Sarhi Ka Seher Hai Sada K Liye

ساڑھی کا سحر ہے سدا کے لئے

جمعرات نومبر

Sarhi Ka Seher Hai Sada K Liye

را بعہ شیخ
7سے8گز لمبا اور ڈیڑھ میٹر چوڑا بنارسی،کا مدار خواتین کے اردگرد لپٹا کپڑا یاروایتی پہناواجو ہندوستانی خواتین کا قومی اور جنوبی ایشیاء کا مقبول لباس ہونے کے ساتھ ساتھ روز اول کی طرح فیشن کی بدلتی رتوں کا حصہ رہا ہے۔حرف عام میں اس لباس کو ساڑھی کہا جاتاہے جو نہ صرف ہندوستان،پاکستان بلکہ پوری دنیا کی خواتین پہننا پسند کر تی ہیں ۔

ساڑھی آغاز ہی سے ایک خوش وضع لباس ہے جسے جنوبی ایشیاء میں شان وشوکت کی علامت جانا جاتاہے۔یہ ایک ایسا پہناواہے جو تمام قد کاٹھ رکھنے والی خواتین زیب تن کر سکتی ہیں۔چھوٹے قدکی حامل خواتین ساڑھی کے فول میں چھپی ہائی ہیل کے ذریعے اپنے قد کو نمایاں کر سکتی ہیں تو دراز قد خواتین پر ساڑھیاں خوب جچتی ہیں ،یایوں کہیے کہ دراصل یہ خوب صورت ملبوس ان کے حسن قامت کو اور بھی بڑھا دیتاہے ۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ ساڑھی کا زمانہ خواتین کے لئے کبھی پرانا نہیں ہوتا خصوصاً مشرق میں اس پہناوے کی مقبولیت روز اول کی طرح قائم ودائم ہے۔
کچھ برس قبل تک تو بڑی عمر کی خواتین ہی ساڑھی میں دکھائی دیتی تھیں لیکن اب فیشن کے بدلتے رجحانات نے نوجوان نسل کو بھی ساڑھی کا دیوانہ بنا دیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہلکے اور شوخ رنگوں میں پرنٹڈ اور زری کے کام والی ساڑھیاں سب کی توجہ کا مرکز بنی نظر آتی ہیں خواتین چاہے کتنی ہی ماڈرن کیوں نہ ہوں لیکن زندگی میں کچھ ایسے خاص مواقع ضرور آتے ہیں جب ماڈرن اور اعلیٰ طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی یہ روایتی لباس پہننا پسند کرتی ہیں کیونکہ یہ گریس فل ہونے کے ساتھ پُر کشش پہناوؤں میں شامل ایک پہناوا ہے ساڑھی ہر عمر کا لباس ہے۔

چاہے آپ اسے چست باندھیں یا ڈھیلے ڈھالے اندازمیں پہنیں ،خود کو نمایاں کریں یا ستر پوشی کے تمام اصولوں پر قائم رہیں ایک ہی ساڑھی ہر عمر میں آپ کو فٹ آئے گی خواہ آپ نو خیز ہوں یا معمر۔
اگرلفظ ساڑھی اور اس کی تاریخ پر بات کی جائے تو ساڑھی لفظ سنسکرت زبان سے ماخوذ ہے۔سنسکرت میں اسے دیوی،دیوتاؤں کا پہناو اقرار دیا گیا ہے۔ساڑھی کی تاریخ بر صغیر پاک وہند سے جوڑی جانے کے باعث اسے قدیم پہناوؤں میں شمار کیا جاتاہے ۔

برصغیر کی تاریخ میں ساڑھی خواتین کے لئے عام پہناوے کے طور پر مقبول ہے۔دوسری جانب ساڑھی اوڑھے سندھ سے والے ایک مجمسہ کے باعث ساڑھی کو سندھ کی قدیم تہذیب کا پہناوا قرار دیا جاتاہے۔وقت بدلا اور اس کی تراش خراش اور پہننے کے طریقوں میں تبدیلی دیکھنے میں آئی۔غیر منقسم ہندوستان کے بہت سے طبقوں نے اسے اپنی اپنی روایات اور اقدار کے مطابق ڈھال کر زیب تن کیا اور اس کا ہر طریقہ اپنی اپنی جگہ منفرد اور قبولیت کی سند تک پہنچا۔

ہندوستان میں خاص طور پر جنوبی ہند،بمبئی،مہاراشٹر،بنگال ،بہار، یوپی اور سی پی کے علاقوں میں اس لباس کا رجحان سب سے زیادہ ہے۔وہاں کی ساڑھیاں دنیا بھر میں اپنی روایات اورمخصوص بناوٹ کی وجہ سے مشہور ہیں انہی علاقوں سے ان کا رواج دنیا بھر میں عام ہوا۔
یہ ایک ایسا پہناوا ہے جس کی کشش اور جاذبیت نے جنوبی ایشیاء سے جنوب مشرقی ایشیاء تک دیکھتے ہی دیکھتے خواتین کے دلوں میں گھر کر لیا۔

ہندوستان سمیت ایشیائی ممالک میں مختلف اقسام کی ساڑھیاں باندھی جاتی ہیں جو خواتین کی شخصیت کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ ان کی دلکشی اور جاذبیت میں مزید اضافہ کرتی نظر آتی ہیں۔آئیے آج بات کرتے ہیں وطن عزیر میں پہنی جانے والی ساڑھیوں کے مختلف طریقوں اور استعمالات پر۔
روزمرہ استعمال کی جانے والی ساڑھیاں!
روز مرہ استعمال کی جانے والی ساڑھیاں بھاری اور کا مدار ساڑھیوں کے برعکس زیادہ آرام دہ ہوتی ہیں جو خواتین روز مرہ استعمال یا چھوٹی موٹی تقریبات میں باآسانی زیب تن کئے نظر آتی ہیں۔

ان ساڑھیوں کا استعمال روز مرہ زندگی میں عام خواتین کے علاوہ شوبز انڈسٹری اور اعلیٰ طبقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین زیادہ کرتی نظر آتی ہیں ان میں پرنٹڈ اور پلین فیبرک سے تیار کردہ ساڑھیاں زیادہ مقبول ہیں۔روز مرہ استعمال کی جانے والی ساڑھیوں کے پھولوں والے پر نٹس ،ڈاٹس پرنٹس ،زگ زیگ پرینٹس ،ڈیجیٹل پرنٹس اور اسکوئیر پرنٹس والی ساڑھیاں مارکیٹس میں با آسانی دستیاب ہیں۔


عام تقریبات میں پہنی جانے والی ساڑھیاں!
عام طور پر ،پاکستان میں خواتین مختلف قسم کی پارٹیز اور تقریبات کے لئے ساڑھی کا انتخاب زیادہ کرتی ہیں ۔عام تقریبات میں پہنی جانے والی ساڑھیاں پرنٹڈ اور ایمبر ائیٹڈڈ دونوں قسم کی ہوتی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ پاکستانی ڈیزائنر اورمختلف فیشن برانڈز کی جانب سے بھی نت نئی فیبرک پر بنی ساڑھیاں متعارف کروائی جارہی ہیں۔

پاکستانی خواتین تقریبات کے لئے انڈین ساڑھیوں کا استعمال زیادہ کرتی نظر آتی ہیں۔مناسب طریقے سے استعمال کی گئی لیس ،نفیس کڑھائی اور خوبصورت کپڑے کے پرنٹ پر تیار کی گئی ساڑھی کسی بھی اہم موقع کے لئے بہترین انتخاب ہے۔پارٹی وئیر ساڑھیاں عام طور پر نیٹ،سلک اور شفون کے کپڑوں پر تیار کی جاتی ہیں جو ہر موسم میں آسانی سے دستیاب ہونے کے ساتھ ساتھ با آسانی پہنی بھی جا سکتی ہیں۔


شادی بیاہ میں پہنی جانے والی ساڑھیاں!
اگر چہ ہم جانتے ہیں کہ تقریبات کے لئے ساڑھی ایک بہترین انتخاب ہے لیکن اگر بات کریں دلہن کی ،اکثر دلہنیں زندگی کے یاد گار پر بھی ساڑھی پہننا پسند کرتی ہیں ۔ساڑھی زیب تن کرنے کے لئے خواتین ولیمے کے دن کا انتخاب کرتی ہیں۔ یہ ساڑھیاں قیمتی ہونے کے باعث مہنگی بھی ہو تی ہیں ۔شادی بیاہ جیسی تقریبات میں پہنی جانے والی ساڑھیاں، بھاری ،کامدار ،ہونے کے باعث بے حد خوبصورت نظر آتی ہیں۔یہ ساڑھیاں عام طور مرر ورک ،اسٹون ورک اور ہیوی ایمبر ائیڈری سے مزین ہوتی ہیں جس کے باعث زیادہ پر کشش نظر آتی ہیں۔

تاریخ اشاعت: 2019-11-07

Your Thoughts and Comments

Special Clothing Tips For Women article for women, read "Sarhi Ka Seher Hai Sada K Liye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.