Mann Chahe Pehnawoon Ka Mausam - Clothing Tips For Women

من چاہے پہناؤوں کا موسم - خواتین کے ملبوسات

جمعہ اپریل

Mann Chahe Pehnawoon Ka Mausam
راحیلہ مغل
لباس اپنی تراش خراش کے اعتبار سے نئے انداز میں ڈھلتے ہیں۔یہ انداز ہمیں موسمی کیفیات کا تجربہ بھی بہم پہنچاتے ہیں،خواہ رنگوں کی صورت میں ہو یا کپڑے کی ساخت میں،پھر فیشن کا مطلب تراش خراش میں ہی جدت نہیں،بلکہ کپڑے کے ڈیزائنوں اور ساخت میں جدت بھی ہوتی رہتی ہے۔جوں جوں موسم تبدیل ہوتا رہتا ہے توں توں ہمارے لباس میں بھی نمایاں تبدیلی آتی رہتی ہے،چونکہ ملک بھر میں اس وقت موسم گرما کا آغاز ہو رہا ہے۔

خواتین اس موسم میں سب سے زیادہ خریداری لان کے ملبوسات کی کرتی ہیں۔اس مناسبت سے بازاروں میں جا بہ جا لان کے کپڑوں کی بہار ہے۔آج کل لان کے کڑھائی والے ملبوسات ہر عمر اور طبقے کی خواتین میں بے حد مقبول ہیں۔خواتین کی اکثریت کپڑوں کا انتخاب کرتے وقت ان کے پرنٹ کو اہمیت دیتی ہے۔

(جاری ہے)


ملبوسات خریدتے وقت موسم کی مناسبت سے ان کے رنگوں کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔

جن رنگوں کے لباس ہم پہنتے ہیں،وہ نہ صرف ہماری شخصیت کے آئینہ دار ہوتے ہیں،بلکہ ہمارے مزاج،رویوں اور ماحول پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ہر رنگ اپنی ایک تاثیر اور توانائی رکھتا ہے۔کچھ رنگوں کا مزاج گرم ہوتا ہے تو کچھ کا سرد۔آج کل چونکہ گرم موسم کا آغاز ہو رہا ہے،اس لئے کپڑوں کا انتخاب کرتے ہوئے ایسے رنگوں کا انتخاب کریں جو موسم کی حدت کو مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔

اس کے علاوہ آپ کو یہ بھی پتہ ہونا چاہئے کہ اس سال کا رنگ کونسا ہے تو آپ کو دوبارہ یاد کروا دیں کہ اس سال کا رنگ پیلا اور سرمئی ہے لہٰذا اس سال لان کے سوٹ خریدتے وقت سرمئی اور پیلے رنگ کے ملبوسات ضرور خریدیں۔اب بات کرتے ہیں ان رنگوں کی جن کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے تاکہ موسم گرما میں آپ خوبصورت لگنے کے ساتھ ساتھ سکون محسوس کریں۔
سفید رنگ
سفید رنگ کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔

اس میں سورج کی تیز شعاعوں کو منعکس کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔یہ سورج کی بالائے بنفشی شعاعوں کو جسم میں جذب ہونے سے روکتا ہے۔اسکول اور کالج یونی فارم میں سفید رنگ شامل ہوتا ہی ہے،یونیورسٹی کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو ملبوسات خریدتے وقت ایسے کپڑے کا انتخاب کرنا چاہیے جس میں سفید رنگ نمایاں ہو۔تیز دھوپ میں باہر نکلتے وقت سفید رنگ کا اسکارف یا دوپٹہ سر ڈھانپے کے لئے موزوں رہتا ہے۔


آسمانی رنگ
یہ رنگ چونکہ نیلے رنگ میں سفید رنگ کی آمیزش سے بنتا ہے،اس لئے اس کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔ملازمت پیشہ خواتین اور یونیورسٹی کی طالبات دن کے اوقات میں ایسے کپڑوں کا انتخاب کر سکتی ہیں جن میں آسمانی رنگ نمایاں ہو۔
گلابی رنگ
نو عمر اور نوجوان لڑکیوں کی اکثریت گلابی رنگ پسند کرتی ہے۔

اس رنگ کا مزاج بھی ٹھنڈا ہوتا ہے۔گلابی رنگ ہر عمر کی خواتین پر جچتا ہے۔ اس رنگ کی یہ خوبی ہے کہ یہ ہر قسم کی تقریبات میں پہنا جا سکتا ہے۔شادی بیاہ کی تقریبات ہوں یا مذہبی تقریبات،یہ ہر جگہ آپ کی شخصیت کو باوقار انداز دیتا ہے۔گرمیوں کے موسم میں گلابی رنگ کے ملبوسات دن اور رات کے اوقات میں یکساں طور پر زیب تن کیے جا سکتے ہیں۔
نیلا رنگ
اس رنگ کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔

یہ رنگ گہرا ہوتا ہے،اس لئے گرمیوں کے موسم میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لئے انتہائی موزوں رہتا ہے۔گرمیوں میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لئے نیلے رنگ پر سلوررنگ کی کڑھائی یا کام دانی آپ کی شخصیت میں چار چاند لگا دے گی۔
سبز رنگ
تاثیر کے لحاظ سے سبز رنگ بھی ٹھنڈے رنگوں میں شامل ہے۔سبز رنگ کو دیکھتے ہی ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔

اس رنگ میں بھی یہ خاصیت پائی جاتی ہے کہ اسے دن اور رات کے اوقات میں یکساں طور پر پہنا جا سکتا ہے۔شادی بیاہ کی تقریبات کے لئے بھی سبز رنگ کے ساتھ سلور کڑھائی یا کام گرمیوں کی مناسبت سے موزوں رہتا ہے۔
فیروزی رنگ
یہ رنگ بھی نیلے اور سفید رنگ کی آمیزش سے بنتا ہے ،اس لئے اس کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔گرمیوں میں دن کے وقت پہننے کے لئے یہ موزوں رنگ ہے۔

ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو یہ رنگ پہننا چاہیے۔
سرمئی رنگ
گرمی کے موسم میں دن کے وقت پہننے کے لئے سرمئی رنگ ایک موزوں رنگ ہے اور یہ اس سال کا رنگ بھی اس لئے اسے ضرور اپنائیں۔ بعض نوجوان اور نو عمر لڑکیاں سمجھتی ہیں کہ سرمئی رنگ صرف عمر رسیدہ خواتین کے لئے مخصوص ہے۔لیکن اب آپ نے ایسا نہیں سمجھنا ایک تو اس رنگ کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے،اس لئے اگر آپ چاہیں تو اسے اپنی پسند کے کسی دوسرے رنگ کے ساتھ کسی نیشن بنا کر بھی پہن سکتی ہیں۔


ہلکا پیلا
یہ رنگ گرمیوں میں بہت پر سکون محسوس ہوتا ہے اور دیکھنے میں باوقار لگتا ہے اکثر ورکنگ وومین اس رنگ کے ملبوسات پسند کرتی ہیں۔
سی گرین
یہ رنگ نیلے اور سبز رنگوں کی آمیزش سے بنتا ہے،اس لئے اس کا مزاج بھی ٹھنڈا ہوتا ہے۔گرمی کے موسم میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لئے یہ ایک بہترین رنگ ہے۔

جن رنگوں کا مزاج گرم ہوتا ہے،گرمی کے موسم میں انہیں پہننے سے حتی الامکان گریز کرنا چاہیے۔اب بات کرتے ہیں ان رنگوں کی جو گرمی کے موسم میں پہننے کے لئے بالکل موزوں نہیں ہیں۔
سیاہ رنگ
کالا یا سیاہ رنگ مزاج کے اعتبار سے انتہائی گرم رنگ ہے۔یہ سورج کی بالائے بنفشی شعاعوں کو تیزی سے اپنے اندر جذب کرتا ہے جس کی وجہ سے یہ رنگ پہن کر اگر ہم دن کے وقت باہر نکل جائیں تو ہمیں شدید گرمی کا احساس ہوتا ہے۔

گرمی کے موسم میں سیاہ اسکارف یا دوپٹہ اوڑھ کر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنا چاہیے البتہ رات کی تقریبات کے لئے آپ چاہیں تو سلور کام کے ساتھ پہن سکتی ہیں۔جو خواتین عبایا پہنتی ہیں انہیں چاہیے کہ گرمیوں میں سیاہ کے بجائے اپنی پسند کے کسی ہلکے رنگ کا عبایا پہنیں تاکہ گرمی کا احساس کم ہو۔
نارنجی رنگ
یہ رنگ بھی مزاج کے اعتبار سے انتہائی گرم ہوتا ہے۔

گرمی کے موسم میں تو دن کے وقت اسے دیکھنے سے ہی یہ آنکھوں میں چبھتا ہے۔اس لئے گرمی میں نارنجی رنگ پہننے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
زرد رنگ
پیلا یا زرد رنگ بھی مزاج کے لحاظ سے گرم ہوتا ہے۔گرمیوں میں دن کے وقت پہننے کے لئے یہ بالکل موزوں نہیں ،البتہ رات کی تقریبات میں سلور کام کے ساتھ پہنا جا سکتا ہے۔
سرخ رنگ
لال یا سرخ رنگ بھی مزاج کے اعتبار سے ایک گرم رنگ ہے۔

اسی وجہ سے یہ رنگ گرمی کے موسم میں دن کے وقت پہننے کے لئے موزوں نہیں ہے،لیکن رات کے وقت پہنا جا سکتا ہے۔ایک بات کا خیال رکھیں کہ گرمیوں میں شادی بیاہ کی تقریبات کے لئے کام بنواتے وقت سلور رنگ کا انتخاب کریں،کیونکہ یہ ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے۔گرمی کے موسم میں کپڑے خریدتے وقت یہ بات بھی پیش نظر رکھیں کہ ہلکے رنگوں کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔ان رنگوں کے علاوہ کاسنی ،انگوری،بادامی،پیچ،فان،بسکٹی وورنگ ہیں جنہیں آپ اپنی عمر کے لحاظ اور موقع نقل کی مناسبت سے پہن سکتی ہیں جو نہ صرف موسم کی شدت سے مقابلہ کرنے میں آپ کی مدد کریں گے بلکہ آپ کی شخصیت کو بھی جاذب نظر بنائیں گے۔
تاریخ اشاعت: 2021-04-02

Your Thoughts and Comments

Special Clothing Tips For Women article for women, read "Mann Chahe Pehnawoon Ka Mausam" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.