Tum Jis Rang Ka Kapra Pehno Woh Mausam Ka Rang - Article No. 2605

Tum Jis Rang Ka Kapra Pehno Woh Mausam Ka Rang

تم جس رنگ کا کپڑا پہنو وہ موسم کا رنگ - تحریر نمبر 2605

ملبوسات خریدتے وقت موسم کی مناسبت سے ان کے رنگوں کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے

پیر 31 مئی 2021

راحیلہ مغل
ایک طویل مدت کے بعد موسم اس بار اپنے معمول پر آیا ہے۔اپریل کا آغاز معتدل شب و روز سے ہوا ہے۔اب مئی میں گرمی اپنا جوبن دکھا رہی ہے۔بہار کا پتہ ہی نہیں چلتا کہ کب آئی اور کب گئی۔البتہ پھولوں کی نمائشوں کا انعقاد ہوتا ہے اور درختوں پر کھلی نئی کونپلیں نمو کا مژدہ دیتی ہیں۔ماحول میں کبھی غم اور کبھی خوشی کا احساس ملتا ہے جو طبیعتوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔
آسمان کی وسعتوں میں چیلیں منڈلاتی رہتی ہیں اور گاہے بگاہے ان کی آواز آفتابی حدت سے بھرپور فضا میں ایک عجیب سا ردھم پیدا کرتی ہے۔دن کی روشنی اس قدر خیروکن ہوتی ہے کہ گہرے رنگ آنکھوں کو چبھتے ہیں اور ہلکے رنگوں میں عافیت محسوس ہوتی ہے۔بس فیشن بھی رنگوں کے اُلٹ پھیر ہی سے ترتیب پاتا ہے اور خواتین کا انتخاب موسم سرما کے گہرے رنگوں سے موسم گرما کے ہلکے رنگوں کی جانب منتقل ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

لباس میں تراش خراش سے زیادہ اہمیت رنگوں کی ہے۔رنگ دیکھنے والے کو ہی متاثر کرتے،بلکہ پہننے والے کی طبیعت پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ دھیمے اور ہلکے رنگ احساسات پر گراں نہیں گزرتے اور روح کو فرحت اور شادمانی عطا کرتے ہیں۔
ہماری خواتین موسم کے بدلتے ہی اپنے ملبوسات میں تبدیلی لے آتی ہیں۔موسم بہار کے فوری بعد گرمیاں شروع ہو جاتی ہیں اس لئے گرمیوں کے پہناوؤں کی تیاریاں،سردیاں ختم ہوتے ہی شروع ہو جاتی ہیں۔
شلوار قمیض کے ساتھ ساتھ اب ایسے ملبوسات بھی پہنے جا رہے ہیں جو اگرچہ اجنبی دکھائی دیتے ہیں لیکن آرام دہ،سُبک اور کام کاج میں آسانیاں پیدا کرنے والے ہیں۔اب پہناوا جگ بھاتا نہیں بلکہ من بھاتا ہے،پہننے والا اپنی سہولت اور آسودگی دیکھتا ہے۔
موسم کی سنگینی کے پیش نظر جس طرح پانی کا استعمال ضروری ہے،اسی طرح آرام دہ،ہوا دار اور ہلکے رنگوں والے ملبوسات کا استعمال بھی ضروری ہے۔
جن خواتین اور لڑکیوں نے کام کاج کی غرض سے بازار کے لئے نکلنا ہے ان کے لئے ضروری ہے کہ وہ ایسے کپڑوں کو ترجیح دیں جو موسم کی سختی کا سامنا کر سکیں اور کسی قسم کے ترذو اور کوفت کا باعث نہ بنیں۔ہر موسم کا اگرچہ اپنا رنگ اور مزاج ہے مگر گرمیوں کا موسم ایسا ہے کہ کپڑوں کے انتخاب میں تنوع مل جاتا ہے اور تنوع ہی سے نہ صرف ذات بہتری محسوس کرتی ہے،بلکہ پورا ماحول دھنک رنگ ہو جاتا ہے۔
دھیمے رنگوں کے دلکش پہناوے ہر سو اپنی آن دکھاتے اور نگاہوں کو بھاتے ہیں۔موسم کی حدت اور تپش کا احساس قدرے کم ہو جاتا ہے۔موسم کی تبدیلی کو فطرت کی ایک ناگزیر تبدیلی ہے،تاہم اس کے تقاضوں کی تابع رہیں گے تو بہت سی پریشانیوں سے محفوظ رہیں گے۔
ملک بھر میں گرمی اس وقت اپنے جوبن پر ہے۔خواتین اس موسم میں سب سے زیادہ خریداری لان کے ملبوسات کی کر رہی ہیں۔
اس مناسبت سے بازاروں میں جابہ جالان کے کپڑوں کی بہار ہے۔آج کل لان کے کڑھائی والے ملبوسات ہر عمر اور طبقے کی خواتین میں بے حد مقبول ہیں۔خواتین کی اکثریت کپڑوں کا انتخاب کرتے وقت ان کے پرنٹ کو اہمیت دیتی ہے۔
ملبوسات خریدتے وقت موسم کی مناسبت سے ان کے رنگوں کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔جن رنگوں کے لباس ہم پہنتے ہیں،وہ نہ صرف ہماری شخصیت کے آئینہ دار ہوتے ہیں،بلکہ ہمارے مزاج،رویوں اور ماحول پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔
ہر رنگ اپنی ایک تاثیر اور توانائی رکھتا ہے۔کچھ رنگوں کا مزاج گرم ہوتا ہے تو کچھ کا سرد۔آج کل چونکہ شدید گرمی کا موسم ہے،اس لئے کپڑوں کا انتخاب کرتے ہوئے ایسے رنگوں کا انتخاب کرنا چاہیے جو موسم کی حدت کا مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔پہلے بات کرتے ہیں ان رنگوں کی جن کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔
سفید رنگ
سفید رنگ کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔
اس میں سورج کی تیز شعاعوں کو منعکس کرنے کی صلاحیت ہونی ہے۔یہ سورج کی بالائے بنفشی شعاعوں کو جسم میں جذب ہونے سے روکتا ہے۔اسکول اور کالج یونی فارم میں سفید رنگ شامل ہوتا ہی ہے،یونیورسٹی کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو ملبوسات خریدتے وقت ایسے کپڑے کا انتخاب کرنا چاہیے جس میں سفید رنگ نمایاں ہو۔تیز دھوپ میں باہر نکلتے وقت سفید رنگ کا اسکارف یا دوپٹہ سر ڈھانپے کے لئے موزوں رہتا ہے۔

آسمانی رنگ
یہ رنگ چونکہ نیلے رنگ میں سفید رنگ کی آمیزش سے بنتا ہے،اس لئے اس کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔ملازمت پیشہ خواتین اور یونیورسٹی کی طالبات دن کے اوقات میں ایسے کپڑوں کا انتخاب کر سکتی ہیں جن میں آسمانی رنگ نمایاں ہو۔
گلابی رنگ
نوعمر اور نوجوان لڑکیوں کی اکثریت گلابی رنگ پسند کرتی ہے۔
اس رنگ کا مزاج بھی ٹھنڈا ہوتا ہے۔گلابی رنگ ہر عمر کی خواتین پر جچتا ہے۔ اس رنگ کی یہ خوبی ہے کہ یہ ہر قسم کی تقریبات میں پہنا جا سکتا ہے۔شادی بیا ہ کی تقریبات ہوں یا مذہبی تقریبات،یہ ہر جگہ آپ کی شخصیت کو باوقار انداز دیتا ہے۔گرمیوں کے موسم میں گلابی رنگ کے ملبوسات دن اور رات کے اوقات میں یکساں طور پر زیب تن کیے جا سکتے ہیں۔
نیلا رنگ
اس رنگ کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔
یہ رنگ گہرا ہوتا ہے،اس لئے گرمیوں کے موسم میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لئے انتہائی موزوں رہتا ہے۔گرمیوں میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لئے نیلے رنگ پر سلور رنگ کی کڑھائی یا کام دانی آپ کی شخصیت میں چار چاند لگا دے گی۔
سبز رنگ
تاثیر کے لحاظ سے سبز رنگ بھی ٹھنڈے رنگوں میں شامل ہے۔سبز رنگ کو دیکھتے ہی ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔
اس رنگ میں بھی یہ خاصیت پائی جاتی ہے کہ اسے دن اور رات کے اوقات میں یکساں طور پر پہنا جا سکتا ہے۔شادی بیاہ کی تقریبات کے لئے بھی سبز رنگ کے ساتھ سلور کڑھائی یا کام گرمیوں کی مناسبت سے موزوں رہتا ہے۔
فیروزی رنگ
یہ رنگ بھی نیلے اور سفید رنگ کی آمیزش سے بنتا ہے،اس لئے اس کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔گرمیوں میں دن کے وقت پہننے کے لئے یہ موزوں رنگ ہے۔
ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو یہ رنگ پہننا چاہیے۔
سرمئی رنگ
گرمی کے موسم میں دن کے وقت پہننے کے لئے سرمئی رنگ ایک موزوں رنگ ہے۔نوجوان اور نوعمر لڑکیاں سمجھتی ہیں کہ سرمئی رنگ صرف عمر رسیدہ خواتین کے لئے مخصوص ہے۔ویسے بھی یہ اس سال کا رنگ ہے اس رنگ کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے،اس لئے اگر آپ چاہیں تو اسے اپنی پسند کے کسی دوسرے رنگ کے ساتھ کمبی نیشن بنا کر پہن سکتی ہیں۔

سی گرین
یہ رنگ نیلے اور سبز رنگوں کی آمیزش سے بنتا ہے،اس لئے اس کا مزاج بھی ٹھنڈا ہوتا ہے۔گرمی کے موسم میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لئے یہ ایک بہترین رنگ ہے۔جن رنگوں کا مزاج گرم ہوتا ہے،گرمی کے موسم میں انہیں پہننے سے حتیٰ الامکان گریز کرنا چاہیے۔گرمی کے موسم میں کپڑے خریدتے وقت یہ بات بھی پیش نظر رکھیں کہ ہلکے رنگوں کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔ان رنگوں کے علاوہ کاسنی،انگوری،بادامی،پیچ،فان،بسکٹی دہ رنگ ہیں جنہیں آپ اپنی عمر کے لحاظ اور موقع محل کی مناسبت سے پہن سکتی ہیں جو نہ صرف موسم کی شدت سے مقابلہ کرنے میں آپ کی مدد کریں گے بلکہ آپ کی شخصیت کو بھی جاذب نظر بنائیں گے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Tum Jis Rang Ka Kapra Pehno Woh Mausam Ka Rang" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.