Leather Coat Shrugs Aur Muffler - Article No. 3038

Leather Coat Shrugs Aur Muffler

لیدر کوٹ شرگز اور مفلر - تحریر نمبر 3038

موسم سرما کے ٹاپ فیشن ٹرینڈز

منگل 27 دسمبر 2022

راحیلہ مغل
موسم چاہے گرمی کا ہو یا بہار کا،سردی ہو یا خزاں،بدلتے فیشن ٹرینڈز کا زمانہ کبھی پرانہ نہیں ہو گا۔ہر موسم کے کچھ نہ کچھ نئے اور منفرد اسٹائلز ہوتے ہیں جنہیں ان کے حساب سے کیری کیا جائے تو یہ بہترین ہے۔ایسے میں آج ہم آپ کو بتانے جا رہے ہیں کچھ ایسے نئے اور منفرد ٹرینڈز جو اس موسم سرما میں کافی ان رہیں گے اور لوگوں کی جانب سے بے حد پسند کیے جائے گے۔
ان میں لیدر کوٹ،شرگز،اسنیکرز اور شوخ رنگ ملبوسات اور میک اپ شامل ہیں۔
لیدر کے کوٹ یا جیکٹس عام طور پر مرد حضرات زیب تن کرتے ہیں،لیکن یہ لازمی نہیں کہ یہ اسٹائل صرف مردوں سے منسوب ہو۔خواتین بھی اسے پہنتی ہیں جن پر یہ بہت جچتا ہے۔تاہم سیاہ رنگ کا ٹرینڈ اب پرانا ہو چکا ہے،اس مرتبہ گرین،مسٹرڈ،براؤن اور لال رنگ کے لیدر کوٹ اور جیکٹس ان ہیں۔

(جاری ہے)

آپ یہ پہنیں،یہ آپ کی پرسنیلیٹی کو چار چاند لگا دیں گے۔اب ہم آپ کو کوٹ،شرگز اور مفلر کی چند اقسام کے بارے میں بتاتے ہیں ان کے بارے میں جانیئے اور پھر انتخاب کیجئے کہ آپ کو کونسا کوٹ،مفلر اور شرگ پسند ہے۔
ٹرنچ کوٹ:
یہ گھٹنوں تک کی لمبائی کا کوٹ ہوتا ہے اسے کمر کے حصے سے لگے بیلٹ کو باندھ کر پہنا جاتا ہے۔یہ اسٹائلش کوٹ یورپ میں برسوں پہلے وہاں کی فیشن آئیکون آڈرلے نے پہن کر اسے سردیوں کے لئے لازم و ملزوم فیشن قرار دیا تھا۔
آپ سفر پر جا رہی ہوں تو اپنے ہمراہ ایک ٹرنچ کوٹ ضرور رکھ لیں،خواہ آپ ٹراؤزر کُرتی پہنتی ہوں یا سادہ شلوار قمیض یا پھر ساڑھی یہ کوٹ ہر لباس پر جچتا ہے۔
فر کوٹ:
یہ اس وقت بھلا لگتا ہے جب باقی سارے لباس کی میچنگ کی جائے یعنی پینٹ،ٹراؤزر اور ہائی ہیلز کے ساتھ زیب تن کیا جائے تو بھلا لگتا ہے۔اس میں فر کی آستین اور کالر خنک ہوا سے بچاتے ہیں جنہیں سانس کی بیماری لاحق ہو وہ خواتین فر والے کوٹ نہ پہنیں تو اچھا ہے۔

پی کوٹ:
یہ زیادہ تر نیوی بلیو کلر میں بنایا جاتا ہے اور اس کی لمبائی بھی کمر تک ہوتی ہے۔عموماً اس پر لکڑی سے بنے ہوئے بٹن لگائے جاتے ہیں۔آج کل پلاسٹک کے بٹن فیشن میں ہیں۔آپ چاہیں تو ہلکے خاکی یا میرون رنگ میں پی کوٹ سلوا سکتی ہیں۔سردیوں میں ہونے والی شادیوں کے خاص پہناوے کے طور پر ملبوسات پر پہنئے اور بطور جیکٹ یا کوٹی اسے دیکھنے والے بھی سراہے بنا نہ رہیں گے اور خود آپ کو اپنی شخصیت میں اعتماد محسوس ہو گا۔

کیپ کوٹ:
یہ بھی ان دنوں بے حد پسند کئے جا رہے ہیں۔سادہ کاٹن،سلک،کھدر یعنی کونسا ایسا کپڑا ہے جس میں یہ تیار نہیں ملتے۔خواتین ڈیزائنر نے ان کے کناروں پر زردوزی،مکیش اور ریشمی دھاگے کی ایمبرائیڈری بھی کر دی ہے۔یہ اگر مردانہ کپڑے کا سلوایا جائے تو بھی ہر قسم کے لباس پر جچے گا۔یہ ساڑھی کے علاوہ بھی ہر لباس پر خوبصورت تاثر دے گا۔
اس قسم کے اسٹائلش کوٹس میں Inverse Cape بھی مقبول ہو رہے ہیں وہ بغیر آستین کے ہوتے ہیں۔انہیں بھی بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔
پرنٹڈ شرگز:
شرگ سردیوں کا ایک ایسا لباس ہے جس نے فیشن کے نئے ٹرینڈ کا آغاز کیا۔پچھلے کچھ سالوں میں ہم نے دیکھا کہ موسم سرما میں سادہ اور شوخ رنگ کے شرگز کا فیشن کافی ان رہا لیکن اس مرتبہ یہ ہی فیشن تھوڑا تبدیل ہوا اور اس مرتبہ پرنٹڈ شرگ مارکیٹ میں ان ہیں۔
دراصل شرگز،سے مراد وہ سویٹر ہیں،جو عام طور پر آدھی اور پوری آستین والی جیکٹ کی طرح کے ہوتے ہیں۔گزشتہ کچھ برسوں سے ہماری خواتین اسے بے حد پسند کر رہی ہیں،کیونکہ انھیں لگتا ہے کہ اسے پہننے سے بوجھل پن محسوس نہیں ہوتا،گھریلو امور کی انجام دہی بھی سہل رہتی ہے اور ساتھ ہی نہایت جاذب نظر محسوس ہوتا ہے۔
پلین شرگز:
جوں ہی سرد رتوں کا آغاز ہوتا ہے،اس کا استعمال شروع ہو جاتا ہے،جیسے آج کل شامیں اور راتیں خنک ہونے لگی ہیں،ایسے میں ہلکے پھلکے شال کے اسٹائل کے بنے ہوئے شرگز استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
بولیرو جیکٹ بھی اس کی ہی ایک قسم کہلاتی ہے،جو نیچے سے ایک جیسی ہوتی ہے۔اس کے علاوہ پلین شرگ،بولیرو شرگ جیکٹ،اوپن شرگ،بولیرو کارڈیگن،شرگ سویٹر،منی شرگ،پلین شرگ،ملٹی کلر شرگ،ڈیفوڈل شرگ،وسکاس منی شرگ،اسکن وسکاس شرگ،کاٹن جرسی شرگ،آستینوں والی شرگ اور اس کے علاوہ بے شمار ورائٹی بازار میں دستیاب ہیں۔پلین شرگ دیکھنے میں بہت سادہ،لیکن پہننے میں خوبصورت اور لمبی ہوتی ہے۔
یہ چست اور کھلی فٹنگ میں بھی بہ آسانی مل جاتے ہیں۔پولی ایسٹر شرگ بھی مختلف رنگوں میں بازاروں میں دستیاب ہوتے ہیں۔
میکسی اسٹائل کے شرگز:
ایمبرائیڈری اور سادہ شرگز جینز اور ٹراؤزرز کے ساتھ پہنی ہوئی بہت اچھی لگتی ہیں۔اس کے علاوہ لائن اسکرٹس اور شرٹس کے اوپر میکسی اسٹائل کے شرگز کا اسٹائل بھی منفرد رنگوں میں نظر آتا ہے۔
ٹاپ اور اسکرٹس پر بھی میکسی اسٹائل شرگز معیاری اور خوبصورت لگتے ہیں۔واٹر فال شرگز پارٹیوں میں پہننے کے لئے اچھا اور منفرد انتخاب ہے۔شمر اور لیدر کے کپڑوں پر واٹر فال شرگز پہنے کے بعد بالکل نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ڈولمن شرگز کو کیپری کے ساتھ پہنا جائے،تو بہت خوبصورت اسٹائل ابھر کے سامنے آتا ہے اور دیکھنے والے کو بھی جاذب نظر آتا ہے۔

لیس والے شرگز:
سردیوں کی بارش میں باہر جانے کا پروگرام ہو تو لیس والے شرگز منفرد لگتے ہیں۔کسی بھی اچھی شرٹ کے ساتھ میچ کرکے خواتین لیس والی شرگ پہن سکتی ہیں۔شال کالر شرگ بھی سردیوں کے موسم میں خوبصورت اور منفرد نظر آتے ہیں۔یہ سردی سے بچاؤ کا کام بھی بہ خوبی کرتے ہیں۔کالج اور یونیورسٹی کی لڑکیاں شال سے زیادہ ان شرگز کا استعمال کرتی ہیں۔
یہ چھوٹے بڑے ہر سائز میں مل جاتے ہیں اور پہننے میں بھی منفرد لگتے ہیں۔اوپن فرنٹ شرگز یعنی کہ سامنے سے کھلے ہوئے شرگز کا اسٹائل بھی الگ ہے۔اوپن فرنٹ شرگز کا استعمال پٹیالہ شلوار کے ساتھ کیا جائے،تو دیکھنے والے کو بھی اچھا لگتا ہے۔اس کے علاوہ اجرک کے بنے ہوئے شرگز بھی ملتان اور سندھ میں بڑی تعداد میں مل جاتے ہیں۔
اجرک شرگز:
اجرک والے شرگز جینز اور پٹیالہ شلوار کے ساتھ بہت بھلے معلوم ہوتے ہیں۔
پرنٹڈ شرگز اور لائننگ والے شرگز مختلف رنگوں اور ڈیزائن میں بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔پرنٹڈ شرگز بلڈنگ کے ڈیزائن،پھولوں اور مختلف آرٹ کے ڈیزائن سے بنی ہوتی ہے اور اس طرح کا فیشن بھی خواتین میں بے حد مقبول ہے۔پرنٹڈ شرگ جینز اور شرٹ کے ساتھ بہت اچھی لگتی ہے۔اس کو پارٹیوں اور دفاتر میں پہننے کے لئے مناسب سمجھا جاتا ہے۔
مخملی شرگز:
شادی بیاہ کے موقع پر مختلف قسم کی شرگز کا استعمال ہوتا ہے،جو کہ اون سے بنی ہوئی ہوتی ہیں اور بہت نرم اور مخملی کپڑے سے انھیں تیار کیا جاتا ہے۔
اب تو بہت سے ملکوں میں دلہن کو بھی شرگز اسٹائل میں شرارے کا استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔پارٹی،آفس،شادی بلکہ ہر موقع کی مناسبت سے لحاظ سے بہترین شرگز کا انتخاب کیا جا سکتا ہے،جو معیاری اور ور اسٹائل پہچان بنا سکتی ہے۔شرگز کا فیشن کافی مقبول ہو رہا ہے۔سویٹر اور جیکٹس کا استعمال کم سے کم ہوتا جا رہا ہے،کیونکہ شرگز کا منفرد اسٹائل ہے،جو لڑکیوں اور خواتین کو دوسروں سے مختلف دکھاتا ہے۔
دراصل سردی کا موسم آتا ہے اور اپنے ساتھ فیشن کی نئی سوغاتیں لاتا ہے،اور سردیوں کے موسم میں وہ فیشن ٹرینڈز شامل ہیں جن کا انتظار لڑکیاں سارا سال کرتی ہیں کہ کب سردی آئے اور وہ ان ٹرینڈز کو اپنائیں۔ان ٹرینڈز میں اسکارف اور مفلر بھی اس موسم کا بہترین اور فائدہ مند فیشن ہے۔
اونی اسکارف:
سردیوں میں اونی اسکارف سے بہتر کوئی چیز نہیں یہ آپ کے سر کو گرم رکھتا اور موسمی بیماریوں سے محفوظ رہنے میں مدد دیتا ہے اور دیکھنے میں بہت اچھی لُک دیتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سردیوں میں ایک اونی اسکارف کے بغیر گزارا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ایسا اسکارف جو اونی دھاگوں سے تیار کیا گیا ہو۔دو سے تین رنگوں پر مشتمل ہو اور جس پر کڑھائی اور دست کاری کیلئے اچھوتے رنگ اور انداز اپنائے گئے ہوں آپ کے لئے یخ بستہ موسم کا بہترین تحفہ ہے۔
مفلر:
اسکارف کے علاوہ مفلر ایک چھوٹا سا اونی کپڑا ہے جسے گردن کے گرد لپیٹتے ہیں یہ چھوٹا سا کپڑا صرف فیشن نہیں بلکہ کارآمد چیز ہے۔سردی کے موسم میں اگر یخ بستہ ہواؤں سے بچنا ہے تو مفلر ضرور استعمال کریں۔خواتین کو چاہئے کہ مفلر رنگین اور فلور پرنٹ سے سجے لمبے مفلرز استعمال کریں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Leather Coat Shrugs Aur Muffler" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.