Kala Rang Har Mausam Mein Maqbool - Article No. 3036

Kala Rang Har Mausam Mein Maqbool

کالا رنگ ہر موسم میں مقبول - تحریر نمبر 3036

فیشن کی دنیا میں اس کا سحر کبھی نہیں ٹوٹ سکا

ہفتہ 24 دسمبر 2022

راحیلہ مغل
ویسے تو سب رنگ ہی قدرت کا تحفہ ہیں لیکن موسم سرما میں خواتین میں کالا رنگ زیادہ ہی پسند کیا جاتا ہے۔لباس اور رنگ کا انتخاب انسان کی شخصیت کو چار چاند لگا دیتا ہے۔لباس کے انتخاب کے وقت خواتین مردوں سے رنگ کا خیال رکھتی ہیں۔گہرے رنگوں کا استعمال زیادہ تر سردیوں میں کیا جاتا ہے لیکن کالا رنگ گرمیوں میں بھی بڑے اہتمام کے ساتھ زیب تن کیا جاتا ہے۔
خواتین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائنر بھی اس رنگ کے ملبوسات پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔
کالے رنگ کو اگر رنگوں کا بادشاہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔وقت کی جدت کے ساتھ اب کالے رنگ کے عروسی ملبوسات میں تیار ہو رہے ہیں۔خواتین کی خوبصورتی میں کالے رنگ کا لباس مزید نکھار لاتا ہے۔

(جاری ہے)

سردی ہو یا گرمی اس رنگ کا سوٹ اگر شام میں پہنا جائے تو بہت ہی خوبصورت لگتا ہے۔

جس طرح سفید رنگ کی اپنی انفرادیت ہوتی ہے اسی طرح سے کالے رنگ کی بھی اپنی انفرادیت ہے جو ہمیشہ سے ہی برقرار ہے۔کسی بھی دور میں آپ دیکھیں ملبوسات میں خواتین کی اولین چوائس کالا رنگ ہی رہا ہے۔
کالے رنگ کی خوبصورتی کا اندازہ آپ اس چیز سے لگا سکتے ہیں کہ اگر سادہ اچھی سلائی کیا ہوا کالے رنگ کا لباس زیب تن کریں اور اس کے ساتھ کوئی بھی سمپل جیولری پہن لیں تو لباس کی خوبصورتی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
کچھ رنگ ایسے ہوتے ہیں جو موسم کی مناسبت سے پہنے جاتے ہیں یعنی اگر موسم چلا جائے تو وہ رنگ بھی آوٹ آف فیشن ہو جاتا ہے لیکن کالا واحد ایسا رنگ ہے جو ہر موسم کی جان ہے۔پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں خواتین اس رنگ کو پسند کرتی ہیں۔
آپ نے اکثر دیکھا ہو گا کہ بین الاقوامی سطح پر بڑی بڑی تقریبات میں زیادہ تر خواتین کالا رنگ ہی زیب تن کرکے آتی ہیں۔
کالے رنگ کے لباس کے ساتھ اگر میک اپ ہلکا رکھ کر کیا جائے تو لباس اور شخصیت کی خوبصورتی اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔کالا رنگ آپ کو نمایاں اور شخصیت میں نکھار پیدا کرتا ہے۔اس رنگ کے ساتھ آپ کسی قسم کی جیولری اور میک اپ کر سکتی ہیں جبکہ باقی رنگوں کیلئے آپ کو باقاعدہ میچنگ جیولری کا انتخاب کرنا پڑتا ہے اور میک اپ میں بھی رنگوں کا انتخاب خاصا سوچ سمجھ کر کرنا پڑتا ہے۔

دراصل کالا رنگ ہر دوسری خاتون کا پسندیدہ رنگ ہے۔کالے رنگ کا شمار گہرے رنگوں میں ہوتا ہے اور گہرے رنگ عموماً سردیوں کے موسم میں زیب تن کئے جاتے ہیں لیکن واحد یہ گہرا رنگ ہے جسے گرمیوں میں بھی پہنے جانے کو ترجیح دی جاتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج برینڈڈ ملبوسات میں بھی ڈریس ڈیزائنرز کالے رنگ کو خاصی اہمیت دیتے ہیں یہاں تک کہ اب تو عروسی ملبوسات کی تیاری میں بھی کالا رنگ استعمال کیا جا رہا ہے۔
کبھی کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ برائیڈل ملبوسات کالے رنگ کے بھی ہوں گے لیکن اب فیشن ٹرینڈز خاصے تبدیل ہو چکے ہیں اور عروسی ملبوسات لال کی بجائے کالے رنگ کے بنائے جا رہے ہیں ان پر خوبصورت کام اور بیڈز لگا کر جوڑے کی خوبصورتی کو نمایاں کیا جاتا ہے۔
کالے رنگ کی انفرادیت کے بارے معروف ڈریس ڈیزائنر ”بی جی“ کا کہنا ہے کہ ”کالا رنگوں کا بادشاہ ہے اس ڈریس کو آپ کسی بھی چیز سے سجا سکتے ہیں اگر آپ لیس لگا لیں یا سادے کالے سوٹ کے ساتھ رنگ برنگی چادر بھی لے لیں تو بہت ہی خوبصورت لگتا ہے۔
پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں خواتین اس رنگ کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔میں سمجھتی ہوں کہ یہ شام کو پہننے والا رنگ ہے سردی ہو یا گرمی اس رنگ کا سوٹ شام میں پہنا جائے تو بہت ہی خوبصورت لگتا ہے۔کسی بھی دور میں آپ دیکھیں ملبوسات میں خواتین کہ اولین چوائس کالا رنگ ہی رہا ہے۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ ”میرے حساب سے خواتین اس رنگ کو اس لئے بھی پسند کرتی ہیں کیونکہ اسے پہن کر وہ خاصی سلم سمارٹ نظر آتی ہیں۔
آپ جتنی بھی موٹی اور بھدی جسامت رکھتی ہوں لیکن کالا رنگ پہن کر جسامت کا بے ڈھنگا پن چھپ جاتا ہے۔ہمارے ہاں زیادہ تر خواتین کا رنگ گندمی ہے اور ایسی خواتین جب کالا رنگ پہنتی ہیں تو وہ زیادہ نکھری ہوئی نظر آتی ہیں اور یہ واحد ایسا رنگ ہے جس کو پہن کر آپ خود کو محفوظ محسوس کرتی ہیں کیونکہ اس رنگ کو پہننے کے بعد یہ جھنجھنٹ ختم ہو جاتا ہے کہ جسم نظر آ رہا ہے۔

اسی طرح ڈریس ڈیزائنر ”آصفہ نبیل“ کا کہنا ہے کہ کالے رنگ کی خوبصورتی کا اندازہ آپ اس چیز سے لگا سکتے ہیں کہ اگر سادہ اچھی سلائی کی ہوئی کالی قمیض زیب تن کریں اور اس کے ساتھ کوئی بھی سمپل جیولری پہن لیں تو قمیض کی خوبصورتی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔مجھے بذات خود کالا رنگ ہمیشہ سے ہی بہت پسند رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ”اگر آپ کے نقش اچھے ہیں اور رنگت سانولی بھی ہے تو کالا رنگ آپ کو بہت جچے گا۔
کچھ رنگ ایسے ہوتے ہیں جو موسم کی مناسبت سے پہنے جاتے ہیں یعنی اگر موسم چلا جائے تو وہ رنگ بھی آوٹ آف فیشن ہو جاتا ہے لیکن کالا واحد ایسا رنگ ہے جو ہر موسم کی جان ہے۔
اس کے علاوہ فیشن کے حوالے سے کالا آئیڈیل رنگ ہے آپ اسے Casual سے لے کر فارمل تک لے جا سکتے ہیں۔اگر آپ کو کسی ریڈ کارپٹ پر جانے کا اتفاق ہو تو آپ دیکھیں گیں وہاں زیادہ تر سب نے کالا رنگ ہی پہنا ہوتا ہے۔
ہمارے خطے کی خواتین کا رنگ نہ زیادہ گورا ہوتا ہے نہ کالا اور ہڈیوں کی ساخت بھی چوڑی ہوتی ہے اور مجموعی طور پر جسامت بلکی ہوتی ہے جس کی وجہ سے خواتین رنگوں کے انتخاب میں خاصا سوچ بچار سے کام لیتی ہے۔کالا رنگ اگر آپ نے سیدھے کٹ کے ساتھ ایک ہی ٹون میں پہنا ہو تو آپ نہ صرف پتلی لگیں گی بلکہ لمبی بھی نظر آئیں گی۔اس رنگ کو پہننے کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہیئر اسٹائل کیلئے بھی تگ ودو نہیں کرنی پڑتی یعنی اگر آپ بالوں کو سٹریٹ کرکے کھول بھی لیں تو خاصی اچھی لک آتی ہے۔
جہاں تک میری پسند کی بات ہے تو باقی خواتین کی طرح کالا رنگ میری بھی اولین ترجیح ہوتا ہے۔کیسی بھی تقریب ہو میری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے لباس میں کالے رنگ کا ٹچ ضرور رکھوں۔
ماہر بیوٹیشن ”مسرت مصباح“ نے کہا کہ کالے رنگ کی خوبصورتی سے تو انکار ممکن نہیں ہے ہاں اس کے ساتھ میک اپ اگر ہلکا رکھ کر کیا جائے تو جوڑے اور شخصیت کی خوبصورتی اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔
میری تو ہمیشہ سے ہی کوشش رہی ہے کہ جب بھی کالے رنگ کا سوٹ زیب تن کروں اس کے ساتھ ہلکی جیولری اور ہلکا میک اپ کروں۔آج کل تو برائیڈل ڈریسز میں بھی کالے رنگ کا استعمال کیا جا رہا ہے میرے پاس جب بھی کوئی لڑکی اگر کالے رنگ کا برائیڈل ڈریس لے کر آتی ہے تو میں اس کو اس انداز سے تیار کرتی اور ہیئر اسٹائل بناتی ہوں کہ جوڑے کی خوبصورتی نمایاں ہو۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Kala Rang Har Mausam Mein Maqbool" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.