Surkh Poshak Mein Aate Ho To Chhaa Jate Ho - Article No. 3085

Surkh Poshak Mein Aate Ho To Chhaa Jate Ho

سرخ پوشاک میں آتے ہو تو چھا جاتے ہو - تحریر نمبر 3085

2023ء کا کلر آف دی ایئر اُجلا قرمزی،سُرخی مائل آتشی

جمعرات 2 مارچ 2023

راحیلہ مغل
پرانے زمانے میں ہمارے بڑے بوڑھوں کا کہنا تھا کہ کنواری لڑکی نہ سرخ لباس پہنے اور نہ سرخ لپ اسٹک لگائے،لیکن اب زمانہ اور فیشن بدل گیا ہے،اب نوجوان لڑکیاں بڑے شوق سے سرخ لپ اسٹک لگانا پسند کرتی ہیں۔کچھ لوگ کہتے ہیں کہ سرخ رنگ ہر ایک پر اچھا نہیں لگتا،کچھ لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ یہ رنگ صرف صاف رنگت والوں پر ہی اچھا لگتا ہے،جبکہ ایسا بالکل بھی نہیں ہے رنگ کوئی بھی پہنا جائے اگر پہننے والے کو پہننے کا سلیقہ ہے تو ہر رنگ،ہر کپڑا،اچھا لگے گا،اور اگر پہننے اوڑھنے کا سلیقہ نہ ہو تو کوئی بھی رنگ پہن لیں وہ عجیب ہی لگے گا۔
آج ہم آپ کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اگر آپ سرخ رنگ پہننا چاہتی ہیں لیکن لوگوں کے تبصروں سے گھبرا کر نہیں پہنتیں تو اب بالکل نہ گھبرائیں اور یہ رنگ ضرور پہنیں،اور اس کے ساتھ ذرا اچھا سا میک اپ کر لیں تو آپ کی شخصیت کھل جاتی ہے۔

(جاری ہے)

میک اپ جیولری کا اور جوتے چپل کا انتخاب یہ آپ کی شخصیت کو چار چاند بھی لگا سکتے ہیں اور آپ کی شخصیت کو ماند بھی کر سکتے ہیں۔


سرخ لباس میں بھی کئی شیڈز ہوتے ہیں،آپ کی اپنی رنگت کیسی ہے اور اس پر کون سا شیڈ اچھا لگے گا یہ آپ کپڑے کو اپنے ساتھ لگا کر دیکھیں،عموماً گہرا سرخ رنگ سب پر ہی اچھا لگتا ہے،اس کو بلڈ ریڈ بھی کہا جاتا ہے جس میں ہلکی سی سیاہی شامل ہو،وہ ایسا رنگ ہے جو سانولے سلونے لوگوں پر بھی اچھا لگتا ہے اور گورے رنگ والوں پر بھی کھل جاتا ہے۔اس رنگ کے انتخاب کے بعد دوسری باری میک اپ کی آتی ہے کہ میک اپ کیسا ہو تو آپ کے کپڑوں میں کیا کیا شیڈز آ رہے ہیں،اس کے حساب سے بلش اون اور آئی شیڈز کا استعمال کریں۔
لپ اسٹک اگر گہرے رنگ کی لگانا پسند ہے تو پھر اس کے ساتھ آئی شیڈ ہلکے رنگ میں لگائیں،اور اگر آئی شیڈز اسموکی ٹائپ کا ہے تو لپ اسٹک بہت لائٹ کلر کی لگائیں،اس کے علاوہ بلش اون پیچ کلر یا براؤن ٹون میں اچھا لگے گا۔لیکن اگر کپڑوں میں پنک شیڈ موجود ہے تو پھر بلش اون پنک کلر میں بھی لگایا جا سکتا ہے۔لپ اسٹک کپڑوں کے شیڈ کی لگائیں۔
اب اگلا مرحلہ جیولری کا انتخاب ہے۔
اگر کانوں میں لمبے یا بڑے ایئر رنگز پہن رہی ہیں تو گلے میں ہلکا لاکٹ پہنیں اور اگر کانوں میں ہلکے ٹاپس پہنے ہیں تو گلے میں کوئی نیکلس یا گلوبند یا چوکر ٹائپ کی چیز پہنی جا سکتی ہے۔انگوٹھی اگر بھاری پہنی ہے تو ایک ہاتھ میں ایک ہی پہنیں،اگر ہلکی ہیں تو وہ بھی پہنی جا سکتی ہیں۔جوتے یا پمپس یا سینڈل یا کھسہ اس کے لئے آپ کو اپنا قد و قامت دیکھنا چاہیے،اس کے بعد تقریب کی نوعیت کیا ہے،اگر شادی بیاہ یا سالگرہ وغیرہ جیسی تقریب ہے تو اس میں ہائی ہیل پہن سکتی ہیں ورنہ کسی کے گھر ملنے جانا ہے یا آفس وغیرہ جا رہی ہیں تو کھسے اور پمپس یا نیچی ہیل کی سینڈل بھی اچھی لگے گی سرخ کپڑوں کے ساتھ یا تو یکساں کلر کے جوتے،سینڈل پہنیں یا پھر کنٹراسٹ۔
دونوں آپ کی شخصیت کو نکھار دیں گے۔ان ٹپس پر عمل کر کے ہمیں پورا یقین ہے کہ آپ کی شخصیت کا حسن اور اعتماد بڑھ جائے گا اور آپ پورے وقار کے ساتھ کسی بھی پروگرام میں شریک ہو سکیں گی۔
یوں بھی سال 2023ء کا کلر آف دی ایئر اُجلا قرمزی،سرخی مائل آتشی ہے،تو امسال شعلہ جوالا سا رنگ کسی نہ کسی صورت اپنانا ہی ہو گا۔تو کچھ پہناوے تو اس رنگ کے سردی کی مناسبت سے بنا لیں۔
پھر مارچ،اپریل میں بہار کے جوبن کے ساتھ بھی یہ رنگ خوب جچے گا،تو ساون رُت بھی اگر اس برس کچھ اناری کچناری،آتشیں و احمریں ہی سے ہو جائے،تو کیا بات ہے۔اور ہاں،اگر سال کے پانچویں موسم ”شادی سیزن“ کی کسی اہم تقریب میں شرکت کا کوئی پلان ہے،تو پھر تو اس رنگ سے اعلیٰ انتخاب کوئی ہو ہی نہیں سکتا کہ سرخ رنگ کی سب سے بڑی خوبی ہی یہ ہے کہ یہ اپنی ذات ہی میں بہت خوشگوار،بھرپور،مکمل،نمایاں ہے۔کسی بھی محفل میں اپنایا جائے،الگ ہی نظر آتا ہے۔یعنی گہرا پہناوا شفق کی لالی سا ہو تو پھر نہ تو چہرے کی لالی کی کچھ خاص ضرورت رہتی ہے اور نہ ہی بھاری بھرکم زیورات کی۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Surkh Poshak Mein Aate Ho To Chhaa Jate Ho" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.