Saare Rang Tumhare Rang - Article No. 2850

Saare Rang Tumhare Rang

سارے رنگ تمہارے رنگ - تحریر نمبر 2850

ملبوسات خریدتے وقت موسم کی مناسبت سے ان کے رنگوں کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے

ہفتہ 9 اپریل 2022

راحیلہ مغل
ایک طویل مدت کے بعد موسم اس بار اپنے معمول پر آیا ہے۔اپریل کا آغاز معتدل شب و روز سے ہوا ہے۔ابھی سے گرمی اپنا جوبن دکھا رہی ہے۔بہار کا پتہ ہی نہیں چلتا کہ کب آئی اور کب گئی۔آلبتہ پھولوں کی نمائشوں کا انعقاد ہوتا ہے اور درختوں پر کھلی نئی کونپلیں نمو کا مژدہ دیتی ہیں۔ماحول میں کبھی یاس اور کبھی خوشی کا احساس ملتا ہے جو طبیعتوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔
آسمان کی وسعتوں میں چیلیں منڈلاتی رہتی ہیں اور گاہے بگاہے ان کی آواز آفتابی حدت سے بھرپور فضا میں ایک عجیب سا ردھم پیدا کرتی ہے۔دن کی روشنی اس قدر خیرہ کُن ہوتی ہے کہ گہرے رنگ آنکھوں کو چبھتے ہیں اور ہلکے رنگوں میں عافیت محسوس ہوتی ہے۔بس فیشن بھی رنگوں کے اُلٹ پھیر ہی سے ترتیب پاتا ہے اور خواتین کا انتخاب موسم سرما کے گہرے رنگوں سے موسم گرما کے ہلکے رنگوں کی جانب منتقل ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

لباس میں تراش خراش سے زیادہ اہمیت رنگوں کی ہے۔رنگ دیکھنے والے کو ہی متاثر نہیں کرتے،بلکہ پہننے والے کی طبیعت پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ دھیمے اور ہلکے رنگ احساسات پر گراں نہیں گزرتے اور روح کو فرحت اور شادمانی عطا کرتے ہیں۔
ہماری خواتین موسم کے بدلتے ہی اپنے ملبوسات میں تبدیلی لے آتی ہیں۔موسم بہار کے فوری بعد گرمیاں شروع ہو جاتی ہیں اس لئے گرمیوں کے پہناوؤں کی تیاریاں،سردیاں ختم ہوتے ہی شروع ہو جاتی ہیں۔
شلوار قمیض کے ساتھ ساتھ اب ایسے ملبوسات بھی پہنے جا رہے ہیں جو اگرچہ اجنبی دکھائی دیتے ہیں لیکن آرام دہ،سُبک اور کام کاج میں آسانیاں پیدا کرنے والے ہیں۔اب پہناوا جگ بھاتا نہیں بلکہ من بھاتا ہے،پہننے والا اپنی سہولت اور آسودگی دیکھتا ہے۔
موسم کی سنگینی کے پیش نظر جس طرح پانی کا استعمال ضروری ہے،اسی طرح آرام دہ،ہوا دار اور ہلکے رنگوں والے ملبوسات کا استعمال بھی ضروری ہے۔
جن خواتین اور لڑکیوں نے کام کاج کی غرض سے بازار کے لئے نکلنا ہے ان کے لئے ضروری ہے کہ وہ ایسے کپڑوں کو ترجیح دیں جو موسم کی سختی کا سامنا کر سکیں اور کسی قسم کے تردد اور کوفت کا باعث نہ بنیں۔ہر موسم کا اگرچہ اپنا رنگ اور مزاج ہے مگر گرمیوں کا موسم ایسا ہے کہ کپڑوں کے انتخاب میں تنوع مل جاتا ہے اور تنوع ہی سے نہ صرف ذات بہتری محسوس کرتی ہے،بلکہ پورا ماحول دھنک رنگ ہو جاتا ہے۔
دھیمے رنگوں کے دلکش پہناوے ہر سو اپنی آن دکھاتے اور نگاہوں کو بھاتے ہیں۔موسم کی حدت اور تپش کا احساس قدرے کم ہو جاتا ہے۔موسم کی تبدیلی گوفطرت کی ایک ناگزیر تبدیلی ہے،تاہم اس کے تقاضوں کی تابع رہیں گے تو بہت سی پریشانیوں سے محفوظ رہیں گے۔
ملبوسات خریدتے وقت موسم کی مناسبت سے ان کے رنگوں کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔جن رنگوں کے لباس ہم پہنتے ہیں،وہ نہ صرف ہماری شخصیت کے آئینہ دار ہوتے ہیں،بلکہ ہمارے مزاج،رویوں اور ماحول پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔
ہر رنگ اپنی ایک تاثیر اور توانائی رکھتا ہے۔
گلابی رنگ
نوعمر اور نوجوان لڑکیوں کی اکثریت گلابی رنگ پسند کرتی ہے۔اس رنگ کا مزاج بھی ٹھنڈا ہوتا ہے۔گلابی رنگ ہر عمر کی خواتین پر جچتا ہے۔اس رنگ کی یہ خوبی ہے کہ یہ ہر قسم کی تقریبات میں پہنا جا سکتا ہے۔شادی بیاہ کی تقریبات ہوں یا مذہبی تقریبات،یہ ہر جگہ آپ کی شخصیت کو باوقار انداز دیتا ہے۔
گرمیوں کے موسم میں گلابی رنگ کے ملبوسات دن اور رات کے اوقات میں یکساں طور پر زیب تن کیے جا سکتے ہیں۔
نیلا رنگ
اس رنگ کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔یہ رنگ گہرا ہوتا ہے،اس لئے گرمیوں کے موسم میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لئے انتہائی موزوں رہتا ہے۔گرمیوں میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لئے نیلے رنگ پر سلور رنگ کی کڑھائی یا کام دانی آپ کی شخصیت میں چار چاند لگا دے گی۔

فیروزی رنگ
یہ رنگ بھی نیلے اور سفید رنگ کی آمیزش سے بنتا ہے،اس لئے اس کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔گرمیوں میں دن کے وقت پہننے کے لئے یہ موزوں رنگ ہے۔ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو یہ رنگ پہننا چاہیے۔
سرمئی رنگ
گرمی کے موسم میں دن کے وقت پہننے کے لئے سرمئی رنگ ایک موزوں رنگ ہے۔نوجوان اور نوعمر لڑکیاں سمجھتی ہیں کہ سرمئی رنگ صرف عمر رسیدہ خواتین کے لئے مخصوص ہے۔
اس رنگ کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے،اس لئے اگر آپ چاہیں تو اسے اپنی پسند کے کسی دوسرے رنگ کے ساتھ کمبی نیشن بنا کر پہن سکتی ہیں۔
کاسنی رنگ
سرخ اور نیلے رنگ کا ملاپ”کاسنی رنگ“ پُرسکون زندگی اور ہلے گلے کی عادت کے بیچ جنگ کا اظہار ہے۔موسم گرما میں کاسنی رنگ کے ملبوسات کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔
یہ رنگ پہننے والے کو ہی نہیں بلکہ دیکھنے والوں کی آنکھوں کو بھی سکون کا احساس فراہم کرتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ موسم گرما میں یہ رنگ خواتین کی پسند پر غالب رہتا ہے،اس رنگ کو پہننے کے بعد یقینا آپ بھی خود کو ہلکا پھلکا محسوس کریں گی۔ویسے بھی اس رنگ کو کلر آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے یہی وجہ ہے آج کل اس کلر کے ملبوسات خواتین بہت پسند کر رہی ہیں۔آپ بھی اس موسم گرما میں اس رنگ کا لباس پہنیں اور اپنی شخصیت کو جاذب نظر بنائیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Saare Rang Tumhare Rang" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.