Royal Blue Har Mausam Ka Rang - Clothing Tips For Women

رائل بلیو ہر موسم کا رنگ - خواتین کے ملبوسات

پیر 6 دسمبر 2021

Royal Blue Har Mausam Ka Rang
راحیلہ مغل
فیشن نگری میں ایک طویل عرصے سے جدت و ندرت کا سفر جاری ہے۔کہا جاتا ہے کہ دنیا کے پہلے فیشن ڈیزائنر،چارلس فریڈرک ورتھ (Charles Frederick Worth) تھے،جنہوں نے پیرس میں پہلا فیشن ہاؤس قائم کیا اور 1826ء سے 1895ء تک پہناوؤں کے مختلف انداز متعارف کروائے،جو کئی برسوں تک خاص و عام میں مقبول رہے۔بعد ازاں،20 ویں صدی میں رنگ و انداز کی دنیا میں مزید پیش رفت ہوئی اور اب یہ سفر 21 ویں صدی کی مسافت طے کر رہا ہے،جس میں کبھی چھوٹی،تو کبھی لمبی قمیضوں کا اسٹائل اِن ہو جاتا ہے،جن کے ساتھ ٹراؤزر،پلازو،پاجامہ،گھیر دار شلوار اور غرارہ پینٹ کے مختلف اسٹائل اپنائے جاتے ہیں،تو کبھی ایمبریلا فراکس، میکسیز کا رواج زور پکڑتا ہے،تو کبھی پیپلم خاصے پسند کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا آج ہم نے رنگا رنگ،حسین و دلکش اور جدت و ندرت سے بھرپور پیراہن کو موضوع بنایا ہے۔یہ ہے ساٹن سلک میں رائل بلیو رنگ کی کام دار میکسی۔رائل بلیو ایک ایسا رنگ ہے جو پوری دنیا کے دس لاکھ لوگوں کا پسندیدہ رنگ ہے کیونکہ یہ ایک ہی وقت میں سمندر اور آسمان دونوں کی خصوصیات کی نمائندگی کرتا ہے۔رائل بلیو بہت ٹھنڈا اور قدرتی رنگ ہے۔یہ فطرت کے بہت قریب ہے اور اعتماد،وفاداری اور برتری کی نمائندگی کرتا ہے۔

رائل بلیو رنگ کا استعمال پارٹیوں اور دلہن کے لباس میں کیا جاتا ہے جو اس کے حسن کو چار چاند لگا دیتا ہے۔
فل لینتھ شرٹ،گاون یا میکسی اس وقت ہاٹ فیشن کی حیثیت رکھتی ہے۔دنیا بھر میں فیشن کے دلدادہ اپنی آرائش و زیبائش کے لئے میکسی کو لازم تصور کرتے ہیں۔اس کا گلیمر تقریبات میں پہننے والے کو ایک منفرد انداز بخشتا ہے۔شام کی تقریبات میں بلیو کامدار میکسی کا انتخاب آپ کی شخصیت کو نمایاں کر دینے کیلئے کافی ہے۔

اگر آپ میکسی خود ڈیزائن کرنا چاہتی ہیں تو آپ شیفون،جارجٹ اور نیٹ کی پلین شرٹس کے ساتھ مکس اینڈ میچ جاماوار کے پیچز استعمال کر سکتی ہیں۔تقریبات میں فلور لینتھ شرٹ یا میکسی کو اعتماد سے کیری کرنے کیلئے ہمیشہ ہائی ہیل کا انتخاب کریں۔
انسان کی فطرت ہے کہ وہ ایسا لباس زیب تن کرنا چاہتا ہے جسے لوگ پسند کریں اور اس لباس سے اس کی شخصیت بھی اُجاگر ہو۔

فیشن پرست خواتین ہمیشہ نئے ٹرینڈ کا انتخاب کرتی ہیں۔لانگ فراکس اور میکسی بھی ایک ایسا ہی دلکش پہناوا ہے۔عورت کی حیا اور مشرقی روایات کی پاس داری کرتی لانگ فراکس شخصیت کو رعنائی عطا کرنے کے ساتھ اپنی اقدار کی ترجمانی کا ذریعہ بھی ہیں اور فیشن کا حصہ بھی۔لانگ فراکس کا رجحان ہر رنگ اور ہر طرح کے کپڑے میں خوبصورت اسٹائل میں دیکھنے میں آ رہا ہے۔

صرف یہ ہی نہیں،ڈیزائنر کی جانب سے بھی اس بار موسم سرما کے ملبوسات کی تشہیر کے لئے لمبی فراکس کا انتخاب کیا گیا۔جو اس بات کا غماز ہے کہ رواں برس موسم سرما خواتین کے لئے ایک بار پھر لمبی قمیضوں کا ٹرینڈ لے کر آیا ہے۔ان پر بنے نت نئے ڈیزائن شخصیت کو انفرادیت عطا کرتے ہیں۔دیدہ زیب،خوش رنگ اور خوبصورت ڈیزائنوں کی حامل لانگ فراکس اور میکسیاں خواتین میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔

لانگ فراک کم و بیش ہر قامت پر اور ہر روپ پر سجتی ہے۔اس پہناوے کو صرف روزمرہ زندگی میں ہی نہیں بلکہ تہواروں اور تقریبات میں بھی زیب تن کیا جا سکتا ہے۔ملک کے طول و عرض میں خواتین اور طالبات اس ٹرینڈ کی گویا دیوانہ ہو رہی ہیں۔اگر شادیوں یا تقریبات کے حوالے سے بات کی جائے تو ڈیزائنرز سلک اور شیفون سے تیار کردہ فراکس اور میکسیاں بھی متعارف کروا چکے ہیں،اکثر لڑکیاں جو ڈیزائنر سے فراکس یا میکسی خریدنے کی سکت نہیں رکھتی،وہ گھر پر بھی سی کر تیار کر سکتی ہیں یا سلوا سکتی ہیں۔


اس میں شک نہیں جیسے جیسے وقت آگے کی جانب سفر کر رہا ہے ویسے ویسے انسان کے طرز زندگی اور پہناوؤں میں تبدیلیاں بھی وقت کی ضرورت بنتی جا رہی ہیں۔لائف اسٹائل میں جدت اور خواتین کے فیشن تبدیل نہ ہوں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔دراصل لباس تن کو ڈھانپتا اور سرد و گرم سے بچاتا ہی نہیں،یہ ہماری سماجی اقدار کا عکاس بھی ہے اور شخصیت کو جاذبیت،دلکشی اور نیا پن بھی عطا کرتا ہے۔

مختلف رنگوں اور منفرد تراش خراش کے لباس انسان کو جاذب نظر بناتے ہیں اور اسے انفرادیت دیتے ہیں۔ملبوسات پر کی جانے والی ڈیزائننگ لباس کو نیا انداز اور انوکھی خوبصورتی عطا کرتی ہے۔دراصل مختلف رنگوں کو اپنا پیراہن کرکے خوش لباسی کے ذوق کی تسکین کی جاتی ہے۔
روایتی مشرقی لباس کا اہم جزو لمبی فراکس یا میکسی ہمیشہ سے ہی ہر طبقے کی خواتین میں مقبول رہا ہے لیکن شادی بیاہ جیسی تقریبات پر تو اسے اور بھی پسند کیا جاتا ہے اکثر خواتین مہندی کی تقریب کے دوران پیلے اور سبز رنگ کے خوبصورت امتزاج سے تیار کردہ ملبوسات کے ساتھ خصوصی طور پر زیب تن کرنا پسند کرتی ہیں۔

میکسی کا شمار ان ملبوسات میں ہوتا ہے جو عرب ممالک میں بے حد مقبول ہے اور اب پاکستان میں بھی اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ رہا ہے۔
گزشتہ چند برسوں سے پاکستانی فیشن ٹرینڈز میں ہر مہینے تبدیلی رونما ہو رہی ہے آج کچھ فیشن ٹرینڈز ہیں تو اگلے مہینے کچھ۔اس وقت آپ جتنے بھی ڈیزائنرز کے ڈریسز دیکھیں گیں اُن میں میکسی سرفہراست ہو گی۔ان کے ساتھ دستیاب پاجامے بھی خاصے سٹائلش ملتے ہیں۔

بات وہی ہے کہ یہ دور بہت سارے فیشن ٹرینڈز کا دور ہے جس کا جو دل کرتا ہے وہ اسی قسم کا فیشن ٹرینڈ اپنا لیتا ہے اور یہ ایک حوصلہ افزاء رجحان ہے۔ایک دہائی قبل کے فیشن ٹرینڈز پر غور کریں تو پتہ چلتا ہے کہ ایک ہی قسم کا فیشن ٹرینڈ چلتا تھا یعنی ہر ایک کو ایک ہی فیشن ٹرینڈ فالو کرنا پڑتا تھا لیکن اب صورتحال خاصی مختلف ہے۔آنے والے برسوں میں فیشن ٹرینڈز میں اس سے بھی زیادہ تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔
تاریخ اشاعت: 2021-12-06

Your Thoughts and Comments

Special Clothing Tips For Women article for women, read "Royal Blue Har Mausam Ka Rang" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.