Short Frocks Ke Dilkash Style - Clothing Tips For Women

شارٹ فراکس کے دلکش اسٹائل - خواتین کے ملبوسات

پیر جون

Short Frocks Ke Dilkash Style
راحیلہ مغل
تمہارے شہر کا موسم بڑا سہانا لگے
میں اک شام چرا لوں اگر بُرا نہ لگے
اس شعر میں جس طرح شاعر کسی سہانے موسم سے اک شام چرا لینے کا ارادہ ظاہر کرتا ہے بالکل اسی طرح خواتین بھی فیشن کا وہ ہر نیا انداز اپنا لینے کا تاثر دیتی ہیں جسے زیب تن کرنے کے بعد ان کے اردگرد چار سو رنگینی و دلکشی کے ڈیرے ہوں،ہر نظر ان پر ٹکی ہو۔

یہی وجہ ہے کہ بدلتے ہر وقت نے دیدہ زیب پیراہنوں کو ترتیب دیا سادہ سی شلوار قمیض آج نت نئے ٹراؤزر،شارٹ اور لانگ شرٹ سمیت پہناووں کے مختلف انداز میں اسی مقصد کی تکمیل کی خاطر تبدیل ہوئی۔خواتین یوں بھی کئی کام ایک ساتھ کرنے میں مہارت رکھتی ہیں اور یہ معاملہ تو پھر ان کی سج دھج،خوبصورتی اور پہناووں کا ہے تو پھر اس معاملہ میں لاپرواہی کیسی،”سجنا سنورنا“ اور ”جدید فیشن“ کے ٹرینڈز کو فالو کرنا خواتین کی کمزوری ہے خواتین کی ہمیشہ سے ہی کوشش رہی ہے کہ ان کے ملبوسات دوسروں سے زیادہ خوبصورت نظر آئیں اس کیلئے وہ خاصی محنت کرتی نظر آتی ہیں۔

(جاری ہے)


پہناووں کا ذکر ہی ہے تو کیوں نہ آج ذکر کرتے چلیں ان دنوں خواتین میں خاص و مقبول اس لباس کا جو بچیاں ہوں یا لڑکیاں بالیاں،میڈیا خواتین ہو یا سیاسی خواتین ٹرینڈی ملبوسات کے طور زیب تن کی ہوئی نظر آتی ہیں جی ہاں!بات ہو رہی ہے پیپلم اسٹائل شرٹ کی،جی جی اسی شرٹ کی جو گھٹنوں سے تھوڑا اوپر یا اونچی فراک ہوتی ہے۔خواتین کے ملبوسات میں ان گنت ڈیزائن پائے جاتے ہیں جو موسم اور فیشن کی مناسبت سے بدلتے رہتے ہیں۔

یہ جدید دور ہے جہاں آپ کے لئے نئے اسٹائلز اور ٹرینڈز سے باخبر رہنا ضروری ہے۔آج کل شارٹ فراک فیشن کا حصہ ہیں۔ملک کے تمام معروف فیشن ڈیزائنرز اسٹائلش طرز کی شارٹ فراک تیار کر رہے ہیں جن پر ڈیجیٹل پرنٹ کے ساتھ ہلکی کڑھائی بھی موجود ہے جنہیں ٹیولپ شلوار اور پینسل ٹراؤزر کے ساتھ پہنا جا رہا ہے تو آئیے آج ذکر کرتے ہیں پیپلم شرٹس کے ان مختلف اسٹائل کا جو آج کل خواتین میں خاصی مقبول ہیں۔


پیپلم شرٹ ود سگریٹ پینٹ پیپلم کی خاص بات یہ کہ یہ اسٹائل ان خواتین کے لئے سب سے بہترین ہے جو لمبی قمیضیں پہننا پسند نہیں کرتیں وہ شارٹ فراک زیب تن کرکے ایک طرف جدید پیراہن کو اپنا سکتی ہیں تو دوسری طرف اپنی خواہش بھی با آسانی پوری کر سکتی ہیں۔پیپلم کے لئے سگریٹ پینٹ کا انتخاب کرنے والی خواتین اس بات پر خاصا دھیان دیتی ہیں کہ قمیض میں بوٹ نیک لائن بنایا جائے جو آپ کی شرٹ کو ایک خوبصورت انداز دیتا ہے۔


پیپلم ود ٹائی اپ کیپری
خواتین میں ان دنوں ٹیولپ شلوار سے لے کر سادہ کٹ والے ٹراؤزر سب کچھ ہی ’اِن‘ ہے لیکن سب سے زیادہ مقبول ’ٹائی اپ کیپری‘ ہے۔ٹائی اپ کیپری کے ساتھ بھی پیپلم اسٹائل شرٹ کو نظر انداز کر دیا جائے تو یہ زیادتی ہو گی،اسی لئے اس خوبصورت اسٹائل کو خواتین ٹائی اپ کیپری کے ساتھ لگانا بھی ہر گز نہیں بھولتیں۔


پیپلم شرٹ ود غرارہ
پیپلم شرٹس یا شارٹ فراکس خواتین میں گزشتہ دو برسوں سے خاصی مقبول ہیں رواں برس لان کی جو بھی کلیکشن منظر عام پر آئی ان میں اکثر ماڈلز کو پیپلم کے ساتھ غرارے پہنے دیکھا گیا حالانکہ پہلے یہ تاثر عام تھا کہ غرارہ صرف ریشمی کپڑوں کے ساتھ ہی بن سکتا ہے لیکن اس برس ڈیزائنر کے نت نئے تجربے کے تحت یہ تاثر غلط ثابت ہوا پیپلم شرٹس کا استعمال خواتین میں ایک نہیں کئی طرح سے مقبول ہے۔

رواں برس شادی کے شراروں اور غراروں پر پہنی جانے والی شرٹ کے لئے بھی پیپلم کا انتخاب زیادہ کیا جاتا رہا۔ماضی میں ایک ہی اسٹائل کے سوتی اور چمکیلے غرارے عام تھے۔اوپر سے شلوار کی طرح لیکن نیچے جھالر لگی ہوتی۔غرارے کے نچلے حصے کو،یعنی گھٹنے سے تقریباً 12 گز چوڑا کپڑا چنٹیں ڈال کر سلائی کرتے اور اس کے اوپر گوٹا،لیس یا کوئی بیل لگا دیتے۔

قمیض قدرے چھوٹی ہی ہوتی۔مگر اب نت نئے انداز کے غرارے خاص طور پر ”غرارہ پینٹ“ کے ساتھ لمبی اور اونچی قمیضوں،فراکس اور پیپلمز کا استعمال کیا جا رہا ہے،جو مختلف فیبرکس مثلاً جارجٹ، سلک، لیڈی کریپ،جامہ وار،شمروز،میسوری،کاٹن اور لان وغیرہ میں ریڈی میڈ بھی دستیاب ہیں۔اب غرارہ صرف عروسی لباس تک محدود نہیں رہا،بلکہ عید،تہوار،دیگر تقریبات اور کسی سکھی سہیلی،رشتے دار کے گھر میل ملاقات کی غرض جانے کے لئے بھی زیب تن کیا جا رہا ہے۔

اگر آپ نے بھی اب تک غرارہ استعمال نہیں کیا،تو دیر کس بات کی،کسی بھی عمدہ غرارے کا انتخاب کرکے اپنی وارڈ روب میں ایک شان دار، روایتی پہناوے کا فوری اضافہ کر لیں۔
پیپلم ود ٹیولپ پینٹس
آج کے دور میں پیپلم کے ساتھ ٹیولپ پینٹس کا انتخاب بھی خواتین میں خاصا مقبول ہے سادہ یا سلک کی ٹیولپ پینٹس کے ساتھ کامدار پیپلم اسٹائل شرٹس خواتین میں خاصا مقبول پہناوا ہے ،رواں برس شادیوں میں اکثر خواتین پیپلم کی کامدار شرٹس سادہ یا سلک کی ٹیولپ طرز پر بنی پینٹس پر زیب تن کی ہوئی جلوہ افروز ہوتی ہیں۔


عروسی ملبوسات اور پیپلم شرٹس
پاکستان میں عروسی ملبوسات کی تیاری ایک باقاعدہ انڈسٹری کا روپ دھار گئی ہے ڈیزائنرز نے عروسی ملبوسات میں طرح طرح کی اختراعات کی ہیں۔مشرقی دلہنوں کا رنگ روپ دنیا بھر میں ویسے بھی مثالی سمجھا جاتا ہے۔عروسی جوڑے کے ڈیزائن سے لے کر رنگوں تک میں وقت کے ساتھ تبدیلی آتی رہتی ہے اور اس تبدیلی میں سے ایک لہنگے کی شرٹ کے سادہ اسٹائل کے انتخاب کے بجائے اب پیپلم اسٹائل کی شرٹ کا انتخاب ہے اب دلہن کے عروسی لباس کے لئے گھاگھرا پسند کیا جائے یا غرارہ،شرارہ اور لہنگے کے ساتھ چھوٹی قمیضیں پسند کی جا رہی ہے اور گزشتہ برس انھیں چھوٹی قمیضوں میں جدت کی خاطر پیپلم اسٹائل کو عروسی ملبوسات کے لئے پسند کیا۔

گزشتہ برس کے فیشن ویک میں ماڈلز کا پیپلم شرٹ کے ساتھ لہنگے میں جلوہ افروز ہونا خواتین کو خاصا بھایا جس کے بعد لہنگوں میں بھی اکثر خواتین پیپلم اسٹائل زیب تن کئے ہوئے نظر آتی ہیں۔
تاریخ اشاعت: 2021-06-07

Your Thoughts and Comments

Special Clothing Tips For Women article for women, read "Short Frocks Ke Dilkash Style" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.