Adab E Ramzan Aur Hamari Khawateen - Article No. 2849

Adab E Ramzan Aur Hamari Khawateen

آدابِ رمضان اور ہماری خواتین - تحریر نمبر 2849

ماہ مقدس میں عبادات کے ساتھ صحت پر بھی خصوصی توجہ دیں

جمعہ 8 اپریل 2022

راحیلہ مغل
رمضان کا مبارک مہینہ سایہ فگن ہو چکا ہے،چاروں طرف مسلمانوں میں خوشی ہی خوشی ہے۔اللہ کے نیک بندوں کو اس مہینے کا شدت سے انتظار ہوتا ہے اور کیوں نہ ہو کہ یہ نیکی،برکت،بخشش،عنایت،توفیق،عبادت،زہد،تقویٰ،مروت،خاکساری،مساوات،صدقہ و خیرات، رضائے مولیٰ،جنت کی بشارت،جہنم سے گلوخلاصی کا مہینہ ہے۔
رب کریم سے دعا ہے کہ ہمیں اس ماہ مبارک میں ان ساری نعمتوں سے مالا مال کر دے،آمین۔خواتین میں عام تصور یہ ہوتا ہے کہ رمضان تو صرف مردوں کا ہے،ہمارا کام صرف سحری پکانا اور افطار تیار کرنا ہے۔ عورتیں روزہ رکھتی ہیں مگر دیگر اعمال خیر میں پیچھے رہتی ہیں۔
تاہم گھر کی فضاء پر نور بنانے میں خاتون خانہ کا بہت اہم حصہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

سحر و افطار کا خصوصی اہتمام کرنا،گھر والوں کو سحری کے وقت جگانا، بچوں کو نماز اور تلاوت کلام پاک کا پابند بنانا،گھر میں شور شرابے یا موسیقی سے اجتناب کی تلقین کرنا،وقت افطار سے پہلے ہی غریبوں تک افطاری پہنچانا،زیادہ سے زیادہ خیرات کرنا،رشتہ داروں کو افطار پر مدعو کرنا،یہ سب ذمہ داریاں خاتون خانہ ہی ادا کرتی ہیں۔

یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہمیں اس مہینے سے فیض یاب ہونا اور اس کی عظیم ساعتوں سے استفادہ کرنا چاہیے۔گھر کی صفائی ہو جانے اور کچن کے لئے اضافی برتن اور راشن آ جانے کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ بہ حیثیت خاتون خانہ ذمہ داری پوری ہو گئی۔یہی ایک سمجھدار عورت کی سلیقہ مندی اور سگھڑاپے کی نشانی ہے۔اس بابرکت مہینے میں خواتین بنا کسی تھکاوٹ کے خوشی خوشی سارے کام بہ خوبی انجام دیتی ہیں۔
رمضان میں خواتین کی کھانے پکانے میں دلچسپی اور بھی بڑھ جاتی ہے۔وہ افطار میں نئے نئے پکوان کی تراکیب آزماتی ہیں۔جیسے اس مہینے میں جہاں عبادات کا الگ ہی مزہ ہے وہاں افطار میں مختلف کھانے بنانے کا بھی الگ ہی مزہ ہے۔
اس ماہ مبارک میں قرآن سے تعلق بڑھائیں۔ایسا تعلق جو سطحی نہ ہو بلکہ اندرونی ہو اور انتہائی گہرائی کے ساتھ دلوں میں شعور کی بیداری کو جنم دے۔
اس بات کو کبھی نہ بھولیں کہ نماز،روزہ اور ہر طرح کی چھوٹی بڑی عبادات کی قبولیت کا دارومدار نیت پر ہوتا ہے۔رمضان المبارک میں دل کی گہرائی کے ساتھ استغفار کرنا چاہیے اور خلوص نیت کے ساتھ عبادات میں وقت بسر کرنا چاہیے۔پھر ہمیں عزم کرنا چاہیے کہ قرآن کی تلاوت کے ساتھ ساتھ روزانہ کچھ آیتیں یاد کرنی ہیں اور وقت کی پابندی کے ساتھ نماز کی ادائیگی اور اذکار و تسبیحات پر بھی توجہ مرکوز کرنی ہے،رمضان کی ہر ساعت اور ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے۔
رمضان المبارک مہمان ہوتا ہے۔لہٰذا جس طرح مہمان کے استقبال کی تیاری کی جاتی ہے،یعنی گھر کو سنوارا اور صاف ستھرا کیا جاتا ہے،کھانے کی تیاری بھی پہلے سے کر لی جاتی ہے تاکہ مہمان کے ساتھ گفتگو کا زیادہ موقع مل سکے اور مہمان کے آنے کے بعد کچن میں جانا نہیں پڑے،بالکل اسی طرح رمضان کا بھی احترام کریں۔اور زیادہ سے زیادہ وقت عبادات میں گزاریں۔
جوں ہی رمضان المبارک کا آغاز ہوتا ہے ہر مسلم گھرانے میں روحانی خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایک الگ ہی تبدیلی چاروں طرف پھیل گئی ہے۔ماحول میں عجب طمانیت پھیل جاتی اور فضا میں انوکھی خوش بورچ بس جاتی ہے۔خواتین،مرد اور بچے سب ہی اس مہینے کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں اور اس کا استقبال دل کی گہرائیوں سے کرتے ہیں۔
اس سال بھی ماہ رمضان میں کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا نہ بھولیں۔
رمضان میں سحری،افطاری اور عبادات کے ساتھ گھر والوں کی صحت کا بھی خاص خیال رکھیں باہر کی چیزوں سے پرہیز کریں اور گھر پر ہی ہر چیز تیار کریں۔ویسے بھی اس بابرکت مہینے کی محبت و عقیدت مسلمانوں کے لئے ہمیشہ سے ہی بے مثال رہی ہے۔اس ماہ میں ہر گھر میں خواتین کا کردار پہلے سے زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔ان حالات میں جبکہ کورونا کی وبا ابھی موجود ہے اور گرمی کی بھی آمد آمد ہے بھاری اور مرغن غذاؤں سے پرہیز کیا جائے اور ایسی خوراک کا اہتمام کیا جائے جو زود ہضم ہو اور پیاس سے دور رکھے۔
افطار کے وقت ایسی چیزوں کو دسترخوان کی زینت بنایا جائے جن میں نمک کا استعمال ہو تاکہ دن بھر میں نمک کی کمی جو بدن میں واقع ہوئی ہو،اس کا مداوا ہو سکے۔بچوں کے کھانے پینے میں خاصی احتیاط برتی جائے اور اس بات کا دھیان رکھا جائے کہ بچے بسیار خوری کا شکار نہ ہوں،اور نہ ہی کھٹی چیزیں کھائیں تاکہ گلے خراب نہ ہوں۔بچوں پر عبادات کے فوائد و ثمرات واضح کئے جائیں اور اس بات پر انہیں راغب کیا جائے کہ نماز کا اہتمام بالخصوص کریں۔
یہ فضیلت ہے اس مہینے کی کہ نصیحت اگر صحیح طور پر کی جائے تو وہ زود اثر ہوتی ہے۔
خواتین اس مبارک مہینے میں اپنا خیال ضرور رکھیں۔ان کے اوقات کار اس مہینے میں چونکہ بڑھ جاتے ہیں اور آرام کا موقع انہیں کم نصیب ہوتا ہے اس لئے انہیں چاہیے کہ پورے مہینے کا نظام مرتب کر لیں۔یوں باقاعدگی سے کام بھی بہ احسن و خوبی تمام ہو گا اور تھکاوٹ بھی کم ہو گی۔
خواتین نے چونکہ پورے گھر کا نظم و نسق چلانا ہے اس لئے اس مہینے میں ان کا صحت یاب رہنا ضروری ہے۔وہ نہ صرف اپنا خیال رکھیں بلکہ سحری اور افطاری کے وقت اہل خانہ کے معمولات پر بھی نگاہ رکھیں۔فارغ گھڑیوں میں آرام کریں اور عبادت کے وقت یکسوئی کے ساتھ خود کو عبادت کے لئے وقف کر دیں۔ماہ رمضان اپنی برکتوں سے انسانی بدن کو نہ صرف فاسد مادوں سے نجات دلاتا ہے بلکہ انسانی روح کو تازگی اور بالیدگی بھی بخشتا ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Adab E Ramzan Aur Hamari Khawateen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.