Mausam Garma Ka Pehnawa Lawn Aur Chicken - Clothing Tips For Women

موسم گرما کا پہناوا لان اور چکن - خواتین کے ملبوسات

ہفتہ 12 جون 2021

Mausam Garma Ka Pehnawa Lawn Aur Chicken
راحیلہ مغل
خواتین اور خریداری دونوں کا ہی چولی دامن کا رشتہ ہے گھر کے یا آفس کے کاموں سے فارغ ہو کر اکثر خواتین کو کچھ سوجھتا ہے تو وہ ہے شاپنگ۔جدید تراش خراش پر مبنی ملبوسات،جوتے،میچنگ پرس،میک اپ یہ وہ تمام چیزیں جن کہ بنا خواتین اپنے آپ کو ادھورا سمجھتی ہیں جون کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان بھر میں گرمی کا موسم اپنے عروج پر پہنچ جاتا ہے۔

گرمی کے لحاظ سے خواتین کا پہناوا بھی تبدیل ہو جاتا ہے۔ جیسے جیسے دھوپ کی تمازت اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے خواتین کی بڑی تعداد لان اور چکن کے ملبوسات پہننا پسند کرتی ہیں اور ان کی خریداری کے لئے مارکیٹس کا رخ کرتی ہیں۔اس وقت بھی مارکیٹ میں شوخ اور خوبصورت ڈیزائنرز،برانڈز اور ٹیکسٹائل ملز کی طرف سے دیدہ زیب لان مارکیٹ میں آچکی ہیں۔

(جاری ہے)

خوبصورت لان پرنٹس،جذب نظر ماڈلز زیب تن کیے ٹی وی اخبارات اور سوشل میڈیا پر لان کے اشتہارات میں نظر آرہی ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ لان کے ملبوسات کی نمائش کا بھی انعقاد بھی کیا جا رہا ہے اور خواتین کی بڑی تعداد لان کی خریداری میں مصروف ہیں۔
پاکستان میں موسم گرما بہت طویل ہوتا ہے اس لئے گرمی میں صرف لان اور چکن کی ہی انسان کو آرام و تسکین فراہم کر سکتی ہے۔

لان کا کپڑے میں ایسا فیبرک استعمال کیا جاتا ہے جو ہوادار بھی ہے اور نمی جذب کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔اس لئے گرمی آتے ہی ہر طرف لان اور چکن کی بہار آجاتی ہے اور خواتین بازاروں اور نمائش کا رخ کرتی ہیں تاکہ اپنے پسندیدہ ڈیزائن فوری خرید سکیں۔لان اور چکن کے سوٹ تھری پیس،ٹو پیس اور ون پیس میں آتے ہیں جسے خریدار اپنی ضرورت کے مطابق خریدتے ہیں۔


رواں سال لان چار سے پانچ پیس میں مارکیٹ میں آچکی ہے جس میں لان کی قمیض اور شلوار کے ساتھ شفون کے دوپٹے اور کڑھائی والے گلے اور بازو علیحدہ سے شامل ہیں۔اس بار سفید،آسمانی نیلا،ہلکا گلابی،پیلے اور عنابی رنگ زیادہ فیشن میں ہیں تقریباً تمام لان اور چکن ان رنگوں میں زیادہ ڈیزائن کے ساتھ مارکیٹ میں دستیاب ہے۔
اس سال لمبی قمیضوں کے ساتھ سمارٹیزان ہیں اور لان کے چھوٹے کرتوں کے ساتھ بیل بوٹم پاجامے بھی فین میں ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ لان سوٹس سے جمپ سوٹ بھی بنوائے جا رہے ہیں اور ان کے ساتھ گاون بھی پہنے جا رہے ہیں۔لان کے ڈیزائنز میں پھول دار،پولکا ڈاٹس،لائنز ،چنری،بلاک پرنٹس،ڈیجیٹل،اسکرین پرنٹ اور چیک اس بار ان ہیں۔
پاکستان میں لان اور چکن کو ملا کر ایک اور فیبرک بھی لانچ کروایا گیا ہے جس کو چکن کاری کا نام دیا گیا ہے۔چکن کاری خواتین میں بہت زیادہ مقبول ہو رہی ہے اس میں سفید،پیلا،ہلکا گلابی اور ارغوانی رنگ کی خاص طور پر ڈیمانڈ زیادہ ہے خواتین اس کو نیٹ،کڑھائی والے گلوں اور شفون کے بازو لگوا کر پہننا پسند کر رہی ہیں۔

بہت سی ملزز اور ڈیزائنرز اس کی ریڈی میڈ کولیکشن بھی سامنے لے آئے ہیں تاکہ خواتین کو کڑھائی سلائی کے جھنجھٹ سے بھی بچ سکیں۔
سفید رنگ کے اے لائن فراک پر اگر آپ لال رنگ کی جامہ وار لگا لیں اور گولڈن رنگ کی کڑھائی سے مزین کر لیں تو اس جوڑے کو گرمی میں ہونے والی شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں بھی پہنا جا سکتا ہے۔اس کے ساتھ میچنگ بندے بھی پہن لیں جو سوٹ پر کیے گئے کام سے ہم آہنگ ہوں۔

ہلکے گلابی رنگ کے جوڑے کو روزمرہ استعمال میں بھی پہنا جا سکتا ہے لمبی قمیض اور لیس لگے ٹراؤزر کے ساتھ آپ بہت جاذب نظر لگیں گی۔گرمی کی وجہ سے ملبوسات کی آستینیں کھلی اور پوری رکھی گی اور سوٹ کی خوبصورتی کو اور بڑھانے کے لئے گلے کی پٹی پر بھی کڑھائی کروا لیں۔چکن کاری میں تھوڑی تراش خراش کے ساتھ ساڑھی بھی بنائی جا سکتی ہے۔
تاریخ اشاعت: 2021-06-12

Your Thoughts and Comments

Special Clothing Tips For Women article for women, read "Mausam Garma Ka Pehnawa Lawn Aur Chicken" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.