Rang E Malbos Tera Had E Nazar Tak Mehke - Article No. 2999

Rang E Malbos Tera Had E Nazar Tak Mehke

رنگِ ملبوس تیرا حدِ نظر تک مہکے - تحریر نمبر 2999

موسم کے بدلتے ہی فیشن نے بھی بدلا روپ

منگل 1 نومبر 2022

راحیلہ مغل
”یہ رنگ میرا فیورٹ ہے“۔”بھئی گہرے کلر پہنو گی تو اچھی نہیں لگو گی“۔”لائٹ کلر پہنو تو انسان سوبر نظر آتا ہے“،ایسے کتنے ہی جملے ہمیں روزمرہ زندگی میں سننے کو ملتے ہیں۔ہوتا یہ ہے کہ دوسروں کے تبصروں اور پسند ناپسند کو ہم اپنے اوپر حاوی کر لیتے ہیں اور ہماری اپنی چوائس دھری کی دھری رہ جاتی ہے۔
خواتین تو یوں بھی اس معاملے میں بہت حساس ہیں۔نہ چاہتے ہوئے بھی وہ دوسروں کی رائے پہ دھیان ضرور دیتی ہیں۔فیشن اور رنگ،دونوں الگ تو نہیں لیکن ڈیزائن کے ساتھ رنگ وہی منتخب کریں جو آپ کی شخصیت پہ اچھا لگے۔یہ بھی نہیں ہونا چاہئے کہ ساری عمر ایک ہی رنگ کے پیچھے پڑی رہیں۔کہ بھئی اس میں پنک ہے تو ٹھیک ورنہ کوئی پرنٹ نہیں چلے گا۔

(جاری ہے)

دل کی بھی مانیں اور دوستوں یا اہل خانہ سے بھی مشورہ کریں۔

اسی طرح آپ منفرد اور دلکش نظر آئیں گی۔
ہمارا ملک دنیا کے اس خطے میں واقع ہے جہاں ہر چند مہینے بعد موسم بدل جاتا ہے،ہر موسم میں کچھ رنگ آنکھوں کو ٹھنڈے اور کچھ گرم لگتے ہیں۔ان سب باتوں کا تعلق رنگوں کی خصوصیات سے ہے۔لباس کا انتخاب کرتے وقت موسم کا خیال رکھنے سے ہم نہ صرف اچھا محسوس کریں گے بلکہ صحت پر بھی بہتر اثرات مرتب ہوں گے اسی لئے گرمیوں میں ہلکے اور سردیوں میں گہرے رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
اب جبکہ موسم بدل رہا ہے تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہلکے رنگوں کی جگہ گہرے،رنگ لے رہے ہیں۔ہر موسم کا ہماری جلد پر الگ اثر ہوتا ہے لہٰذا اس کے مطابق پہناوا بھی الگ ہی ہونا چاہئے۔
خوبصورت لباس انسان کی شخصیت نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔خواتین لباس کے حوالے سے مردوں کی بہ نسبت زیادہ حساس ہوتی ہیں لیکن بعض خواتین اپنے قد اور جلد کی رنگت کا خیال نہیں کرتیں۔
ان دو باتوں کو نظر انداز کرنے سے کپڑے نہیں جچتے۔یہ کوئی مشکل کام نہیں اور تھوڑی سی سمجھ بوجھ سے کام لے کر بہتر لباس کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔اچھے لباس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ قیمتی ہو،بلاوجہ پیسے ضائع کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔سادہ اور اچھے رنگ کا کپڑا ہر آنکھ کو بھلا لگتا ہے۔باوقار لباس دوسروں کو ہی نہیں خود کو بھی بھلا لگتا ہے۔

ہمیشہ اپنی شخصیت کو باوقار بنانے والے لباس کا انتخاب کیجئے،اس مرتبہ موسم سرما میں ڈیزائنرز شوخ گلابی،گہرا پیلا،کاسنی،بنفشی اور رائل بلیو رنگوں کے انتخاب کا مشورہ دے رہے ہیں۔ان جوڑوں پر ہلکی سی کڑھائی ہو جائے تو جوڑا تقریبات میں بھی پہنا جا سکتا ہے۔ویسے بھی اچھا نظر آنے کا تعلق رنگ،عمر اور قد سے بھی ہے۔اس لئے اپنے قد کے مطابق لباس کا انتخاب کیجئے۔
لمبے قد والی خواتین کی ڈریسنگ کوئی مسئلہ نہیں ہوتی،مناسب سائز کی شلوار قمیض ان پر زیادہ جچے گی۔چھوٹے قد والی خواتین کو چاہئے کہ وہ ٹراؤزر کے ساتھ لمبی قمیض اور بین والے گلے کا انتخاب کریں۔چھوٹی شرٹ پہننے سے قد مزید چھوٹا نظر آئے گا۔لکیروں یا چھوٹے ڈیزائن بھی پسند کئے جا سکتے ہیں۔میچور ڈریسنگ پسند کرنے والی خواتین پلین شرٹس کا انتخاب کر سکتی ہیں،اچھی لگے گی۔
عمر کے مطابق شرٹس کا انتخاب بھی ضروری ہے۔پلین شرٹس کے ساتھ قمیض یا کُرتے گلے پر ہلکی سی کڑھائی بھی کروائی جا سکتی ہے۔خوبصورتی میں اضافہ ہو گا۔دونوں کا گلا اسٹائلش ہونا چاہئے۔کُرتا جینز کے ساتھ اچھا لگتا ہے۔
بھاری یا موٹی خواتین کو ”بھیڑ چال“ سے بچتے ہوئے ایسا لباس پسند کرنا چاہئے جو ان پر اچھا لگے۔سب سے پہلے تو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ انہوں نے وزن کو کم کرنا ہے،صرف خوبصورت نظر آنے کے لئے ہی نہیں بلکہ موٹاپا کئی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے اسے کم کرنا ہی بہتر ہے۔
اس کے بعد ملبوسات پر دھیان دیں۔ایسی خواتین فٹ کپڑے پہننے سے گریز کریں۔ایسے کپڑے ان پر بھدے لگیں گے۔ان پر شرٹ اور بین والا گلا زیادہ اچھا لگے گا،بہت ڈھیلی ڈھالی شرٹ بھی نہیں جچے گی۔کمزور یا پتلی جسامت کی حامل خواتین کھلے اور بڑے پرنٹ پہن سکتی ہیں۔کپڑے ڈھیلے ڈھالے ہوں تو بہتر ہو گا جیسا کہ کھلی فراک۔اس سے پُرکشش نظر آئیں گی۔سانولی رنگت والی خواتین کو چاہئے کہ وہ بہت گہرے رنگ نہ پہنیں۔
ان پر درمیانے رنگ اچھے لگیں گے۔
سردیوں میں ہیوی ڈیزائننگ ہو سکتی ہے لیکن اس موسم میں ہمیشہ ہلکے پھلکے ڈیزائن اور ہلکے پرنٹ کا انتخاب کریں،آپ چاہیں تو پھول دار کپڑے کا انتخاب کریں یا پھر سادہ شرٹ پر ڈیزائن کروائیں،موٹاپے کو کم ظاہر کرنے اور چھوٹے قد کو بڑا ظاہر کرنے کیلئے سیدھی لائنوں والے ملبوسات موزوں رہتے ہیں اور دبلے پتلے لمبے قد کیلئے ٹیڑھی لائنز اور ڈاٹس والے ڈیزائن بہتر ہیں۔
موسم گرما میں برقعے پہننے والی خواتین کے لئے کپڑوں،رنگوں اور ڈیزائنز میں بھی تبدیلی آ جاتی ہے۔کالے رنگ کی بجائے سبز،سکن کلر،نیلے اور ہلکے رنگوں کے برقعوں کو بھی ٹرائی کیجئے۔منفرد نظر آئیں گی۔بیرونی دنیا میں بھی یہی رنگ زیادہ مقبول ہو رہے ہیں۔
ویسے بھی کہتے ہیں کہ عورت خواہ کسی بھی دیس یا مذہب سے تعلق کیوں نہ رکھتی ہو‘دیدہ زیب ملبوسات میں اس کی جان اٹکی رہتی ہے یہی وجہ ہے کہ جیسے جیسے موسم بدلتے ہیں‘ویسے ویسے ان کے لباس میں تبدیلی بھی ناگزیر ہوتی جاتی ہے۔
خصوصاً موسم سرما ہو تو موسم کی وجہ سے انہیں زیادہ موقع ملتا ہے نئے نئے کپڑے اور اسٹائل اپنانے کا۔اس طرح ایک تو سردی سے بچاؤ ممکن ہو جاتا ہے دوسرا زیادہ سے زیادہ فیشن ایبل لگنے کی کسک بھی مٹ جاتی ہے۔اگر آپ بھی فیشن ایبل انداز اپنانا چاہتی ہیں تو ڈھیر سارے کپڑے کو لادنے کی بجائے وقت اور ضرورت کے مطابق موزوں لباس کے انتخاب کا گُر سیکھنے کی کوشش کریں۔اس طرح آپ کی تیاری فیشن اور ضرورت کے عین مطابق ڈھل جائے گی۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Rang E Malbos Tera Had E Nazar Tak Mehke" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.