Khilti Hai Mere Shokh Pe Har Rang Ki Poshak - Article No. 3129

Khilti Hai Mere Shokh Pe Har Rang Ki Poshak

کھلتی ہے مِرے شوخ پہ ہر رنگ کی پوشاک - تحریر نمبر 3129

سوتی تقریباتی پہناوے ہوئے فیشن میں ”ان“

پیر 8 مئی 2023

راحیلہ مغل
خالد آزاد کے اشعار ہیں تمہاری یاد،تمہارے خیال کا موسم․․․․ہمارے دل میں ہے اُترا،کمال کا موسم․․․․․فلک کے چاند کا بھی رنگ پھیکا پڑ جائے․․․․․عیاں جو ہو کبھی تیرے جمال کا موسم۔تو بھئی،ہمارے یہاں یہ ”کمال کا موسم،جمال کا موسم“ شادیوں کا موسم پورے جوبن پر ہے۔عید کے بعد جو شادی بیاہ کی تقریبات کا سلسلہ آغاز ہوا ہے،ہنوز شادی ہالز میں اگلے دو تین ماہ کی بکنگ ملنا محال ہے۔
کچھ موسم کا اثر کچھ وقت کی ڈیمانڈ ہے کہ ہر طرف رنگ برنگے پہناوے نظر آتے ہیں۔
اسی وجہ سے کئی ڈریس ڈیزائنرز اور خصوصاً برانڈز اپنی لان رینج ہی میں نت نئی ورائٹیز لا رہے ہیں۔پہلے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ سوتی پہناوؤں پر بھی ایسا بھاری بھرکم کام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

”شادی بیاہ اور ریشمی ملبوسات“ گویا لازم و ملزوم تھے،مگر اب تو بڑے بڑے برانڈز اپنی ساری توانائیاں سوتی پہناوؤں ہی کو حسین سے حسین تر اور جدید سے جدید تر بنانے پر صرف کر رہے ہیں۔

یہ کھاڈی نیٹ،چکن کاری،جیکارڈ،کینوس،وسکاس،ٹویل کاٹن اور پیپر کاٹن وغیرہ سے ریشمی ملبوسات ہی کا تو متبادل ہیں۔
مگر ان دنوں تو سونے پہ سہاگے کا عالم ہے کہ رُت کچھ ایسی ٹھنڈی میٹھی،سجیلی و البیلی ہے کہ چاہو تو من بھاتا پہنو،چاہو تو جگ بھاتا۔ہر رنگ و انداز،ہر روپ سروپ،ہر طرح کی زیبائش و آرائش،سولہ تو کیا،سولہ سو سنگھار کے لئے بھی موسم بہت ہی آئیڈیل ہے۔
اور تقریبات کے دعوت نامے تو یکے بعد دیگرے آ ہی رہے ہیں۔ویسے ”ناگزیر“ سے لے کر ”غیر ضروری“ تک،ہر قسم کی دعوت قبول کرنے کا بہترین موسم یہی ہے۔جہاں جانا لازم ٹھہرا،وہاں تو آپ جائیں گی ہی،جس تقریب میں شرکت کا ارادہ نہیں بھی رکھتیں،وہاں بھی ہو آئیں۔میل ملاپ،آپس کے مل بیٹھنے سے جو سُکھ،راحت ملے گی،وہ تو ایک طرف،پہننے اوڑھنے،بناؤ سنگھار میں بھی خوب لطف آئے گا۔

آئیے اب آپ کو بتاتے ہیں تقریباتی پہناوؤں کے متعلق جو کسی قریبی یا دُور پَرے کے رشتے دار اور دوست احباب کی محافل میں شرکت کے لئے نہایت موزوں رہیں گے۔ہلکے پستئی اور اسٹیل بلیو رنگ میں ڈھاکا پاجامے اور فِش لہنگے کے ساتھ لانگ کُرتی اور پیپلم کا جلوہ خوب رہے گا،اس کے علاوہ سلور گرے اور فون رنگ کے کامبی نیشن میں خوبصورت کام دار ٹراؤزر،شرٹ بھی آپ پر خوب جچے گی۔
جب کہ لائٹ،ڈارک اسکن رنگوں اور لائٹ گولڈن رنگ میں حسین و نفیس ایمبرائیڈری سے مرصع ٹراؤزر شرٹس کے ساتھ ٹخنوں تک لمبی فراک کی دل آویزی کے بھی کیا ہی کہنے۔جامنی رنگ میں شیفون جارجٹ کے ایمبرائیڈرڈ اسٹائلش پیپلم کے ساتھ اسٹریٹ بنارسی ٹراؤزر بھی کمال ہم آمیز ہے،توفون رنگ کی خوبصورت کام دار شرٹ کے ساتھ بنارسی ٹراؤزر اور ایپلک سے آراستہ دوپٹہ بھی انتہائی جاذب نظر معلوم ہوتا ہے۔
پھر کاسنی رنگ کے ساتھ بنارسی ٹراؤزر اور نیٹ کے دوپٹے کا جلوہ ہے،تو سفید رنگ کے ایمبرائیڈرڈ ٹراؤزر کے ساتھ گہرے سرخ رنگ کی مشینی کڑھت سے مزین شرٹ کی دل آویزی کا بھی جواب نہیں۔جب کہ ہر پہناوے کے ساتھ حسین جیولری بھی خوب ہی جچے گی۔شادیوں میں شرکت کیلئے نیوی بلیو رنگ بھی ایک شاندار پہناوا ہے۔
لانگ فراک پر منفرد سی ایمبرائیڈری کے ساتھ عمدہ ڈیزائننگ کی جائے،تو ساتھ میچنگ اسٹائلش باکس بیگ کا جلوہ بھی خوب جچتا ہے۔
سیاہ و سرمئی کے حسین کامبی نیشن میں دل آویز ستارہ،بیڈز ورک کے ساتھ لانگ شرٹ،کیولاٹ ٹراؤزر کا انداز بھی خوب جچتا ہے،عنابی رنگ میکسی اسٹائل کفتان کے فرنٹ پر نفیس ہینڈ ایمبرائیڈری ہو،تو شیفون جارجٹ کے گہرے زرد رنگ کے گھیر دار فراک پر آف وائٹ کڑھت کی دلکشی و زیبائی کے بھی کیا ہی کہنے۔جسے اپنی نصف بہتر کے میلے لباس سے بھی کوئی مسئلہ نہ ہو،وہ اگر اُسے یوں بنا سنورا،سجا نکھرا دیکھ لے،تو اس نے تو پھر بے اختیار کہنا ہی ہے کھلتی ہے مِرے شوخ پہ ہر رنگ کی پوشاک۔

عورت ہی کے حسیں تصور سے کشید کیا ہوا مجید امجد کا ایک دل نشیں سا شعر ہے تو پریم مندر کی پاک دیوی،تو حُسن کی مملکت کی رانی․․․․حیات انسان کی قسمت پر تری نگاہوں کی حکم رانی۔تو بس،اپنی اس حکم رانی کی برقراری کے لئے ان دل آویز و دل رُبا پہناوؤں میں سے جو چاہیں،اپنا لیں،سب موسم و مواقع کی عین مناسبت سے ہیں اور آپ کی ایسی ہی تیاری کے لئے شاعر نے کہا ہے،بزم میں آؤ،کسی دن کر کے تم سولہ سنگھار․․․․․اک قیامت وقت سے پہلے بھی آنی چاہیے۔

جیکلن وارن کے ایک فیس بک پیج ”میمز 15 منٹس“ کی ایک پوسٹ ہے۔”وہ میری جھریاں نہیں دیکھتا،وہ میری مسکراہٹ دیکھتا ہے۔وہ میرا بڑھا ہوا وزن نوٹس نہیں کرتا،اُس کے لئے میں آج بھی اُس کی دلہن ہوں۔وہ میری جدوجہد سے ڈرتا نہیں،وہ میری بہادری پر فخر کرتا ہے۔اُسے میرے لباس پر لگے داغوں سے کوئی مسئلہ نہیں،کیونکہ وہ جانتا ہے کہ میں،اُس کے بچوں کی ماں ہوں۔
وہ میرے خوابوں کو نظر انداز نہیں کرتا،کیونکہ وہ اُس کے بھی خواب ہیں۔وہ میری عزت کرتا ہے۔وہ ہمارے بچوں کے لئے سخت محنت کرتا ہے۔اُس نے میرا ہاتھ تھام رکھا ہے،اُس نے مجھے تھام رکھا ہے۔وہ میری غلطیاں معاف کر دیتا ہے۔وہ میرے پاگل پن کے ساتھ خوش ہے۔
سچ تو یہ ہے کہ دنیا میں کوئی ناول،کوئی رومانی فلم ایسی نہیں،جس کا ہیرو اس شخص کا مقابلہ کر سکے،جو اپنی لائف پارٹنر کے ساتھ سچی محبت کرتا ہے۔
اپنی ذات سے بھی زیادہ،کیونکہ شادی ایک ایسا بندھن ہے،جو دو الگ الگ انسانوں کو ”یک جان،دو قالب“ کر دیتا ہے اور محبت کی یہ کہانی بہت خوبصورت،سکون و تحفظ کے احساس سے مالا مال،کبھی کبھی مشکل لیکن بے حد مقدس ہے۔“گرچہ یہ ایک مغربی عورت کے افکار و خیالات ہیں،لیکن سچ تو یہ ہے کہ ہر اچھے سربراہ خانہ کا یہی طرز عمل ہوتا ہے اور ایسے ہی اچھے مرد،اپنی عورت کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں،خواہشوں کا بھی پورا دھیان،خیال رکھتے ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Khilti Hai Mere Shokh Pe Har Rang Ki Poshak" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.