Lehrata Hai Khawab Sa Aanchal - Article No. 2895

Lehrata Hai Khawab Sa Aanchal

لہراتا ہے خواب سا آنچل - تحریر نمبر 2895

نیٹ کے دوپٹے ہوئے فیشن میں اِن

ہفتہ 4 جون 2022

راحیلہ مغل
جدید فیشن اور موسم کی مناسبت سے مختلف برینڈز اپنی لان کی نئی کلیکشن متعارف کروا رہے ہیں۔اور ان کلیکشنز کے دیدہ زیب ملبوسات اپنی رعنائیاں بکھیرنے میں مصروف ہیں۔کراس سٹچ کے مختلف رنگ اور منفرد تراش خراش موسم گرما کی تپتی دھوپ میں تازگی کے احساس کو بڑھا دیتی ہے۔ہلکے اور گہرے رنگوں کا امتزاج موجودہ ٹرینڈز کی غمازی کرتا نظر آتا ہے۔
شرٹ کے ساتھ ساتھ ٹرینڈی ٹراؤزر اور نیٹ کا دوپٹہ لباس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے نظر آتے ہیں۔ٹراؤزر کے پائنچوں پر جالی کا استعمال،کٹ اور پلیٹس موجودہ فیشن کا حصہ ہیں۔اس وقت سگریٹ نما ٹراؤزر بھی پہنے جا رہے ہیں البتہ کھلے پائنچوں والے ٹراؤزر بھی خواتین کی دلچسپی کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ موجودہ ٹرینڈز میں سادہ ٹراؤزر پر پرنٹڈ قمیض اور دوپٹے کو بھی خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔

کراس سٹچ کی موسم بہار کی یہ کلیکشن مارکیٹ میں مناسب قیمتوں پر دستیاب ہے۔
دوپٹہ خواتین کے لباس میں ہمیشہ سے ہی لازمی جزو رہا ہے۔بلکہ یوں کہیں تو بے جا نہ ہو گا کہ مشرقی لباس کا سارا حسن دوپٹے میں پوشیدہ ہے۔جیسے جیسے فیشن بدلتے رہے۔دوپٹوں کے انداز میں بھی تبدیلیاں آتی رہیں۔کبھی یہ کرن،گوٹے کناری سے مرصع ہوئے تو کبھی کروشیا سے بنی بیلوں سے سجے نظر آئے،کبھی مختلف دھنک رنگوں میں رنگے ہوئے،زرق برق،نت نئے انداز سے چُنے ہوئے،کلف اور ابرق لگے ہوئے نظروں کو بھاتے رہے۔
سوتی،جارجٹ،شیفون،سلک اور جالی کے خوبصورت اور حسین ان دوپٹوں نے ہمارے لباس کی شان ہمیشہ ہی بڑھائی ہے۔بدلتے وقت کے ساتھ ساتھ دوپٹہ اوڑھنے کے انداز میں بھی تبدیلیاں رونما ہوتی رہیں۔
آج کل طرح طرح کے دوپٹے مارکیٹ میں دستیاب ہیں،جو مختلف انداز سے استعمال کئے جا سکتے ہیں۔وہ خواتین جو چاہتی ہیں کہ ان کی الماری فیشن کے عین مطابق چیزوں سے سجی ہو،انہیں چاہئے کہ وہ ان نئے انداز کے دوپٹوں کو خرید لیں اور تقریبات کے دوران انہیں مختلف انداز میں استعمال کریں۔
آج کل جو مختلف طرح کے دوپٹے فیشن ٹرینڈ کا حصہ ہیں،ان کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ کسی بھی لباس کے ساتھ کسی بھی تقریب میں پہنے جا سکتے ہیں۔لڑکیاں اپنی مرضی سے کسی بھی لباس کا انتخاب کریں،چاہے ان کا لباس سادہ سا ہو،اگر اس کے ساتھ وہ کوئی خوبصورت سا دوپٹہ پہن لیں تو اس لباس کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔آئیے اب دوپٹوں کے نئے انداز کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

آرگنزا ٹشو دوپٹہ:
کئی خواتین آرگنزا دوپٹہ کی شیدائی ہیں۔وہ مختلف تقریبات کے دوران آرگنزا دوپٹہ پہنتی دکھائی دیتی ہیں۔سادہ آرگنزا دوپٹہ پہننے میں نفیس سا لگتا ہے۔گھیر والی فراک ہو یا سادہ سا سوٹ،دونوں طرح کے ملبوسات کے ساتھ آرگنزا،ٹشو کے دوپٹے اچھے لگتے ہیں۔جو خواتین سمپل لُک رکھنا چاہتی ہیں،وہ لمبی فراک یا شرٹ کے ساتھ چوڑی دار پاجامہ بنوا لیں،اس کے ساتھ آرگنزا کا دوپٹہ پہن کر شریک ہو جائیں۔
اس دوپٹے کی خاص بات یہ ہے کہ دن کی تقریبات ہوں یا رات کی تقریبات،یہ دونوں انداز کی تقریبات میں بہ آسانی پہنے جا سکتے ہیں۔
نیٹ کا دوپٹہ:
ویسے تو کئی سالوں سے نیٹ دوپٹے فیشن میں دکھائی دے رہے ہیں اور آگے بھی دکھائی دیں گے،کیونکہ اب بھی نیٹ کے ملبوسات مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔نیٹ دوپٹے پہننے میں آرام دہ اور سنبھالنے میں آسان ہوتے ہیں۔
اس لئے لڑکیاں ان دوپٹوں کو پہننا پسند کرتی ہیں۔پرنٹڈ ڈریس کے ساتھ کسی ایک رنگ کا نیٹ کا دوپٹہ اوڑھ لیں۔کچھ ایسے بھی نیٹ کے دوپٹے مارکیٹ میں موجود ہیں،جن پر کڑھائی کی گئی ہو۔ایسے دوپٹوں کی قیمت تھوڑی زیادہ ہوتی ہے۔سادہ سے سوٹ کے ساتھ پھولوں کی کڑھائی والا نیٹ کا دوپٹہ شام کی کسی بھی تقریب کیلئے مناسب رہتا ہے۔کالے اور سفید نیٹ کا دوپٹہ اگر خرید کر رکھ لیا جائے تو کئی ملبوسات کے ساتھ اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
آجکل لان کے سوٹ کے ساتھ اکثر خواتین نیٹ کے دوپٹے استعمال کر رہی ہیں۔
سنہری لائنوں والا دوپٹہ:
آج کل سنہری لائنوں والے ہلکے کاٹن کے دوپٹے بہت اِن ہیں۔ان تمام مٹیریل میں نیچے کی جانب سنہری لائنوں میں یہ دوپٹے مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔سفید رنگ کے سوٹ کے ساتھ گلابی،کالا یا کسی بھی رنگ کا اس انداز کا دوپٹہ پہن لیا جائے تو اچھا لگتا ہے۔

ٹسل لیس دوپٹہ:
نیٹ کا دوپٹہ ہو یا شیفون کا،ایسے دوپٹوں پر ٹسلز والی لیس لگا دی جائے تو وہ خوبصورت لگتے ہیں۔اس انداز کے دوپٹے بھی ضرور خرید کر رکھیں تاکہ کسی بھی لباس کے ساتھ پہنے جا سکیں۔سادہ سا دوپٹہ خرید کر اس پر ٹسل والی لیس لگوا لیں ،اس سے بھی دوپٹہ سستے داموں تیار ہو جائے گا اور اس کا لُک اچھا آئے گا۔

اس کے علاوہ ہم آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ اگر کبھی خوبصورت دوپٹے دیکھنے کا موڈ ہو تو لاہور کی دوپٹہ گلی کا وزٹ ضرور کریں۔یہ ملبوسات کا پرانا اور مشہور مرکز ہے جہاں مختلف انواع و اقسام کے رنگ برنگے دوپٹے کپڑوں کی خوبصورتی اور دلکشی کو بڑھاتے ہیں اور خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کرواتے ہیں۔دوپٹہ گلی میں خریداری کی عرض سے آنے والی خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے ملبوسات،دوپٹے اور دیگر لوازمات دوسروں سے بڑھ کر ہوں اور وہ تقریبات میں سب سے زیادہ خوبصورت اور منفرد نظر آئیں اور اسی خوشی کو حاصل کرنے کی خاطر وہ اپنا ڈھیر سارا وقت اور پیسہ فیشن پر خرچ کرتی ہے خواتین اپنے لباس جیولری جوتوں اور میک اپ کی خریداری پر خصوصی توجہ دیتی ہے ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بدلتے فیشن کے ساتھ ساتھ خود کو لے کر چلیں۔

دوپٹہ گلی میں سوتی کپڑے کے مختلف رنگوں کے بلاک پرنٹس دوپٹے اور شرٹس خواتین میں بے پناہ مقبول ہیں۔ان کپڑوں کی شیدائی خواتین خواہ لاہور کے کسی کونے میں بھی ہوں وہ موسم گرما میں ان کی خریداری ضرور کرتی ہے خواتین کا کہنا ہے کہ دوپٹہ گلی میں آتے ہی رنگوں کی بہار کو دیکھ کر دل خوش ہو جاتا ہے لگتا ہے یہاں کہکشاں کے رنگ زمین پر اُتر آئے ہیں جہاں تک مہنگائی کی بات ہے تو یہ بات بھی ضروری ہے کہ پہننا اوڑھنا بھی اسی حد تک ضروری ہے۔رات کے اوقات میں مارکیٹ میں سماں ہی اور ہوتا ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Lehrata Hai Khawab Sa Aanchal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.