Tere Malboos Pay Joban Tere Aanchal Pay Bahar - Clothing Tips For Women

تیرے ملبوس پہ جوبن تیرے آنچل پہ بہار - خواتین کے ملبوسات

منگل 6 جولائی 2021

Tere Malboos Pay Joban Tere Aanchal Pay Bahar
راحیلہ مغل
ہمارے ہاں دوپٹہ بھی مشرقی خواتین کی شخصیت کا ایک اہم حصہ ہے۔جسے ہمیشہ نئے انداز سے اوڑھنے کے جتن کئے جاتے ہیں۔کبھی کھلے اور بڑے دوپٹوں کا فیشن ہوتا ہے تو کبھی مینٹ والے دوپٹوں پر خصوصی توجہ اور عمدہ مٹیریل کی مدد سے دلکشی پیدا کی جاتی ہے اور ڈریس ڈیزائنز اس سلسلے میں خاصی محنت بھی کرتے ہیں۔موسم گرما میں جہاں لان یا کاٹن کے کھلے کلف دار دوپٹے رواج میں ہیں تو وہیں نیٹ کے لباس کے ہم رنگ پھولدار اور سادہ دوپٹے بھی پسند کیے جا رہے ہیں۔


دوپٹہ خواتین کے لباس میں ہمیشہ سے ہی لازمی جزو رہا ہے۔بلکہ یوں کہیں تو بے جا نہ ہو گا کہ مشرقی لباس کا سارا حسن دوپٹے میں پوشیدہ ہے۔جیسے جیسے فیشن بدلتے رہے۔دوپٹوں کے انداز میں بھی تبدیلیاں آتی رہیں۔

(جاری ہے)

کبھی یہ کرن،گوٹے کناری سے مرصع ہوئے تو کبھی کروشیا سے بنی بیلوں سے سجے نظر آئے،کبھی مختلف دھنک رنگوں میں رنگے ہوئے،زرق برق،نت نئے انداز سے چُنے ہوئے،کلف اور ابرق لگے ہوئے نظروں کو بھاتے رہے۔

سوتی،جارجٹ،شیفون،سلک اور جالی کے خوبصورت اور حسین ان دوپٹوں نے ہمارے لباس کی شان ہمیشہ ہی بڑھائی ہے۔
بدلتے وقت کے ساتھ ساتھ دوپٹہ اوڑھنے کے انداز میں بھی تبدیلیاں رونما ہوتی رہیں۔پہلے پہل شرفاء میں دوپٹے سے سر ڈھکنے کے رواج پر سختی سے عمل درآمد ہوا کرتا تھا۔حتیٰ کہ گھر کی بڑی بزرگ خواتین کے سامنے بھی لڑکیاں بالیاں سلیقے سے سر ڈھک کے سامنے آیا کریں۔

رفتہ رفتہ یہ اہتمام گھر کے مرد حضرات کی آمد پر ہی کیا جانے لگا۔یعنی جیسے ہی گھر کے بڑے حضرات زنان خانے میں قدم رکھنے والے ہوتے ۔گھر کی ماماؤں اور ملازماؤں نے منادی کر دی کہ بیبیو ابا حضور تشریف لا رہے ہیں اور یہ سنتے ہی نیک بیبیاں قرینے سے دوپٹہ سے سر ڈھک لیتیں اور موٴدبانہ انداز میں باپ دادا اور تایا چچا ماموں جیسے بزرگوں کے سامنے آیا کرتیں۔

یہ رکھ رکھاؤ اب بھی بہت سے گھرانوں میں تعظیماً قائم ہے۔
یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ پہلے تو صرف ملبوسات کا فیشن ہوا کرتا تھا،اب خواتین کیلئے ”دوپٹوں“ کا بھی فیشن آگیا ہے۔آج کل طرح طرح کے دوپٹے مارکیٹ میں دستیاب ہیں،جو مختلف انداز سے استعمال کئے جا سکتے ہیں۔وہ خواتین جو چاہتی ہیں کہ ان کی الماری فیشن کے عین مطابق چیزوں سے سجی ہو،انہیں چاہئے کہ وہ ان 5 انداز کے دوپٹوں کو خرید لیں اور تقریبات کے دوران انہیں مختلف انداز میں استعمال کریں۔


دوپٹوں کا ٹرینڈ اور ان کا فائدہ:
آج کل جو مختلف طرح کے دوپٹے فیشن ٹرینڈ کا حصہ ہیں،ان کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ کسی بھی لباس کے ساتھ کسی بھی تقریب میں پہنے جا سکتے ہیں۔لڑکیاں اپنی مرضی سے کسی بھی لباس کا انتخاب کریں،چاہے ان کا لباس سادہ سا ہو،اگر اس کے ساتھ وہ کوئی خوبصورت سا دوپٹہ پہن لیں تو اس لباس کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔

آئیے اب 5 انداز کے دوپٹوں کے بارے میں بات کرتے ہیں۔
جیکارڈ دوپٹہ:
ایسے ملبوسات جن پر سنہری بلاک پرنٹنگ کی گئی ہو،ان کے ساتھ چاہیں تو ہم رنگ جیکارڈ دوپٹہ پہن لیں،چاہیں تو اس کے ساتھ سنہری رنگ کا جیکارڈ کا دوپٹہ اوڑھ لیں۔ویسے تو یہ جیکارڈ دوپٹے کافی عرصے سے فیشن میں ”اِن“ ہیں تاہم اب بھی کئی بڑے برانڈز کی پارٹی وئیر کلیکشن میں یہ متعارف کروائے جا رہے ہیں،جس سے یہی اندازہ ہو رہا ہے کہ آئندہ کچھ عرصے تک یہ مزید فیشن میں اِن رہیں گے۔

لڑکیاں سادہ سے سوٹ کے ساتھ سنہری یا سلور ڈیزائن والا سفید یا کالا جیکارڈ ڈوپٹہ کسی بھی سوٹ کے ساتھ آرام سے پہن سکتی ہیں اور شادیوں کی تقریبات میں شریک ہو سکتی ہیں۔مارکیٹ میں جیکارڈ دوپٹے 1500 سے 2000 تک میں مل رہے ہیں،جو کہ کسی بھی رنگ میں آسانی سے دستیاب ہیں۔
آرگنزا/ ٹشو ڈوپٹہ:
کئی خواتین آرگنزا دوپٹہ کی شیدائی ہیں۔

وہ مختلف تقریبات کے دوران آرگنزا دوپٹہ پہنتی دکھائی دیتی ہیں۔سادہ آرگنزا دوپٹہ پہننے میں نفیس سا لگتا ہے۔گھیر والی فراک ہو یا سادہ سا سوٹ،دونوں طرح کے ملبوسات کے ساتھ آرگنزا،ٹشو کے دوپٹے اچھے لگتے ہیں۔جو خواتین سمپل لُک رکھنا چاہتی ہیں ،وہ لمبی فراک یا شرٹ کے ساتھ چوڑی دار پاجامہ بنوا لیں،اس کے ساتھ آرگنزا کا دوپٹہ پہن کر شریک ہو جائیں ۔

اس دوپٹے کی خاص بات یہ ہے کہ دن کی تقریبات ہوں یا رات کی تقریبات،یہ دونوں انداز کی تقریبات میں بہ آسانی پہنے جا سکتے ہیں۔ ایسے آرگنزا دوپٹے جن پر کڑھائی یا ہلکا سا گوٹا ورک کیا گیا ہو،وہ مارکیٹ میں 1800 سے 2 ہزار میں دستیاب ہیں۔
نیٹ دوپٹہ:
ویسے تو کئی سالوں سے نیٹ دوپٹے فیشن میں دکھائی دے رہے ہیں اور آگے بھی دکھائی دیں گے،کیونکہ اب بھی نیٹ کے ملبوسات مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔

نیٹ دوپٹے پہننے میں آرام دہ اور سنبھالنے میں آسان ہوتے ہیں۔اس لئے لڑکیاں ان دوپٹوں کو پہننا پسند کرتی ہیں۔ پرنٹڈ ڈریس کے ساتھ کسی ایک رنگ کا نیٹ کا دوپٹہ اوڑھ لیں۔کچھ ایسے بھی نیٹ کے دوپٹے مارکیٹ میں موجود ہیں،جن پر کڑھائی کی گئی ہو۔ایسے دوپٹوں کی قیمت تھوڑی زیادہ ہوتی ہے۔سادہ سے سوٹ کے ساتھ پھولوں کی کڑھائی والا نیٹ کا دوپٹہ شام کی کسی بھی تقریب کیلئے مناسب رہتا ہے۔

کالے اور سفید نیٹ کا دوپٹہ اگر خرید کر رکھ لیا جائے تو کئی ملبوسات کے ساتھ اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔سفید نیٹ کے دوپٹے پر گوٹا کناری والی سنہری لیس نکاح کے فنکشن میں لگا کر پہنی جا سکتی ہے۔
سنہری لائنوں والا کھدر،کاٹن،لان دوپٹہ:
آج کل سنہری لائنوں والے ہلکے کاٹن،کھدر اور لان کے دوپٹے بہت اِن ہیں۔ان تمام مٹیریل میں نیچے کی جانب سنہری لائنوں میں یہ دوپٹے مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔

سفید رنگ کے سوٹ کے ساتھ گلابی،کالا یا کسی بھی رنگ کا اس انداز کا دوپٹہ پہن لیا جائے تو اچھا لگتا ہے ۔
ٹسل لیس دوپٹہ:
نیٹ کا دوپٹہ ہو یا شیفون کا،ایسے دوپٹوں پر ٹسلز والی لیس لگا دی جائے تو وہ خوبصورت لگتے ہیں۔اس انداز کے دوپٹے بھی ضرور خرید کر رکھیں تاکہ کسی بھی لباس کے ساتھ پہنے جا سکیں۔سادہ سا دوپٹہ خرید کر اس پر ٹسل والی لیس لگوا لیں،اس سے بھی دوپٹہ سستے داموں تیار ہو جائے گا اور اس کا لُک اچھا آئے گا۔
تاریخ اشاعت: 2021-07-06

Your Thoughts and Comments

Special Clothing Tips For Women article for women, read "Tere Malboos Pay Joban Tere Aanchal Pay Bahar" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.