Mausaam Khushgawar Pehnawe Dilkash - Article No. 2567

Mausaam Khushgawar Pehnawe Dilkash

موسم خوشگوار پہناوے دلکش - تحریر نمبر 2567

فیشن کے نت نئے انداز آپ کے وارڈ روب کا حصہ بن کر موسم کی خوبصورتی کو مزید بڑھا سکتے ہیں

بدھ 7 اپریل 2021

راحیلہ مغل
ایک طویل مدت کے بعد موسم اپنے معمول پر آیا ہے۔مارچ میں خنکی کا احساس رہا اور اپریل کا آغاز معتدل شب و روز سے ہوا ہے۔اب گرمی اپنا جوبن دکھانے والی ہے۔بہار کا پتہ ہی نہیں چلتا کہ کب آئی اور کب گئی۔البتہ پھولوں کی نمائشوں کا انعقاد ہوتا ہے اور درختوں پر کھلی نئی کونپلیں نمو کا مژدہ دیتی ہیں۔ماحول میں کبھی یاس اور کبھی خوشی کا احساس ملتا ہے جو طبیعتوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔
آسمان کی وسعتوں میں چیلیں منڈلاتی رہتی ہیں اور گاہے بگاہے ان کی آواز آفتابی حدت سے بھرپور فضا میں ایک عجیب سا ردھم پیدا کرتی ہے۔دن کی روشنی اس قدر خیرہ کُن ہوتی ہے کہ گہرے رنگ آنکھوں کو چبھتے ہیں اور ہلکے رنگوں میں عافتی محسوس ہوتی ہے۔بس فیشن بھی رنگوں کے اُلٹ پھیر ہی سے ترتیب پاتا ہے اور خواتین کا انتخاب موسم سرما کے گہرے رنگوں سے موسم گرما کے ہلکے رنگوں کی جانب منتقل ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

لباس میں تراش خراش سے زیادہ اہمیت رنگوں کی ہے۔رنگ دیکھنے والے کو ہی متاثر نہیں کرتے،بلکہ پہننے والے کی طبیعت پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ دھیمے اور ہلکے رنگ احساسات پر گراں نہیں گزرتے اور روح کو فرحت اور شادمانی عطا کرتے ہیں۔گرمی ہو یا سردی یا پھر ساون کی خوبصورت رُت،خواتین موسم کے کسی بھی انداز کو انجوائے کیے بغیر نہیں رہ سکتیں اور جب ان موسموں کے لحاظ سے فیشن کے نت نئے انداز میں مارکیٹ میں آجائیں تو ہر اچھے موسم کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔
تو کیوں نہ آج بات ہو جائے وارڈ روب کے کچھ ایسے ٹرینڈ کی،جس میں فیشن کے نت نئے انداز آپ کے وارڈ روب کا حصہ بن کر موسم کی خوبصورتی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔آئیے جانتے ہیں کہ خوشگوار موسم میں کون سی شاپنگ آپ کے لئے پرفیکٹ رہے گی۔
لائٹ فیبرک آوٹفٹ
فیشن ماہرین کے مطابق موسم اگر خوشگوار ہو تو ایسے موسم میں ہلکے ملبوسات مثلاً کاٹن اور شیفون فیبرک کا انتخاب کرنا چاہیے۔
یہ ملبوسات پہننے میں ہلکے ہوتے ہیں اور اگر کبھی بارش ہو جائے تو جلدی خشک بھی ہو جاتے ہیں۔ایسے ملبوسات ٹرینڈ کے عین مطابق ہونے کے سبب ایک بہترین انتخاب ثابت ہو سکتے ہیں۔بھاری اور کامدار ملبوسات کا انتخاب ہر گز نہ کیا جائے۔ڈارک کلرز کلیکشن سردیاں ختم ہوتے ہی موسم خوشگوار ہو جاتا ہے اور جب یہ سیزن اپنے اختتام کو پہنچتا ہے تب بھی موسم اپنی دلکشی دکھاتا ہے۔
اسی لئے اس موسم میں اپنی وارڈ روب میں ہلکے اور پھیکے رنگوں کے ساتھ ساتھ شوخ اور گہرے رنگوں کا اضافہ کیجیے۔یہ رنگ نہ صرف آپ کے موڈ کو بہتر رکھیں گے بلکہ آپ کی شخصیت کو بھی انفرادیت بخشیں گے۔اس لئے کوشش کریں کہ ہلکے رنگوں کے بجائے گہرے اور شوخ رنگ مثلاً بلو،ڈارک پنک اورنج اور یلو کلر کے ملبوسات کا انتخاب کریں۔اگر آپ جینز کے ساتھ کچھ نیا انداز اپنانے کا سوچ رہی ہیں تو فلورل شرٹس اور ڈینم پینٹس کے ساتھ رنگا رنگ شارٹ کرتیوں کا انتخاب آپ کے لئے سب سے زیادہ مناسب رہے گا۔

جوتے اور سینڈل کا انتخاب
موسم جب خوشگوار ہو جاتا ہے تو اس کے دل و دماغ پر بھی مثبت اثرات پڑتے ہیں۔ایسے میں خواتین کو سب سے زیادہ مسئلہ جوتوں کے انتخاب کے دوران پیش آتا ہے کہ کہیں خوبصورت موسم میں کیا پہنیں اور کیا نہیں۔خواتین کی یہ مشکل اسنیکرز دور کر سکتے ہیں کیونکہ آج کل یہ فیشن میں خاصے ان ہیں،یہ اسٹائل آپ کے لئے بھی پرفیکٹ ثابت ہو سکتا ہے۔
علاوہ ازیں اگر پینٹ شرٹ پر لوفرز شوز اور منفرد ڈیزائن کی فلیٹ چپل پہنی جائے تو آپ کے لک میں چار چاند لگ سکتے ہیں۔
کلر فل اسکارف
فلورل پرنٹڈ والا رنگ برنگا اسکارف خوشگوار موسم میں آپ کی وارڈ روب کے لئے بہترین رہے گا۔ویسے بھی اسکارف ہر سیزن کے لئے ایور گرین فیشن ثابت ہو رہا ہے۔چاہے مشرق ہو یا مغرب اسکارف دنیا بھر میں فیشن کا حصہ بنتے جا رہے ہیں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد اسٹائلش اور دلفریب نظر آنے کے لئے اسکارف استعمال کر رہی ہیں۔
تو ہماری مانیے موسم کا مزہ لوٹنے کے لئے جینز اور شارٹ ٹاپ کے لئے کچھ رنگ برنگے اسکارف کی خریداری ضرور کیجیے اور اپنے پہناوے کو دیجیے خوبصورت موسم میں ایک دلکش انداز۔اگر ساحل سمندر کی سیر پر جا رہے ہوں تو جینز کی پینٹ کے ساتھ سفید یا سیاہ رنگ کی شرٹ پہنیں اور کلر فل اسکارف لے لیں،یہ اسٹائل آپ کے پہناوے کو ایک خوبصورت انداز دے گا۔

جیولری
ٹسلز گزشتہ برس سے خواتین اور سیلیبرٹیز فیشن ٹرینڈ کا حصہ بن چکے ہیں۔عید ہو یا شادی کی تقریبات،ریمپ پر واک ہو یا فلم ایوارڈ، شوبز انڈسٹری کی سیلیبرٹیز سمیت دیگر خواتین بھی ٹسلز ایئرنگ کا انتخاب زیادہ کرتی دیکھی جاتی ہیں۔تو پھر ایسا کیسا ممکن ہے کہ خوبصورت موسم ہو اور ٹسلز کا فیشن پیچھے رہ جائے!موسم خوشگوار ہو تو ٹسلز کو اپنی وارڈ روب کا حصہ بنانے کے لئے ایئر رنگ کے طور پر نہیں بلکہ چوکرز کے طور پر منتخب کریں۔

چھتریاں
اگر آپ کسی ایسی جگہ جا رہی ہیں جہاں بارش کا امکان ہو تو ایسے میں آپ چھتری استعمال کرنے کا شوق بھی پورا کر سکتی یں۔خواتین چونکہ سب کچھ منفرد کرنے کی شوقین ہوتی ہیں،اس لئے چھتریاں بھی عام سی نہیں خریدتیں اور کوشش کرتی ہیں کہ یہ بھی ٹرینڈ کے عین مطابق ہو،مثلاً کلر فل یا پھر مختلف ڈیزائن کی کیونکہ یہی چھتریاں مارکیٹ میں زیادہ مشہور ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Mausaam Khushgawar Pehnawe Dilkash" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.