Ourh Len Khawab Ko Rida Kar Ke - Article No. 2793

Ourh Len Khawab Ko Rida Kar Ke

اوڑھ لیں خواب کو رِدا کر کے - تحریر نمبر 2793

کون سے دوپٹے فیشن میں اِن

ہفتہ 22 جنوری 2022

راحیلہ مغل
دوپٹہ ہماری خوبصورت روایت بھی ہے اور فیشن کا حصہ بھی۔ہماری خواتین کے بیش تر ملبوسات میں دوپٹہ کسی نہ کسی صورت میں شامل نظر آتا ہے۔ہمارے ہاں صنف نازک کیلئے دوپٹہ وقار،پاکیزگی اور تقدس کی علامت سمجھا جاتا ہے۔یہ ہماری سماجی اور مذہبی اقدار کا ایک لازمی جزو بھی ہے۔اسے ہمارے ہاں ہر عمر کی خواتین کے لباس کا بنیادی حصہ سمجھا ہے۔
لڑکیاں ہر نیا فیشن اپناتی ہیں،لیکن دوپٹے کو فقط فیشن کے طور پر نہیں اوڑھنیں،بلکہ تہذیبی شناخت اور اقدار کا مضبوط حوالہ بھی مانتی ہیں۔یہ ان کے نزدیک پاکیزگی اور تقدس کا نشان ہے۔خواتین کا سر ڈھکنا ہماری تہذیب کی ایک روشن روایت ہے،جسے اپناتے ہوئے خواتین فخر محسوس کرتی ہے۔تقریبات میں خصوصاً شادی بیاہ کے موقعوں پر دوپٹے کے رنگ اور بناوٹ پر بہت توجہ دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے ہاں اکثر دوپٹے گوٹے کناری اور شیشوں سے سجے ہوتے ہیں ۔کبھی انہیں رنگا جاتا ہے،تو کہیں یہ دوپٹے ستاروں اور موتیوں کے کام سے بھرے ہوتے ہیں۔شرم و حیا اور مشرقیت کی یہ علامت مختلف رنگوں اور طریقوں میں ڈھل کر چہرے کو معصومیت اور تقدس ہی عطا نہیں کرتی بلکہ شخصیت کو نکھار بھی دیتی ہے۔ہمارے ہاں دوپٹہ مشرقی خواتین کی شخصیت کا ایک اہم حصہ ہے۔
جسے ہمیشہ نئے انداز سے اوڑھنے کے جتن کئے جاتے ہیں۔کبھی کھلے اور بڑے دوپٹوں کا فیشن ہوتا ہے تو کبھی نیٹ والے دوپٹوں پر خصوصی توجہ اور عمدہ مٹیریل کی مدد سے دلکشی پیدا کی جاتی ہے اور ڈریس ڈیزائنز اس سلسلے میں خاصی محنت بھی کرتے ہیں۔
دوپٹہ خواتین کے لباس میں ہمیشہ سے ہی لازمی جزو رہا ہے۔بلکہ یوں کہیں تو بے جا نہ ہو گا کہ مشرقی لباس کا سارا حسن دوپٹے میں پوشیدہ ہے۔
جیسے جیسے فیشن بدلتے رہے۔دوپٹوں کے انداز میں بھی تبدیلیاں آتی رہیں۔کبھی یہ کرن،گوٹے کناری سے مرصع ہوئے تو کبھی کروشیا سے بنی بیلوں سے سجے نظر آئے،کبھی مختلف دھنک رنگوں میں رنگے ہوئے،زرق برق،نت نئے انداز سے چُنے ہوئے،کلف اور ابرق لگے ہوئے نظروں کو بھاتے رہے۔سوتی،جارجٹ،شیفون،سلک اور جالی کے خوبصورت اور حسین ان دوپٹوں نے ہمارے لباس کی شان ہمیشہ ہی بڑھائی ہے۔
بدلتے وقت کے ساتھ ساتھ دوپٹہ اوڑھنے کے انداز میں بھی تبدیلیاں رونما ہوتی رہیں۔
پہلے پہل شرفاء میں دوپٹے سے سر ڈھکنے کے رواج پر سختی سے عمل درآمد ہوا کرتا تھا۔حتیٰ کہ گھر کی بیوی بزرگ خواتین کے سامنے بھی لڑکیاں بالیاں سلیقے سے سر ڈھک کے سامنے آیا کرتیں۔رفتہ رفتہ یہ اہتمام گھر کے مرد حضرات کی آمد پر ہی کیا جانے لگا۔یعنی جیسے ہی گھر کے بڑے حضرات زنان خانے میں قدم رکھنے والے ہوتے۔
گھر کی ماماؤں اور ملازماؤں نے منادی کر دی کہ بی بیو ابا حضور تشریف لا رہے ہیں اور یہ سنتے ہی نیک بیبیاں قرینے سے دوپٹہ سے سر ڈھک لیتیں اور مودبانہ انداز میں باپ دادا اور تایا چچا ماموں جیسے بزرگوں کے سامنے آیا کرتیں۔یہ رکھ رکھاؤ اب بھی بہت سے گھرانوں میں تعظیماً قائم ہے۔یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ پہلے تو صرف ملبوسات کا فیشن ہوا کرتا تھا،اب خواتین کیلئے”دوپٹوں“ کا بھی فیشن آ گیا ہے۔

آج کل طرح طرح کے دوپٹے مارکیٹ میں دستیاب ہیں،جو مختلف انداز سے استعمال کئے جا سکتے ہیں۔وہ خواتین جو چاہتی ہیں کہ ان کی الماری فیشن کے عین مطابق چیزوں سے سجی ہو،انہیں چاہئے کہ وہ ان 5 انداز کے دوپٹوں کو خرید لیں اور تقریبات کے دوران انہیں مختلف انداز میں استعمال کریں۔آج کل جو مختلف طرح کے دوپٹے فیشن ٹرینڈ کا حصہ ہیں،ان کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ کسی بھی لباس کے ساتھ کسی بھی تقریب میں پہنے جا سکتے ہیں۔
لڑکیاں اپنی مرضی سے کسی بھی لباس کا انتخاب کریں،چاہے ان کا لباس سادہ سا ہو،اگر اس کے ساتھ وہ کوئی خوبصورت سا دوپٹہ پہن لیں تو اس لباس کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔آئیے اب 5 انداز کے دوپٹوں کے بارے میں بات کرتے ہیں۔
آرگنزا ٹشو دوپٹہ:
کئی خواتین آرگنزا دوپٹہ کی شیدائی ہیں۔وہ مختلف تقریبات کے دوران آرگنزا دوپٹہ پہنتی دکھائی دیتی ہیں۔
سادہ آرگنزا دوپٹہ پہننے میں نفیس سا لگتا ہے۔گھیر والی فراک ہو یا سادہ سا سوٹ،دونوں طرح کے ملبوسات کے ساتھ آرگنزا،ٹشو کے دوپٹے اچھے لگتے ہیں۔جو خواتین سمپل لُک رکھنا چاہتی ہیں وہ لمبی فراک یا شرٹ کے ساتھ چوڑی دار پاجامہ بنوا لیں،اس کے ساتھ آرگنزا کا دوپٹہ پہن کر شریک ہو جائیں ۔اس دوپٹے کی خاص بات یہ ہے کہ دن کی تقریبات ہوں یا رات کی تقریبات،یہ دونوں انداز کی تقریبات میں بہ آسانی پہنے جا سکتے ہیں۔
ایسے آرگنزا دوپٹے جن پر کڑھائی یا ہلکا سا گوٹا ورک کیا گیا ہو،وہ مارکیٹ میں 1800 سے 2 ہزار میں دستیاب ہیں۔
نیٹ دوپٹہ:
ویسے تو کئی سالوں سے نیٹ دوپٹے فیشن میں دکھائی دے رہے ہیں اور آگے بھی دکھائی دیں گے،کیونکہ اب بھی نیٹ کے ملبوسات مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔نیٹ دوپٹے پہننے میں آرام دہ اور سنبھالنے میں آسان ہوتے ہیں۔
اس لئے لڑکیاں ان دوپٹوں کو پہننا پسند کرتی ہیں۔ پرنٹڈ ڈریس کے ساتھ کسی ایک رنگ کا نیٹ کا دوپٹہ اوڑھ لیں۔کچھ ایسے بھی نیٹ کے دوپٹے مارکیٹ میں موجود ہیں،جن پر کڑھائی کی گئی ہو۔ایسے دوپٹوں کی قیمت تھوڑی زیادہ ہوتی ہے۔سادہ سے سوٹ کے ساتھ پھولوں کی کڑھائی والا نیٹ کا دوپٹہ شام کی کسی بھی تقریب کیلئے مناسب رہتا ہے۔کالے اور سفید نیٹ کا دوپٹہ اگر خرید کر رکھ لیا جائے تو کئی ملبوسات کے ساتھ اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سفید نیٹ کے دوپٹے پر گوٹا کناری والی سنہری لیس نکاح کے فنکشن میں لگا کر پہنی جا سکتی ہے۔
سنہری لائنوں والا کھدر کا دوپٹہ:
آج کل سنہری لائنوں والے ہلکے کاٹن اور کھدر کے دوپٹے بہت اِن ہیں۔ان تمام مٹیریل میں نیچے کی جانب سنہری لائنوں میں یہ دوپٹے مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔سفید رنگ کے سوٹ کے ساتھ گلابی،کالا یا کسی بھی رنگ کا اس انداز کا دوپٹہ پہن لیا جائے تو اچھا لگتا ہے۔

ٹسل لیس دوپٹہ:
نیٹ کا دوپٹہ ہو یا شیفون کا،ایسے دوپٹوں پر ٹسلز والی لیس لگا دی جائے تو وہ خوبصورت لگتے ہیں۔اس انداز کے دوپٹے بھی ضرور خرید کر رکھیں تاکہ کسی بھی لباس کے ساتھ پہنے جا سکیں۔سادہ سا دوپٹہ خرید کر اس پر ٹسل والی لیس لگوا لیں،اس سے بھی دوپٹہ سستے داموں تیار ہو جائے گا اور اس کا لُک اچھا آئے گا۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Ourh Len Khawab Ko Rida Kar Ke" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.