Maghribi Malbosat Ke Mashriqi Andaaz - Article No. 2777

Maghribi Malbosat Ke Mashriqi Andaaz

مغربی ملبوسات کے مشرقی انداز - تحریر نمبر 2777

موسم سرما کے فیشن میں ڈینم کا راج

منگل 4 جنوری 2022

راحیلہ مغل
فیشن کے رنگ تو موسم کے ساتھ ہی بھلے لگتے ہیں۔خاص طور پر نوجوان نسل تو مغربی پہناؤں کو زیادہ ترجیح دیتی ہے۔موسم سرما میں جہاں فیشن کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ملبوسات کے رنگوں کا انتخاب منفرد ہو جاتا ہے،وہیں شارٹ اور لانگ کوٹ کے ساتھ جینز کی پتلون اور لانگ شوز شخصیت کو پُرکشش بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ کالج اور یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کے علاوہ فیشن کے ایونٹس میں شرکت کرنے والی خواتین کی بڑی تعداد بھی ان دنوں ہلکے اور شوخ رنگوں کے شارٹ باڈی اور لانگ کوٹ، جینز اور لانگ شوز میں دکھائی دیتی ہے۔اسی لئے معروف ڈیزائنرز جہاں پارٹی ویئر بناتے ہیں،وہیں شارٹ اور لانگ کوٹ بھی ڈیزائن کرتے ہیں جو خواتین کو سردی سے محفوظ رکھنے کے ساتھ فیشن کے نئے رجحانات کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)


مغربی شال،کیپ:
دراصل موسم کوئی بھی ہو فیشن ہمیشہ اپنے رنگ دکھاتا ہے۔سردیوں میں خواتین کی بڑی تعداد ایسے ملبوسات کو ترجیح دیتی ہے جو فیشن کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ان کو موسم کی شدت سے بھی محفوظ رکھیں۔اس حوالے سے ہمارے ہاں شال کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے لیکن مغربی ممالک میں شال کی ماڈرن طرز کو ”کیپ“ کا نام دیا گیا ہے۔
یہ لباس دکھنے میں تو شال کی طرح ہی لگتا لیکن اس کا سائز شال کے مقابلے میں چھوٹا ہوتا ہے۔سردی سے بچاؤ کیلئے یہ لباس اہم کردار ادا کرتا ہے۔اس لباس کو عام طور پر خواتین مشرقی اور مغربی ملبوسات کے ساتھ استعمال کرتی ہیں لیکن کالج اور یونیورسٹی میں زیر تعلیم لڑکیاں جینز،سویٹر اور لانگ شوز کے ساتھ پہنتی ہیں۔اس کے علاوہ ہلکی پھلکی جیولری اور مختلف ہیئر اسٹائلز کے ساتھ ہلکے اور شوخ رنگوں میں بنا یہ لباس خواتین کی شخصیت کو پُرکشش بھی بناتا ہے۔

گاون اور میکسی:
دورِ حاضر میں فیشن کے بدلتے رجحانات ویسے تو مشرق اور مغرب کے فرق کو کم کرتے دکھائی دیتے ہیں اس کے باوجود خواتین کے کچھ پہناوے ایسے ہیں جو مشرق اور مغرب کے کلچر کی عکاسی کرتے ہیں جس طرح شلوار قمیض،ساڑھی،کُرتا پاجامہ مشرق کی جبکہ فراک،میکسی اور سکرٹس وغیرہ مغرب کی پہچان کہلاتے ہیں۔ملبوسات سے کلچر کی عکاسی ہوتی ہے۔
اب نوجوان نسل مشرق اور مغرب کے ملبوسات کے اشتراک کو ترجیح دیتی ہے۔کوئی کُرتے کے ساتھ جینز استعمال کرتے ہیں تو کہیں پر میکسی یا گاون کو ترجیح دی جاتی ہے۔مغلیہ دور میں شہزادیوں کیلئے خصوصی ملبوسات تیار کئے جاتے تھے،جبکہ مغربی ممالک میں میکسی اور فراک کا رواج عام تھا۔ ہمارے ملک کے معروف ڈیزائنرز موسم اور فیشن کی مناسبت سے دیدہ زیب رنگوں میں دیگر ملبوسات کے ساتھ موسم سرما میں میکسی اور فراک بھی تیار کر رہے ہیں جو شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں خواتین کی اولین پسند مانے جاتے ہیں۔
اس میں شک نہیں کہ جب بھی موسم انگڑائی لیتا ہے تو کپڑوں سے لے کر میک اپ تک ہر چیز میں تبدیلی آ جاتی ہے۔سردیوں کی بات کریں تو اس موسم میں کپڑوں کا انتخاب گرمیوں کے مقابلے میں زیادہ مشکل معلوم ہوتا ہے کیونکہ ایک طرف موسم کے اثرات کا خیال رکھا جاتا ہے تو دوسری جانب فیشن ٹرینڈ پر عمل کرنا بھی لازمی ہوتا ہے۔یعنی کپڑے پہننے میں گرم بھی ہوں اور دیکھنے میں اسٹائلش بھی۔

اسٹیٹمنٹ کوٹ:
موسم سرما کے نئے ٹرینڈ پر عمل کرنے کے لئے آپ کو اپنے سیاہ یا سادہ کوٹ کو پہننے سے اجتناب کرنا ہو گا کیونکہ ایکسپرٹس کی جانب سے اس موسم کے لئے سادہ کے بجائے اسٹیٹمنٹ کوٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔اس حوالے سے ڈیزائنرز کی رائے ہے کہ عوام کی اکثریت سرد موسم میں شوخ اور کھلتے رنگوں کو زیادہ پسند کرتی ہے،لہٰذا سیاہ جینز یا سیاہ ٹاپ کے ساتھ مختلف پرنٹس والے اسٹیٹمنٹ کوٹ کا انتخاب آپ کے آوٹ فٹ کو ایک خوبصورت اور منفرد لُک دے گا۔
اب یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ آپ نے اسٹیٹمنٹ کوٹ پہننا ہے یا پھر کوئی عام کوٹ۔
موسم سرما اور ڈینم کا فیشن:
موسم سرما کے آغاز سے ہی مارکیٹس میں ڈینم کی فروخت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔شاپنگ کے دوران شاید ہی کوئی ایسی شاپ ہو،جہاں ڈینم کی ”ونٹر ورائٹی“ موجود نہ ہو اور کلیکشن بھی ایسی کہ دل کرے سب خریدتے چلے جاؤ۔
سردیاں اور ڈینم دو ایسے خوبصورت ملاپ ہیں،جن کے بغیر اس موسم کا مزہ ادھورا سا لگتا ہے۔سردیوں کی شاپنگ ہو اور ڈینم فیبرک (کسی بھی شکل میں) نہ خریدا جائے،یہ ناممکن سی بات لگتی ہے۔کچھ عرصہ پہلے کی بات کی جائے ڈینم فیبرک کو مغرب کی روایت جان کر خواتین اس کے انتخاب سے کتراتی تھیں لیکن اب ڈینم مشرقی خواتین کا بھی انتخاب بن گیا ہے۔ڈینم فیبرک کسی ایک نہیں بلکہ مختلف صورتوں (مثلاً مختلف ملبوسات،جوتے،بیگز اور گھڑیاں) مختلف رنگوں اور مختلف انداز میں دستیاب ہے۔
رواں برس نیلے کے علاوہ ڈینم کے گہرے رنگ والے ملبوسات کو خاص اہمیت حاصل ہے،جن میں سیاہ رنگ پیش پیش ہے۔ڈینم کا سیاہ رنگ سیلیبرٹیز کی اولین ترجیح ثابت ہو رہا ہے۔
ڈینم کُرتی:
مشرقی ممالک میں ڈینم کی مختلف رنگوں اور اسٹائل والی کُرتیاں نوجوان لڑکیوں میں بے حد مقبول ہیں۔مارکیٹس میں ڈینم کُرتیوں کی اتنی وسیع رینج موجود ہے کہ انتخاب مشکل محسوس ہونے لگتا ہے۔
ڈینم کی کُرتیوں میں اس سال کا بہترین اضافہ ایمبرائیڈڈ کُرتیاں ہیں۔ڈینم فیبرک پر خوبصورت پھلواری کام خواتین کو انفرادیت اور دلکشی عطا کرتا ہے۔مشرقی اور مغربی اسٹائل کی کُرتیاں سردیوں کے لئے شاپنگ میں نہ صرف لڑکیوں بلکہ خواتین کا بھی انتخاب بن جاتی ہیں۔
ڈینم جینز ٹرینڈ:
ڈینم جینز کا فیشن نیا نہیں برسوں پرانا ہے۔
صدیاں گزرنے کے باوجود ڈینم کی اہمیت میں کہیں کوئی فرق نظر نہیں آتا۔جہاں سیلیبرٹیز ڈینم کے معروف برانڈ کے لئے ہزاروں ڈالر خرچ کرتے ہیں،وہیں عام انسان ڈینم کی ایک کاپی جینز کے لئے ہزاروں خرچ کرتے نظر آتے ہیں لیکن سب کا انتخاب ہوتا ڈینم ہی ہے۔خواتین میں مقبول ڈینم جینز کی بات کی جائے تو رواں برس ڈینم بیگی جینز،لیگی اور ڈینم پلازو اسٹائل جینز بے حد مقبول ہے۔

ڈینم جیکٹ:
فیشن ایکسپرٹ ڈینم جیکٹ کو ملٹی فنکشنل قرار دیتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ سردیوں میں ڈینم جیکٹ نہ لی تو سمجھیں کچھ نہیں لیا۔اس جیکٹ کا انتخاب آپ چاہے فراک سادہ سی کُرتی یا ساڑھی پر بھی کیا جا سکتا ہے،اس انتخاب کے ذریعے آپ اپنی شخصیت میں دلکشی اور ماڈرن لُک محسوس کریں گی۔
ٹونل ڈریسنگ:
موسم سرما کا دوسرا اہم ٹرینڈ ٹونل ڈریسنگ ہے۔
اس سے مراد ڈریسنگ کے لئے سر سے پاؤں تک ایک ہی شیڈ کے مختلف کلرز کا انتخاب ہے، مثلاً لائٹ پرپل اور ڈارک پرپل۔فیشن ایکسپرٹس ٹونل کلرز کو کنٹراسٹنگ کلر (مثلاً لال اور ہرے) کا متبادل قرار دیتے ہیں۔ٹونل ڈریسنگ کے حوالے سے فیشن ڈیزائنر آئیکن کا کہنا ہے کہ ٹونل ڈریسنگ عام ڈریسنگ سے قدرے مختلف ہے،جو نہ صرف آپ کو فینشسٹا خواتین کی فہرست میں شامل کر دے گی بلکہ آپ خوش لباس اور خوبصورت بھی معلوم ہوں گی۔بس آپ نے اس بات کا خیال رکھنا ہے کہ ڈریسنگ کے لئے سوئیٹر،پلازو،ٹاپ یا شوز وغیرہ کے رنگوں کی ہم آہنگی برقرار رہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Maghribi Malbosat Ke Mashriqi Andaaz" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.