Mausam Garma Ke Malbosat - Article No. 2898

Mausam Garma Ke Malbosat

موسم گرما کے ملبوسات - تحریر نمبر 2898

موسم گرما میں لباس ایسا ہونا چاہیے کہ جس سے شخصیت پُرکشش نظر آنے کے ساتھ ساتھ موسم کی شدت بھی محسوس نہ ہو اور لباس تقریب کے لحاظ سے بھی موزوں ہو

بدھ 8 جون 2022

نسرین شاہین
خوبصورت اور جاذب نظر آنا خواتین کا حق ہے۔اپنے اس حق سے خواتین کسی قیمت پر بھی دست بردار ہونے کا سوچ نہیں سکتیں۔یہ آج کی بات نہیں،بلکہ عرصہ دراز سے ہی خواتین اپنے آپ کو نکھارنے کے لئے طرح طرح کے طریقے اپناتی آئی ہیں،تاکہ وہ خوب سے خوب تر کی دوڑ میں سب سے آگے رہیں۔
شخصیت کو نکھارنے میں خوش خلقی و جاذب نظری کے ساتھ ساتھ لباس کا کردار بھی اہم ہوتا ہے،اس لئے لباس پر خواتین کی خصوصی توجہ ہوتی ہے۔
موسم گرما میں ایسے لباس کا انتخاب کیا جاتا ہے،جسے پہن کر نہ صرف ٹھنڈک اور فرحت کا احساس ہو،بلکہ شخصیت میں بھی چار چاند لگ جائیں۔یوں تو ہر موسم میں مختلف قسم کے ملبوسات دکھائی دیتے ہیں،لیکن گرم موسم میں کچھ زیادہ ہی تنوع اور رنگا رنگی نظر آتی ہے،بلکہ یوں کہا جائے تو زیادہ مناسب ہو گا کہ لباس کے انداز میں بھی موسم ہی کے رنگ جھلکنے لگتے ہیں اور اس طرح موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ خواتین کی شخصیت بھی لباس سے ہم آہنگ ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)


گرمیوں میں زیادہ تر لان کے لباس پسند کیے جاتے ہیں۔لان میں بھی پرنٹڈ لان ہی خواتین کی توجہ کا مرکز ہوتی ہے۔ویسے تو لان کے ٹو پیس سوٹ بھی بازار میں موجود ہیں،لیکن تھری پیس سوٹ زیادہ جاذب نظر ہوتے ہیں۔
لباس کے لئے رنگوں کا انتخاب بھی ایک مشکل ترین مرحلہ ہے،اس لئے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ شخصیت پر کون سا رنگ سوٹ کرتا ہے اور کون سے موسم میں کیسے رنگ کے کپڑے پہننے چاہییں۔
موسم گرما میں لباس ایسا ہونا چاہیے کہ جس سے شخصیت پُرکشش نظر آنے کے ساتھ ساتھ موسم کی شدت بھی محسوس نہ ہو اور لباس تقریب کے لحاظ سے بھی موزوں ہو۔دھیمے یا ہلکے رنگ گرمیوں کے ملبوسات کی خصوصیت ہیں۔ہلکے رنگوں سے گرمی کی شدت کم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے،جو کامیاب بھی رہتی ہے۔سورج کی تیز شعاعیں ان رنگوں میں جذب نہیں ہوتی ہیں،اس طرح لباس پہننے والا ٹھنڈک محسوس کرتا ہے اور دیکھنے والے کو بھی خوشگوار احساس ہوتا ہے۔
گلابی،سبز،آسمانی،ہلکا پیلا،بادامی،ہلکا اورنج سمیت کئی دوسرے ہلکے رنگ گرمیوں میں عام ہوتے ہیں۔
سفید رنگ گرمیوں کے فیشن کا اہم ترین حصہ ہے۔اُجلا سفید رنگ،نفاست اور پاکیزگی کا احساس دلاتا ہے۔سفید رنگ کو دوسرے ہلکے رنگوں کے ساتھ ملا کر بھی پہنا جاتا ہے،جو بہت اچھا بھی لگتا ہے۔سفید شلوار اور دوپٹے کے ساتھ پرنٹڈ قمیض اور گہرے رنگ کی سادہ قمیض فیشن کو نئی جہت دے دی جاتی ہے۔
گرمیوں میں گہرے رنگ کے ملبوسات پہننے کا آسان طریقہ یہی ہے کہ انھیں سفید ملبوسات کے ساتھ پہنا جائے۔
گہرے رنگ کے لباس گرمیوں میں زیادہ استعمال نہیں ہوتے،تاہم اگر یہی رنگ،ہلکے رنگوں کے ساتھ ملا کر پہنے جائیں تو بہت اچھے لگتے ہیں۔انھیں تقریبات میں پہن کر بھی جا سکتے ہیں۔عنابی رنگ کے ساتھ ہلکا بادامی،گہرے رنگ کے ساتھ ہلکا سبز اور سیاہ رنگ کے ساتھ سفید یا کریم اور گلابی رنگوں کو ملا کر پہنا جا سکتا ہے۔
عمر کے لحاظ سے بھی رنگوں کا انتخاب آسان ہے۔نو عمر لڑکیوں کے لئے شوخ،جب کہ ادھیڑ عمر کی خواتین کے لئے پُروقار لان کے علاوہ کاٹن،آرگنڈی اور چُنری کے ملبوسات بھی پسند کیے جاتے ہیں۔گرمیوں کے لئے خاص اور نسبتاً سُوتی کپڑے تیار کیے جاتے ہیں۔اسے اکثر بیلوں،ہاتھ کی کڑھائی اور مشینی کڑھائی سے سجایا جاتا ہے۔سوتی کپڑے بے حد پسند کیے جاتے ہیں،کیونکہ یہ ہلکے اور ہوادار ہوتے ہیں۔
ماضی میں موسم گرما میں سُوتی کپڑوں پر دھاگوں سے کی گئی کڑھائی بہت پسند کی جاتی تھی۔آج بھی ہلکے پھلکے انداز میں کی گئی کڑھائی پسند کی جاتی ہے۔نت نئی تبدیلیاں من کو بھاتی ہیں۔
آرگنڈی کے سوٹ بھی بیلوں کے ساتھ سلوائے جاتے ہیں۔آرگنڈی کے سوٹ مختلف رنگوں میں ہوتے ہیں اور انھیں سفید یا پھر کسی دوسرے رنگ کے ساتھ ملا کر پہنا جاتا ہے۔
دونوں صورتوں میں یہ انداز بھلا لگتا ہے۔آرگنڈی ہی کی طرز پر ساڑھی کے سوٹ بھی پسند کیے جاتے ہیں،خاص طور پر اس کپڑے کی قمیض اور دوپٹہ بنایا جاتا ہے جسے سفید یا پھر کسی دوسرے رنگ کی شلوار کے ساتھ پہنا جاتا ہے۔یہ انداز گرمیوں میں سہ پہر کی تقریبات کے لئے بہت موزوں ہوتا ہے۔
چُنری ویسے تو کسی بھی موسم میں فیشن کے دائرے سے باہر نہیں ہوتی،تاہم گرمیوں میں اس کا استعمال موقع اور تقریب کی مناسبت سے ہی ہوتا ہے،چونکہ اس کے رنگ گہرے ہوتے ہیں،اس لئے گرمیوں میں انھیں پہننے سے ممکنہ حد تک گریز کیا جاتا ہے،لیکن چُنری اپنے خوش نما رنگوں کے باعث سادہ سوٹ کے ساتھ اوڑھی جائے تو اچھی لگتی ہے۔

گرمیوں کے ملبوسات چونکہ ہلکے ہوتے ہیں،انھیں پہننے کے تھوڑی دیر بعد ہی ان پر شکنیں پڑنا شروع ہو جاتی ہیں اور یہ کپڑے نرم ہونے کی وجہ سے بہت جلد اپنی زندگی کھو بیٹھتے ہیں،اس لئے یہ کلف لگا کر استعمال کیے جائیں تو اس سے ان کپڑوں کا ظاہری تاثر بھی اچھا ہو جاتا ہے اور انھیں سنبھالنا اور استعمال کرنا بھی آسان ہو جاتا ہے۔
گرمیوں میں رات کی تقریب میں لان یا ہلکی کاٹن پہننا فیشن میں داخل نہیں ہے،تاہم ایسے مواقع پر جارجٹ استعمال کی جاتی ہے۔
ہلکی جارجٹ کو ڈیزائننگ کے ساتھ پہنا جاتا ہے،جو بہت اچھی لگتی ہے۔گرمیوں میں ہر رنگ کی جارجٹ استعمال ہوتی ہے،لیکن اس میں بھی ہلکے رنگوں کو نسبتاً زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔گرمیوں میں جارجٹ کا سوٹ سلواتے وقت اس بات کا بہ طور خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ اس کا انداز بھاری پن کا احساس نہ دلائے۔ڈیزائننگ جتنی ہلکی پھلکی ہو گی،سوٹ اتنا ہی دیدہ زیب معلوم ہو گا۔گرمیوں میں آدھی آستینوں کی قمیض پسند کی جاتی ہے،لیکن ماہرینِ زیبائش پورے بازو کی قمیض کو گرمیوں میں اس لئے بہتر سمجھتے ہیں کہ ان سے سورج کی مضرِ صحت شعاعوں سے ہاتھ موٴثر انداز میں محفوظ رہ سکتے ہیں۔گرم موسم میں رنگ برنگے ملبوسات کی دھنک،چار سُو بکھری نظر آتی ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Mausam Garma Ke Malbosat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.