White Hamesha Right - Article No. 2607

White Hamesha Right

وائٹ ہمیشہ رائٹ - تحریر نمبر 2607

ہر رنگ اپنی ایک تاثیر اور توانائی رکھتا ہے

جمعرات 3 جون 2021

راحیلہ مغل
ملک بھر میں گرمی اس وقت اپنے جوبن پر ہے۔خواتین اس موسم میں سب سے زیادہ خریداری لان کے ملبوسات کی کر رہی ہیں۔ملبوسات خریدتے وقت موسم کی مناسبت سے ان کے رنگوں کو ضرور پیش نظر رکھنا چاہیے۔جن رنگوں کے لباس ہم پہنتے ہیں،وہ نہ صرف ہماری شخصیت کے آئینہ دار ہوتے ہیں،بلکہ ہمارے مزاج،رویوں اور ماحول پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔
ہر رنگ اپنی ایک تاثیر اور توانائی رکھتا ہے۔کچھ رنگوں کا مزاج گرم ہوتا ہے تو کچھ کا سرد۔آج کل چونکہ شدید گرمی کا موسم ہے،اس لئے کپڑوں کا انتخاب کرتے ہوئے ایسے رنگوں کا انتخاب کرنا چاہیے جو موسم کی حدت کا مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔سفید رنگ موسم گرما کا پسندیدہ ترین رنگ ہے اس کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس میں سورج کی تیز شعاعوں کو منعکس کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

یہ سورج کی بالائے بنفشی شعاعوں کو جسم میں جذب ہونے سے روکتا ہے۔اسکول اور کالج یونیفارم میں سفید رنگ شامل ہوتا ہی ہے،یونیورسٹی کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو ملبوسات خریدتے وقت ایسے کپڑے کا انتخاب کرنا چاہیے جس میں سفید رنگ نمایاں ہو۔تیز دھوپ میں باہر نکلتے وقت سفید رنگ کا اسکارف یا دوپٹہ سر ڈھانپنے کے لئے موزوں رہتا ہے۔
دیکھنے میں آیا ہے کہ کئی خواتین کو سفید رنگ کے ملبوسات بہت پسند ہوتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ وہ مختلف تقریبات میں بھی یہ ملبوسات پہنتی دکھائی دیتی ہیں۔سفید رنگ پہننے میں نفیس لگتا ہے اور گرمیوں میں یہ ٹھنڈا سا لگتا ہے اور آنکھوں کو بھاتا ہے،یہی وجہ ہے کہ اکثر خواتین اس رنگ کے ملبوسات پہنتی دکھائی دیتی ہیں۔یہاں اس آرٹیکل میں ہم آپ کو سفید پہناؤوں کے بارے میں بتائیں گے،جس کی مدد سے آپ یہ جان سکتی ہیں کہ سفید ملبوسات کو کس طرح مختلف انداز میں پہنا جا سکتا ہے۔
اگر چکن کاری کی قمیض کے ساتھ دھاگے کی ایمبرائڈری پیلے رنگ کا دوپٹہ ہو،جس پر رنگ برنگی ایمبرائڈری کی گئی ہو۔تو اس انداز کے ساتھ کسی بھی مہندی کی تقریب میں بھی شرکت کی جا سکتی ہیں۔ قمیض کے گلے اور آستین پر سفید موتی لگے ہوئے ہو،اس لئے اس کی میچنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے سفید اور ہرے رنگ کے موتیوں والے جھمکے اور بندیا پہن لی جائے۔
مہندی کی دلہن بھی اس روایتی ثقافتی لُک کو آزما سکتی ہیں،کیونکہ اس لُک کا فیشن کبھی پرانا نہیں ہوتا۔
سفید قمیض کے ساتھ نارنجی رنگ کا دوپٹہ اوڑھا ہو۔دوپٹے پر ستارے لگے ہوئے ہوں،جبکہ کناروں پر کٹ ورک انداز میں لیس لگی ہوئی ہو تو یہ اور بھی خوبصورت لگتا ہے۔اگر آپ کے پاس سفید قمیض شلوار ہے اور آپ اسے نئے انداز سے پہننا چاہتی ہیں تو کسی بھی رنگ کے نیٹ کے دوپٹے کے ساتھ آپ اپنے سوٹ کو پہن لیں،اس طرح آپ مختلف نظر آئیں گی۔اگر کسی شادی کی تقریب میں اس انداز کو اختیار کرنا ہے تو پھر جھمکے اور بندیا لگا لیں،ساتھ ہی جوڑا بنوا کر اس پر پھول لگوا لیں اور ہاتھوں میں گجرے پہن لیں۔
تیاری مکمل ہے۔
کچھ خواتین چکن کی سفید شرٹ کے ساتھ سادہ غرارہ پہننا بھی پسند کرتی ہیں اور ساتھ ہی شیفون کا دوپٹہ جس پر جا بجا کڑھائی کی گئی ہو تو اس سوٹ میں چار چاند لگا دیتا ہے۔اگر آپ کے پاس چکن کا کوئی سوٹ موجود ہے تو اس کی قمیض کے ساتھ غرارہ پہن لیں۔اس طرح بھی سفید سادے چکن کے سوٹ کو مختلف انداز میں پہنا جا سکتا ہے۔لُک کو مکمل کرنے کیلئے چاند بالیاں اور نیکلس پہن لیں۔
ساتھ ہی سائیڈ مانگ نکال کر،ایک سائیڈ سے بالوں کو آگے کی جانب نکال کر کھول لیں۔اس انداز کے ساتھ آپ کسی بھی دن کی تقریب میں شرکت کی جا سکتی ہے۔اس کے علاوہ اگر آپ کے پاس کاٹن لان کی لمبی فراک ہے،جس میں کوٹی اسٹائل میں نیلے نقطے پرنٹ کئے گئے ہیں،ساتھ ہی فراک کے بارڈر،آستینوں اور دوپٹے پر نیلے اور کالے رنگ کی بلاک پرنٹنگ کی گئی ہے۔تو یہ فراک دن کی کسی بھی تقریب کیلئے بہترین انتخاب ہے،فراک کے ساتھ چوڑی دار پاجامہ اور روایتی کھسے پہن لیں،جیولری زیادہ بھاری نہ پہنیں،بس کانوں میں کالے رنگ کے پھول نما ٹاپس پہن لیں اور کسی بھی تقریب میں شرکت کر لیں۔

اکثر خواتین کئی مواقع پر سفید سوٹ پہنے ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔اگر کسی ٹین ایج لڑکی کو شادی کی کسی تقریب میں شرکت کرنے کیلئے سوٹ کا انتخاب کرنا ہے تو وہ اس موسم میں سفید فراک پہن لے۔اس فراک کی آستینوں پر سفید موتیوں اور نگینے کا کام کیا گیا ہو۔جبکہ آستین فٹنگ والی ہو۔اس انداز کی فراک کو پہن کر ٹین ایج لڑکیاں بہت خوبصورت نظر آسکتی ہیں،کیونکہ پہناوا اور اسے پہننے کا انداز سادہ سا ہے جو ٹین ایج لڑکیوں پر بہت جچے گا۔
اس کے علاوہ وہ لڑکیاں جو اپنے نکاح یا اپنے بہن بھائی کے نکاح میں سفید سوٹ پہننا چاہتی ہیں،تو ضرور پہنیں بہت اچھی لگیں گیں۔نکاح کی دلہن دو دوپٹے لیں تو اچھی لگیں گی۔ایک دوپٹہ جس پر کرن لیس لگی ہو اسے سر پر اوڑھ لیں،جبکہ دوسرا لال رنگ کا دوپٹہ جس کے کناروں اور درمیان میں ستارے لگے ہوں،وہ کندھے پر سیٹ کروا لیں۔سفید قمیض کے درمیان میں بڑے نگ والی بٹن پٹی کو لگایا گیا ہے جبکہ سوٹ پر سلور بلاک پرنٹنگ کی گئی ہے تاکہ سوٹ کی خوبصورتی مزید بڑھ جائے۔سوٹ کے ساتھ پیچ یا گلابی رنگ کی لپ اسٹک لگائیں،چاہیں تو چھوٹی سی سفید موتیوں والی بندیا پہن لیں اور لُک کو مکمل کر لیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "White Hamesha Right" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.