٹا لگواتا۔زیادہ تر گھروں میں گھر کی سب خواتین ملکر حالانکہ پھوپھی ماسی کو بھی بلایا جاتا اور گوٹے والے سوٹ پر گوٹا کناری اور سلما ستارہ لگایا جاتا اس طرح یہ شگنوں والا سوٹ تیار ہوتا تھا۔
آئیے اس آرٹیکل میں آپ کو گوٹا کناری کے فیشن کے بارے میں بتائیں۔ چند دہائی قبل خواتین عمدہ ڈیزائنوں کی چھپائی کا عمل کرکے گوٹے کے پھول اور کناریاں خود ٹانک لیا کرتی تھیں بڑے بڑے جال دار دوپٹوں اور کناروں سنہری لیس لگانے کا رواج تھا۔
آج کی بچیاں اگر اپنی والدہ یا خاندان کی کسی بزرگ سے پوچھیں تو یقینا وہ انہیں یہ سب بتاتے ہوئے بڑا فخر کریں گیں اور اگر آپ کے پاس فیملی البم ہے تو آپ کو پرانی تصاویر میں گوٹے کناری والے سوٹ عام ملیں گے ۔اور آپ دیکھ سکیں گی کہ اس دور میں گوٹے کا رجحان کیسا تھا۔آج بھی گوٹا غیر مقبول نہیں ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے ڈیزائنر آج بھی کسی نہ کسی صورت میں اسے استعمال کر رہے ہیں۔

آج بھی جب کبھی بوتیکس پر جائیں تو خوبصورت نیٹ کاری ،دلکش پھول بوٹوں کہیں جیو میٹریکل انداز تو کہیں آڑھی ترچھی افقی وعمودی طرز کی لکیروں سے آراستہ پیٹرن بنائے جارہے ہیں اور پتی پھولوں کے ساتھ ساتھ،تکونے زادیوں سے بنائے گئے گوٹے کے پھول ٹانکنے کا دل آویز تجربہ بھی کیا جا رہا ہے۔
اب غراروں، شراروں ،انار کلی فراکس،کرتوں،قیمتوں اور عروسی ملبوسات میں دیگر کڑھائیوں کے ساتھ ہم آمیز کرکے گوٹا بھی لگایا جا رہا ہے ۔
اب چاہیں تو آپ کسی شادی پر جانے کے لئے گوٹا کناری والا سوٹ خود تیار کریں یا بازار سے کروائیں ۔جدت کے ساتھ روایتی اسلوب کو بھی آزمائیں ۔آپ دیکھنا․․․․سب آپ کی ہی تعریف کریں گے ۔سچی بات تو یہ ہے کہ روایت اور جدت کے اس سنگم میں انفرادیت بھی کافی ہے ۔گویا گوٹا کبھی پرانا نہیں ہوتا اس کی لہریے دار کناری جس کپڑے پر ٹانکی جائے اس کی چھب ہی نرالی ہوتی ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Gota Kinari" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.