Safeed Rang Tu Garmiyoon Main Khoob Bhata Hai - Article No. 2083

Safeed Rang Tu Garmiyoon Main Khoob Bhata Hai

سفید رنگ تو گرمیوں میں خوب بھاتاہے - تحریر نمبر 2083

پرنٹڈ شرٹ کے ساتھ سفید دوپٹہ شلوار یا ٹراؤزر آپ کی دلکشی میں اضافہ کردے گا

جمعرات 30 مئی 2019

موسم گرما شروع ہو چکا ہے ،موسم بدل گیا ہے۔اب ہواؤں میں ٹھنڈک کے بجائے گرمی ہے ۔دھوپ کی تپش میں اضافہ ہو گیا ہے ۔سورج کی کرنیں بھی چبھنے لگی ہیں ۔موسم کیا بدلا،آس پاس کا منظر بھی بدلنے لگا ہے ۔اب لباس سے خوراک تک سب کچھ بدل گیا ہے ۔گرم موسم میں ہلکے اور کھلے ہوئے رنگ کے لباس پہننا اچھا لگ رہا ہے،خصوصاً سفید رنگ تو گرمیوں میں خوب بھاتا ہے ۔
آپ بھی رنگوں کی بہاروں میں سے سفید رنگ کا بھی انتخاب کریں تاکہ گرمی کی شدت میں خود کو ہلکا پھلکا اور خوش محسوس کر سکیں۔
خاص طور پر پرنٹڈ شرٹ کے ساتھ سفید دوپٹہ شلوار یا ٹراؤزرخوب بھاتا ہوا لباس ہے ۔رنگین کپڑے چاہے لان کے ہوں،کاٹن کے ،یالینن کے ،انہیں ہمیشہ ہاتھ سے دھوئیں،واشنگ مشین میں نہ دھوئیں،کیونکہ واشنگ مشین میں دھونے سے رنگ جلد خراب ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

گرمی میں تو لباس روز ہی تبدیل کیا جاتا ہے ،اس لیے انہیں کسی اچھے واشنگ پاؤڈر میں تھوڑی دیر بھگونے کے بعد دھولیں تو یہ صاف اور پسینے کی بدبو سے پاک ہو جاتے ہیں ۔
کپڑوں کو ٹھنڈے پانی سے دھوئیں،تیز گرم پانی سے ہر گز نہ دھوئیں،خاص طور پر رنگین کپڑوں کو،کیونکہ گرم پانی سے ان کے رنگ خراب ہو جاتے ہیں ۔رنگین میلے کپڑوں کو زیادہ دنوں تک نہ رکھیں بلکہ فوراً بعد ہی دھولیں تو اچھی بات ہو گی اس طرح میلے کپڑوں کا ڈھیر بھی نہیں لگے گا اور وہ کیڑے مکوڑوں سے بھی محفوظ رہیں گے ۔

لان،کاٹن وغیرہ کے کپڑوں کو ہمیشہ ایسی جگہ پر وسکھائیں جہاں ہوا کا گزر ہو۔دھوپ میں سکھانے سے گریز کریں کہ دھوپ کی شدت کپڑوں کے رنگوں کو بہت جلد خراب کر دیتی ہے ۔اس لیے جہاں تک ممکن ہو،رنگین کپڑوں کو سایہ دار مگر ہوا دار جگہ میں ہی سکھائیں۔اگرآپ اپنے رنگین کپڑوں کو زیادہ عرصے تک چلانا چاہتی ہیں تو انہیں دھوپ اور غیر معیاری صابن یاواشنگ پاؤدر سے محفوظ رکھیں ۔
رنگین کپڑے سکھانے کے لیے اگر گھر میں سایہ دار جگہ موجود نہ ہوتو کپڑوں کو رات یا شام کے وقت میں دھوکر سکھالیں ۔یوں دھوپ کی شدت سے کپڑے محفوظ ہو جائیں گے ۔
دراصل لان اور کاٹن کے رنگ دھوپ سے ہی خراب ہوتے ہیں ،اس لیے انہیں دھوپ سے بچانا ضروری ہے ،ورنہ آپ کا نیا سوٹ بھی دھوپ سے جلد خراب ہو کر رنگوں کو مدھم کردے گا اور آپ کا نیا سوٹ بھی پرانا لگنے لگے گا۔
اپنے لان اور کاٹن کے ملبوسات کی حفاظت کے لیے اس بات کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ وہ اچھی طرح سے خشک ہو جائیں ،ان میں نمی نہ رہے۔نمی رہنے سے کپڑے کا ریشہ کمزور ہوجاتاہے،اور پھر نمی سے فنگس بھی ہونے کا خطرہ رہتا ہے ،اس کے علاوہ نمی کی وجہ سے کپڑوں میں بوبھی بس جاتی ہے۔
اس لیے کپڑوں کو ہمیشہ اچھی طرح خشک ہونے کے بعد ہی تہہ کرکے اپنے وارڈ روب میں رکھیں۔
پسینے کی نمی بھی کپڑے کو نقصان پہنچاتی ہے۔اپنے رنگین لان اور کاٹن کے ملبوسات پر بہت تیزاستری کرنے سے بھی گریز کریں،اس سے بھی رنگ خراب ہو جاتے ہیں ۔نہ بہت تیز اور نہ ہی بالکل ہلکی استری کریں،بلکہ درمیانی رفتار میں کریں۔گھر پر پہننے والے لباس پر استری کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ،بلکہ جب کپڑے دھوکر سکھائیں تو انہیں اچھی طرح جھٹک کر سکھائیں ،اس طرح کپڑے کے سل کافی حد تک ختم ہو جاتے ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Safeed Rang Tu Garmiyoon Main Khoob Bhata Hai" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.