Linen Ke Banarasi Malbosat - Article No. 3026

Linen Ke Banarasi Malbosat

لینن کے بنارسی ملبوسات - تحریر نمبر 3026

لینن ملبوسات جہاں بنارسی کام کے خوبصورت نزاکتی پہلو کو سمیٹے ہوئے ہیں وہیں آرام دہ بھی ہیں

جمعرات 8 دسمبر 2022

راحیلہ مغل
موسم تبدیل ہوتے ہی نت نئے کپڑوں کے ڈیزائن مارکیٹ میں آنا شروع ہو جاتے ہیں۔اگر موسم سرما کی بات کی جائے تو اس موسم میں لینن اور پشمینہ کے ملبوسات سرفہرست ہوتے ہیں اور آج کل مختلف ڈیزائنرز کے ڈیزائن کردہ منفرد اور نفیس لباس سب کو ہی پسند آتے ہیں۔پاکستان میں گزشتہ چند سالوں میں لینن کے کپڑوں میں نئے پرنٹ،کڑھائی اور ڈیزائننگ سے ان میں تبدیلی تو کر دی جاتی ہے لیکن پھر بھی ان کا استعمال آپ تقریبات میں نہیں کر سکتی ہیں۔
خواتین کی اس مشکل کو مدنظر رکھتے ہوئے بنارسی لینن متعارف کروا دی گئی ہے۔جس کے مختلف ڈیزائن اور کلر نہایت خوبصورت ہیں۔جس کا استعمال آپ عام دنوں کے علاوہ مختلف تقریبات میں بھی کر سکتی ہیں۔بنارسی لینن اب خواتین کی ضرورت کو پورا کرتا نظر آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

جہاں یہ لباس ایک طرف ڈیزائن میں بنارسی کام کے خوبصورت نزاکتی پہلو سمیٹے ہوئے ہیں وہیں دوسری طرف لینن کی آرام دہ خصوصیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی تیار کیے گئے ہیں۔


دراصل بنارسی کے کپڑے کا استعمال قدیم زمانے سے کیا جا رہا ہے۔بنارسی کی کاریگری اس قدر نفاست سے کی جاتی ہے کہ سب کو اپنی طرف متوجہ کر لیتی ہے۔خواتین کو ہمیشہ سے ہی خوبصورت اور نئے نئے ملبوسات کی خریداری کا شوق ہوتا ہے،اور شادیوں کے دنوں میں ڈیزائنرز کے خوبصورت ملبوسات متعدد خواتین کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔فیشن کی دنیا میں نئے ڈیزائنرز ایک سے بڑھ کر ایک ملبوسات کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں،ہر ہفتے نئی کلیکشن لوگوں کی بھرپور داد وصول کر رہی ہے۔
اس موسم سرما میں کسی بھی تقریب کیلئے اگر آپ بنارسی سگریٹ ٹراؤزر کے ساتھ ڈبل لیئر قمیض پہنیں تو بہت خوبصورت اور منفرد لگیں گیں۔قمیض کا انر بنارسی ہے،تو اَپر شیفون کا ہونا چاہئے،جس پر انتہائی حسین کام کیا گیا ہو،جب کہ پلین شیفون دوپٹے میں کہیں کہیں چھن اور اطراف میں لیس کی ہم آمیزی اگر کی جائے تو وہ بھی خوب کھلے گی۔پھر موسم سرما میں رائل بلیو رنگ کے پیراہن کی شان ہی نرالی ہوتی ہے۔
بیل پاٹم کے ساتھ اگر قدرے چھوٹی بنارسی پرنٹ والی قمیض پہنیں،جس کے دامن اور گلے پر زری کا کام ہو،تو ساتھ ٹیل اسٹائل میں فُل ایمبرائیڈرڈ فرنٹ اوپن اَپر کوٹ پہنیں تو آپ کی سج دھج نرالی ہو گی جس کو سب دیکھتے رہ جائیں گے۔اسی طرح گولڈن براؤن شیڈ میں بنارسی ڈھاکا پاجامے کے ساتھ اگر کام دار قمیض ہو تو خوشگوار تاثر دے گی،اس کے علاوہ اگر ڈارک براؤن رنگ میں بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ زری اورنگ ورک کی کام دار قمیض ہو تو کیا بات ہے۔

اسی طرح ہلکے سرمئی رنگ میں قدرے لمبی گھیر دار ڈبل لیئر فراک کے بھی کیا ہی کہنے کہ فراک کا اِنر پلین ہو،جب کہ اَپر پر ملٹی شیڈز کام ہو۔پھر پستئی ہی کے ایک اور شیڈ میں بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ شمر شیفون فیبرک میں ایمبرائیڈرڈ قمیض اور کرن سے آراستہ پلین دوپٹہ بھی خوب ہی بہار دکھائے گا۔ویسے بھی سرما رُت میں کسی تہوار پر سجنے سنورنے کے انداز بھی پورے جوبن پر ہوتے ہیں۔
چونکہ شادی بیاہ کی تقریبات بھی اپنے عروج پر ہیں،تو ہم آپ کو یہی مشورہ دیں گے۔آج ہی اپنی الماری میں موسم و تقریبات کی عین مناسبت سے کچھ خوشنما،دیدہ زیب اور اسٹائلش سے پیراہن کا اضافہ کیجئے۔اگر آپ سیاہ ٹراؤزر جس کے باٹم پر موتی اور رنگوں کا دلکش کام ہو،تو ساتھ ہی فرنٹ اوپن شرٹ کے ساتھ بھرے بھرے کام دار دوپٹے کا انتخاب بھی لاجواب ہے۔
اسی طرح طلائی رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ باٹل گرین رنگ کام دار قمیض اور دوپٹے کے حُسن و جاذبیت کے بھی کیا ہی کہنے۔جب کہ ایک جانب رسٹ رنگ بنارسی کام دار فلیپر کے ساتھ سیاہ رنگ قمیض اور رسٹ دوپٹے پر بھرا بھرا کام بہت بھلا معلوم ہوتا ہے،تو دوسری جانب سرخ بنارسی اسٹریٹ ٹراؤزر اور نیوی بلیو کام دار قمیض کے ساتھ گولڈن زری ورک سے آراستہ دوپٹہ بھی بہت ہی حسین و دل فریب معلوم ہوتا ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Linen Ke Banarasi Malbosat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.