Rasm E Hina Ke Dilfareeb Malbosaat - Article No. 2554

Rasm E Hina Ke Dilfareeb Malbosaat

رسم حنا کے دلفریب ملبوسات - تحریر نمبر 2554

دیدہ زیب مایوں میکسی،گاون،لانگ شرٹ اور غرارہ،فلورل لہنگا اور مختلف رنگوں پر مشتمل لمبی فراکس فیشن کا حصہ ہیں

پیر 22 مارچ 2021

راحیلہ مغل
موسم سرما کے جانے کے بعد موسم میں ایک خوشگوار تبدیلی آجاتی ہے لہٰذا اس موسم میں شادیوں کا آغاز ہو جاتا ہے اس مناسبت سے اگر اسے شادیوں کا موسم کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔کیونکہ آجکل ہم دیکھتے ہیں کہ ہر طرف شادی کی رونقیں نظر آرہی ہیں اگرچہ کورونا ایس او پیز پر عمل بھی کیا جا رہا ہے لیکن ساتھ ہی رنگ برنگے ملبوسات پہنے خواتین اور بچیاں شادی بیاہ کے فنکشن کو چار چاند لگا رہی ہوتی ہیں۔
اور شادی کے فنکشن میں اگر رسم حنا کی تقریب ہو تو ملبوسات کی ایسی کہکشاں نظر آتی ہے کہ نظر نہیں ٹھرتی کیونکہ شادی بیاہ کی رسومات میں رسم حنا کو خاص اہمیت حاصل ہے۔لڑکیاں اس رسم کے لئے خاص طور پر تیاریاں کرتی ہیں۔نہ صرف رسم حنا کی دلہن بلکہ اس کی سہیلیاں اور دیگر اقارب خواتین بھی اس رسم کے لئے خصوصی ملبوسات تیار کرواتی ہیں۔

(جاری ہے)

مشرقی ملبوسات میں چوڑی دار پاجامہ اور لمبی فراک کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

مایوں کی تقریبات میں خوبصورت کڑھائی سے مزین چوڑی دار پاجامہ اور فراک پازیب کے بجتے ساز کے ساتھ ایک منفرد انداز پیش کرتے ہیں۔
مختلف قسموں کے خوبصورت رنگوں پر مشتمل ملبوسات سے رسم حنا کو دلکش بنایا جا سکتا ہے۔لانگ فراک کا فیشن بھی خاصا مقبول ہے اور فیشن انڈسٹری میں ہر جگہ لانگ فراک کا فیشن نظر آتا ہے۔مہندی پر پہنے جانے والے ملبوسات میں لانگ فراک کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔
لہنگے بھی مایوں کی دلہن کے حسن کو چار چاند لگانے کے لئے بہترین انتخاب ہیں۔جالی دار قمیض اور ان کے گھیروں پر جامہ وار اور مختلف قسم کی پٹیاں لگا کر لہنگے کی شرٹ کو سجایا جاتا ہے۔اس کے علاوہ جامہ وار کڑھائی سے مزین جالی کے لہنگے میں اپنی خوبصورتی کے سبب توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔اس کے علاوہ’مایوں کے لئے پیلا رنگ آج کے دور میں خاصا بورنگ لگے گا‘یا’ مہندی کی تقریب کے لئے پیلا اور ہرا نہیں،کچھ نیا خریدو‘۔
یہ وہ جملے ہیں جو آج کل رسم حنا کے ملبوسات کی خریداری پر آپ بھی اپنے اردگرد اکثر سنتی ہوں گی۔کیونکہ ایک دور تھا جب مایوں کے لئے پیلے رنگ کے علاوہ کسی اور رنگ کا انتخاب نہیں کیا جاتا تھا لیکن اب اس رنگ میں دیگر رنگوں کی آمیزش نے رسم حنا کی تقریب کو خاصا متاثر کن بنا دیا ہے۔
رسم حنا کی دلہن کو سادگی سے تیار کروانا گزرے دور کی باتیں تھیں آج کل دلہن اپنی مہندی پر بہت اہتمام سے تیار ہوتی ہے۔
وہ پیلے رنگ کے علاوہ اورنج،لال،ہرا،حتیٰ کہ پنک کلر کے ساتھ تیار کروایا گیا خوبصورت لباس زیب تن کرتی ہے۔اسی طرح دلہن کے میک اپ میں پیچ،پنک اور روزی اورنج شیڈز کی لپ اسٹک ٹرینڈ کا حصہ ہیں آئی میک اپ کے لئے میٹ کلر کو شمر کے ساتھ استعمال کیا جا رہا ہے۔ اگر آپ بھی اس خوبصورت تقریب کا حصہ بننے جا رہی ہیں،جس کی ہر لڑکی کو خواہش ہوتی ہے اور اس کے بارے میں پریشان ہیں کہ کیا پہنیں اور کیسا میک اپ کروائیں کیونکہ اس آرٹیکل کے آئیڈیاز آپ کی مہندی کی تقریب کو مزید یادگار بنا سکتے ہیں۔

مختلف رنگوں پر مشتمل لمبی فراک
مشرقی ملبوسات کی بات کی جائے تو چوڑی دار پاجامہ اور فراک کو خاص اہمیت حاصل ہے۔مایوں کی تقریبات میں خاص طور پر خوبصورت کڑھائی سے مزین چوڑی دار پاجامہ اور لمبی فراکس تیار کروائی جاتی ہے۔فراک کے لئے کسی ایک رنگ کے بجائے مختلف رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ڈیزائنر ایسی فراک کے نچلے گھیرے کیلئے عام طور پر فلورل پرنٹ یا فلورل اسٹائل ایمبرائیڈری کا انتخاب کرتے ہیں۔
یہ فراک جہاں آپ کے کلچر کی عکاسی کرے گی،وہیں آپ کی نازک شخصیت پر بھی خوب جچے گی۔
شارٹ فراک
آج کل شارٹ فراک کا فیشن خاصا مقبول ہے۔ملک کے تمام معروف فیشن ڈیزائنرز اسٹائلش طرز کی شارٹ فراک تیار کر رہے ہیں۔ جس طرح گرمی کے موسم میں ملبوسات کے لئے آپ نے یقینا شارٹ فراک کا انتخاب کیا ہو گا،اسی طرح مہندی پر پہنے جانے والے ملبوسات کے لئے بھی شارٹ فراک کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔
یہ فراک عام فراک کے مقابلے میں زیادہ بھاری کڑھائی اور دوپٹے پر گوٹہ کناری کے ساتھ تیار کروائی جاتی ہے،جن کے لئے عام طور پر سلک پینٹس کا انتخاب کیا جاتا ہے۔شارٹ فراک پیپلم اسٹائل میں ہو یا پینسل ٹراؤزر یا پھر ٹیولپ شلوار کے ساتھ،آپ کے لئے پرفیکٹ مہندی لُک بن سکتا ہے۔تاہم ایسے ملبوسات خریدتے وقت اپنی رنگت اور جسامت کو مدنظر رکھیں تاکہ درست لباس کا انتخاب کر سکیں۔

شارٹ شرٹ اور لہنگا
لہنگے،بارات کے لئے ہی نہیں مایوں مہندی کے فنکشن کیلئے بھی دلہنوں کا انتخاب بننے لگے ہیں۔جالی کی قمیضیں اور ان کے گھیروں پر جامہ وار اور مختلف قسم کی پٹیاں لگا کر لہنگے کی شرٹ کو سجایا جاتا ہے۔اس کے علاوہ ان دنوں خوبصورت جامہ وار کڑھائی سے مزین جالی کے لہنگے بھی مایوں کی دلہنوں کی توجہ کا مرکز بننے کے باعث کافی ٹرینڈ میں ہیں۔

گرین ایمبرائیڈڈ کُرتا اور شلوار
جی ہاں!چونکیے نہیں،ایمبرائیڈڈ شلوار اور قمیضوں کا فنکشن ایک بار پھر لوٹ آیا ہے۔فیشن ڈیزائنرز دلہنوں کے لئے شلوار قمیض کو روایتی لباس کے طور پر منتخب کرتے ہیں۔ڈھیلا ڈھالا اور ہرے رنگ کا خوبصورت ایمبرائیڈڈ کُرتا اور گولڈن ایمبرائیڈڈ شلوار مہندی کے لباس کے طور پر کسی بھی دلہن کی چکا چوند میں اضافہ کر دیتے ہیں۔
لباس کا اس طرح کا امتزاج نہ صرف دلہن بلکہ اس کی بہنیں اور سہیلیاں بھی مہندی کے لباس کے طور پر منتخب کر سکتی ہیں۔
دیدہ زیب مایوں میکسی یا گاون
فیشن کی دلدادہ خواتین لباس کے لئے میکسی کو لازم تصور کرتی ہیں۔تقریبات میں اس کی خوبصورتی پہننے والے کو ایک منفرد انداز بخشتی ہے۔ مایوں کی تقریب کے لئے میکسی یا جامہ وار گاون کا انتخاب آپ کی شخصیت کو نمایاں کر دینے کے لئے کافی ہے۔
مایوں گاون کے لئے خواتین میں پستہ رنگ خاصا ٹرینڈ میں ہے۔بھاری کڑھائی سے تیار کیا گیا شیفون کا گاون مایوں کی دلہن کی سج دھج کو ایک نرالا انداز دیتا ہے۔
فلورل لہنگا
فلورل پرنٹ یا فلورل ایمبرائیڈری اس برس کا مقبول ٹرینڈ ہے۔عروسی ملبوسات کے علاوہ مہندی کے لباس کی تیاری میں بھی تھری ڈی فلاور تکنیک استعمال کی جا رہی ہے۔
ان لباس پر پتھروں کا کام بھی کیا جا رہا ہے۔شیفون،آرکنڈی اور ٹشو پر فلورل ایمبرائیڈری کا فیشن بھی اِن ہے۔آپ چاہیں تو اپنے مہندی کے لباس کے لئے فلورل لہنگے کا انتخاب با آسانی کر سکتی ہیں ۔فلورل پرنٹ پیلا،ہرا اور پنک سمیت تمام قسم کے رنگوں کے ساتھ بے حد جچے گا۔
لانگ شرٹ اور غرارہ
لانگ شرٹ کے ساتھ غرارہ اسٹائل ایک پرفیکٹ مایوں لک بن سکتا ہے۔
اگر آپ مایوں کے لئے ملٹی کلرز کے بجائے کسی خوبصورت رنگ کے لباس کی تلاش میں ہیں تو غرارے کے متعلق سوچیں۔یہ اسٹائل ملٹی کلرز کے بجائے کسی ایک رنگ پر زیادہ سوٹ کرتا ہے۔رسم حنا کی تقریب جو خوبصورتی،گلیمر،ارمان اور پھولوں کی خوشبو اپنے انداز سے بکھیرتی ہے۔وہ دلہن بننے والی ہر لڑکی کے دل کی آواز ہوتی ہے۔اسی لئے وہ ان تقریبات کو اپنی زندگی کے حسین ترین لمحات میں سے ایک گردانتی ہے اور چاہتی ہے کہ اس رسم میں کسی قسم کی کمی نہ رہ جائے۔تو پھر آپ بھی ان خوبصورت اسٹائلش ملبوسات میں سے کسی ایک کا اپنے لئے انتخاب کیجیے اور اس رسم کو یادگار بنائیے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Rasm E Hina Ke Dilfareeb Malbosaat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.