Surmai Badal Surmai Aanchal Aur Malboos Gulabon Sa - Article No. 2656

Surmai Badal Surmai Aanchal Aur Malboos Gulabon Sa

سُرمئی بادل،سُرمئی آنچل اور ملبوس گلابوں سا - تحریر نمبر 2656

اس موسم میں لان اور ہلکے سوتی کپڑے جن کے رنگ دھیمے اور ڈیزائن سادہ ہوں اور سُرمئی ماحول میں آنکھوں کو بھلے لگیں،زیب تن کرنے چاہئیں

ہفتہ 7 اگست 2021

راحیلہ مغل
برسات کا موسم فیشن،میک اپ اور کپڑوں کے انتخاب کے حوالے سے کوئی خاص موسم نہیں ہے۔فیشن اس موسم میں دَب جاتا ہے،میک اپ میں سادگی کی احتیاط کرنا پڑتی ہے کیونکہ نمی اور پسینہ چہرے کے میک اپ کو متاثر کرتا ہے اور نقوش بگاڑتا ہے۔اس موسم میں لان اور ہلکے سوتی کپڑے جن کے رنگ دھیمے اور ڈیزائن سادہ ہوں اور سُرمئی ماحول میں آنکھوں کو بھلے لگیں،زیب تن کرنے چاہئیں۔
سمجھ دار لڑکیاں برسات کے موسم میں اپنے پہناوے پر خاص دھیان دیتی ہیں۔وہ مارکیٹ سے اچھی ساکھ رکھنے والی ملوں کا تیار کردہ کپڑا خریدتی ہیں اور نگاہوں کو بھلے لگنے والے ڈیزائن کی پوشاک بنواتی ہیں۔وہ سفید ریشمی دوپٹے خریدتی ہیں اور انہیں کپڑوں کی مناسبت سے دیدہ زیب رنگوں میں رنگواتی ہیں یوں وہ ان تتلیوں کو شرماتی ہیں جو برسات کے موسم میں اپنے جھلملاتے رنگوں کے ساتھ نمودار ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)


اس کے علاوہ بعض خواتین ایسی بھی ہیں جو ہر موسم میں اس الجھن میں مبتلا نظر آتی ہیں کہ وہ اس موسم میں کس رنگ کے کپڑے پہنیں۔جس طرح آج کیا پکائیں کی الجھن ہے۔اسی طرح لباس کا معاملہ بھی ہے۔اور واقعی یہ تھوڑا مشکل سا امر ہے اور اس صورت میں تو اور بھی مشکل ہو جاتا ہے جب سامنے ڈھیر سارے کپڑے رکھے ہوں اور ان میں سے کسی ایک اور اچھے سے رنگ کے لباس کا انتخاب کرنا پڑ جائے۔
سمجھ دار اور باذوق خواتین اپنی اس الجھن کو بڑی نفاست سے خود ہی سلجھاتے ہوئے اپنے لئے کسی نہ کسی طرح مناسب رنگ منتخب کر ہی لیتی ہیں ،لیکن بعض ایسی بھی خواتین ہیں جو اپنے لباس کے بارے میں عجیب سے مخمصے کا شکار نظر آتی ہیں۔وہ کسی ایک رنگ کو اپنے لئے مخصوص کر لیتی ہیں،اگر ڈارک بلیو رنگ پسند ہے تو بس ہر لباس میں ڈارک بلیو رنگ ہی ڈھونڈتی ہیں۔
شاپنگ پر بھی جانا ہو تو اچھے اچھے رنگوں کے باوجود اپنے پسندیدہ رنگ کے لئے پریشان ہو جاتی ہیں۔ان کی کزنز،فرینڈز وغیرہ جو ان کی اس عادت سے واقف ہوتی ہیں،کسی خوشی کے موقع پر انہیں لباس کا تحفہ دیتے ہوئے جھجک محسوس کرتی ہیں۔ہر وقت خود پر ایک ہی رنگ طاری کر لینا بعض اوقات ایک نفسیاتی عمل لگتا ہے۔ازرہ کرم اپنی اس عادت سے پیچھا چھڑائیے۔

برسات کے موسم کے پہناوے چونکہ سال کے باقی موسموں کے مقابلے میں منفرد اور توجہ طلب ہوتے ہیں،گھر گھر انٹرنیٹ کی موجودگی نے ملک کی صنف نازک کو دیگر معلومات کے ساتھ ساتھ اس امر سے بالخصوص باخبر کر رکھا ہے کہ کس موقعہ پر کیا پہننا ہے‘انہیں سب معلوم ہے کہ موسم گرما کے پہناوے کون سے ہیں۔ساون رت میں خواتین کے آنچل ماحول سے نہ صرف مطابقت رکھتے ہیں بلکہ موسم کے سُرمئی پن میں زندگی پیدا کرتے ہیں۔
کھلتے ہوئے ہلکے رنگوں میں لون کے اور سوتی کپڑوں پر شفون یا خالص ریشم کے لہراتے دوپٹے پہننے والوں کے ذوق کو اجاگر کرتے ہیں۔مون سون،ساون بھادوں یا برسات کا موسم ایک ہی کیفیت کے مختلف نام ہیں۔یہ کیفیت گرمی سے جھلسے ہوئے جسموں کو سکون دیتی ہے اور روح کی بے چینی کو اطمینان بخشتی ہے۔مون سون گرمیوں کے ایک سخت موسم کے بعد اپنی آمد سے ماحول کے تناؤ کو کم کرتا ہے۔
ایک کڑکتی دوپہر میں جب ہوا یک لخت چلنا شروع ہو جائے،ہلکے سُرمئی بادل گہرے سیاہ بادلوں میں تبدیل ہو جائیں۔ آسمان پر بادلوں کے دل کے دل حرکت کرنے اور ان کی کڑکڑاہٹ سنائی دینے لگے تو وہ دل جو گرمی کی شدت سے ادھ موئے ہوئے ہوتے ہیں،یک لخت کھل اُٹھتے ہیں۔بلاشبہ رب العزت کی یہ ایک بے پایاں رحمت ہے جس کا شکر ہر حال میں واجب ہے۔لیکن اس موسم میں نمی کا تناسب ہوا میں چونکہ زیادہ ہوتا ہے اس لئے ایک عجیب طرح کی چپ چپاہٹ بدن کا جزو بن جاتی ہے چہرے کا میک اپ بگڑتا ہے اور کپڑے جسم سے چپکنے لگتے،بھاری پن کا ایک علیحدہ احساس دلاتے ہیں۔
اب ہر جگہ تو ایئر کنڈیشنر کی سہولت موجود نہیں ہوتی لہٰذا ملبوسات ایسے ہونے چاہیں جو سوہان روح نہ بنیں اور روزمرہ کے کام کاج میں زحمت پیدا نہ کریں۔ہمارے ملک میں بدقسمتی سے آلودگی اور کثافت نے موسموں پر گہرا اثر ڈالا ہے۔برسات کے دو دن عنقا ہو چکے ہیں جب آسمان سیاہ گھناؤں سے ڈھکا رہتا تھا۔
یہاں اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ لباس کے رنگ کا انتخاب دوسروں کی پسند کے ساتھ ساتھ اپنی جسامت،چہرے کی رنگت،فٹنس اور اپنی عمر کے لحاظ سے کیجیے۔
ہلکے سانولے چہرے اور پرکشش نقوش والی خواتین پر ہر طرح کے لباس کا رنگ کھل جاتا ہے،پھر چاہے ان کی جسامت اور عمر کتنی بھی ہو۔ان کو لباس کے رنگوں کا انتخاب کرتے ہوئے زیادہ دقت نہیں اُٹھانی پڑتی لیکن یہ بھی سوچنے کی بات ہے کہ ہر خاتون پر ہر رنگ نہیں سج سکا،اگر آپ گہرے سانولے چہرے والی خاتون ہیں تو شوخ رنگوں کے کپڑے پہننے کی بجائے ہلکے رنگوں والے کپڑے منتخب کیجیے۔
بھاری جسامت والی خواتین اپنے چہرے کی رنگت کے مطابق ہر طرح کے رنگ پہن سکتی ہیں،لیکن انہیں یہ بھی خیال رکھنا چاہیے کہ ایسے کپڑے نہ پہنیں جو ان کے جسم کو مزید نمایاں کریں۔لمبی پتلی اور گورے چہرے والی لڑکیوں کو تیز گہرے اور شوخ رنگوں کے لباس سوٹ کرتے ہیں،یہ اگر ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں تو دیکھنے والوں کی نگاہ میں اچھا تاثر نہیں اُبھرتا۔
درمیانی عمر کی خواتین رنگوں کا انتخاب کرتے وقت موسم کو پیش نظر بھی رکھ سکتی ہیں۔
فیشن کا علم ایک حد تک ہونا بہت ضروری ہے۔کم از کم اتنا ضرور جاننا چاہیے کہ آپ کو دقیانوسی کا خطاب نہ ملے۔اچھے کپڑے پہننے کا شوق ہر گز بُرا نہیں ہے۔ذاتی طور پہ فیشن کو نہ بھی اپنایا جائے تو مگر اس پہ نظر ضرور رکھی جائے۔ہر سال بڑھتے ہوئے ریٹ کی وجہ سے قدرے پریشانی ہوتی ہے۔لیکن اگر کپڑے کا معیار اچھا ہے،پرنٹ خوبصورت ہے،رنگ دلکش ہیں تو پھر اس بات کی اہمیت باقی نہیں رہتی کہ سامنے کونسا برانڈ موجود ہے۔کم قیمت میں بھی اچھا کپڑا خریدنا ممکن ہو سکتا ہے۔سدا بہار کپڑوں کا دور ہمیشہ رہے گا۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Surmai Badal Surmai Aanchal Aur Malboos Gulabon Sa" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.