Aurtain Kaisay Shohar Pasand Karti Hain ? - Article No. 1794

Aurtain Kaisay Shohar Pasand Karti Hain ?

عورتیں کیسے شوہر پسند کرتی ہیں؟ - تحریر نمبر 1794

شوہروہی اچھا ہے زمانے کی نظر میں۔۔۔جوظلم تو سہتا ہے بغاوت نہیں کرتا۔ کہا جاتا ہے کوئی بھی شوہراپنی بیوی کا ہیرو نہیں ہوتا لیکن آئیڈیل شوہر وہی ہوتا ہے جو ہرحال میں آپ کاساتھ نبھائے مگر اس کے لئے آپ بھی تو آئیڈیل بیوی بن کر دکھائیں۔

اتوار 8 اپریل 2018

ہمامیرحسن

اگر مرد کو چٹیاں کلائیاں پسند ہیں تو عورت کی پسند بھی ایسا شوہر ہوتا ہے جوکم از کم "ہیرو“ ضرورد کھائی دے، جس کا وہ پورے فخر کے ساتھ تعارف کرا سکے کہ یہ میرے شوہر ہیں۔ ویسے روسی کہاوت ہے کہ بیوی خاوند کی دریافت ہوتی ہے اور خاوند بیوی کی ایجاد ایسے ہی پر تالیوں کا خیال ہے کہ کوئی بندہ اپنی بیوی کا ہیرو نہیں ہوتا اور کوئی عورت اپنے ہیرو کی بیوی نہیں ہوتی۔
بہر حال مردوزن زندگی بھر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کے لئے جہاں ایک دوسرے کے سماجی و معاشی حالات اور اہمیت کو ترجیح دیتے ہیں وہاں ظاہری صورت کے ساتھ عادات کے بارے میں بھی اپنی پسند نا پسند کو کسی طور فراموش نہیں کرتے۔ دراز قد خوبرو، گورا رنگ حسین وجمیل اور سب سے اہم فرمانبردار لڑکی ہر لڑکے کی آرزو ہے جبکہ خواتین کو کیساشوہر چاہیے؟ ایسا سوال ہے جس کی شاعر نے ہلکے پھلکے انداز میں کچھ یوں کردار نگاری کی ہے۔

(جاری ہے)


جی جان سے بیوی کی جو خدمت نہیں کرتا دنیا میں کوئی اس کی بھی عزت نہیں کرتا
شوہر وہی اچھا ہے زمانے کی نظر میں جوظلم تو سہتا ہے بغاوت نہیں کرتا
اگر دیکھا جائے تو کسی بھی شعبے میں ماہر ہونے کے لئے ایک ایسے نمونے یاماڈل کی ضرورت ہوتی ہے جس کو سامنے رکھ کر مطلوبہ معیار تک پہنچا جا سکتا ہے مگر آج تک آئیڈیل شوہر کے لئے ایسا کوئی نمونہ سامنے نہیں آیا۔
ایک مرد کو اپنی زندگی میں معاشی ، معاشرتی حالات کے مطابق شریک زندگی کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔ دو جمع دو چار کا فارمولہ اس رشتے کی کامیابی کے لئے لاگونہیں ہوتا۔ بعض اوقات حالات کی مجبوری بھی آڑے آ جاتی ہے۔ دوسری جانب خواتین کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی معاملہ پیش آتا ہے ۔تاہم حقیقت ہے کہ تقر یباہرخاتون” سفید گھوڑے پر ایک راجکمار کا انتظار کرتی ہے “وہ انتظار، انتظار ہی رہ جاتا ہے کیونکہ اسے من چاہا لائف پارٹنرمل ہی نہیں پاتا۔
آخر عورتوں کا پسندیدہ شوہر کون سا ہوتا ہے یا وہ شوہروں میں کیا خصوصیات دیکھنے کی متمنی ہوتی ہیں۔
مرد کے کردار کو ماپنے کا بیان؟
بقول بانوقدسیہ ”عورت کے کردار کوماپنے کے لئے لوگوں نے کتنے پیما نے بنار کھے ہیں؟ عورت کا لباس عورت کی آواز، عورت کے ہاتھ پاوٴں ،عورت کی شکل صورت ،عورت کے ہاتھ سے بنی گول روٹی ، اس کے ہاتھ سے پکے کھانے کا نمک ، اس کے ہاتھوں پر چڑھا مہندی کا رنگ ، اس کا خاندان ، اس کی ماں، اس کا باپ، اس کی فیملی کے معاشی حالات، اس کی تعلیم مستقبل کوئی اچھی سے اچھی عورت بھی بیشک سب مر حلے پار کر جائے گا کہیں نہ کہیں رہ جاتی ہے ... سوچتی ہوں کہ مرد کے کردار کوماپنے کا کیاپیمانہ ہے؟ اس کا صرف اچھی ملازمت کرنا اس کے سب عیبوں پر پردہ کیوں ڈال دیتا ہے؟ بانو آپا نے بڑی خوبصورتی سے چند سطروں میں عورتوں کے لئے آئیڈیل سمجھے جانے والے مرد کی خصوصیات سامنے رکھ دیں، یقینا ہر گھر میں لڑکی کے لئے بہترین شوہر معاشی طور پرمستحکم مرد کو ہی سمجھا جاتا ہے مگر اب خواتین اپنے لئے اچھے برے کی تمیز جانتی ہیں اور وہ جیون ساتھی صرف مالدار شخص کو نہیں بنانا چاہتیں بلکہ وہ زندگی بھر کے ساتھی میں دیگر خصوصیات بھی دیکھنا چاہتی ہیں۔
عموما عورتیں مادی اشیاء سے زیادہ اپنے نازک جذبات و احساسات کا خیال رکھنے والا شوہر چاہتی ہیں اور ایسا شوہر ہی ان کا محبوب بن سکتا ہے۔ خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ امیر ہونے کے ساتھ شوہر پرکشش اور صاف گو، ذمہ دار ، ہوشیار، قابل اعتماد، دیکھ بھال کرنے والا نرم خواور بچوں اور بیوی کے خاندان کی حمایت کرنے والا ہونا چاہیے۔
ہر پل تعریف ہونی چاہیے...
خواتین اپنے حسن و جمال اور ذوق ولباس ، کھانا پکانے کی تعریف پسند کرتی ہیں جو کہ آج کل کے شوہر ہمیشہ بھول جاتے ہیں۔
بیویوں کو وہ شوہر بہت پسند آتے ہیں جو گھر آتے ہی اپنی بیوی کی بے پناہ تعریف کرتے ہیں مثلا بیگم آج تو آپ بہت پیاری لگ رہی ہیں، آج تو آپ نے بہت اچھا کھانا بنایا ہے۔ بیگم آج میں آپ کو اچھی سی چائے بنا کر پلاتا ہوں... حالانکہ اچھی بیویاں شوہروں کو کام کرنے نہیں دیتیں لیکن ایسے شوہر بیوی کے دل میں جگہ ضرور بنا لیتے ہیں۔ بیویاں چاہتی ہیں کہ شوہر کسی کے سامنے ان کی برائی نہ کریں بلکہ انہیں علیحدگی میں سمجھائیں۔
جو شوہر سب کے سامنے بیوی کا مذاق بناتے ہیں یا انہیں پھوہڑ ہونے کے طعنے دیتے ہیں ، وہ بجائے اپنی غلطی درست کرنے کے شوہر سے نفرت کرنا شروع کر دیتی ہیں۔عورتیں ایسے شوہر پسند کرتی ہیں جو ان کی عزت و نفس خیال رکھیں۔ ہاوٴس وائف مسز شاہد مشتاق کہتی ہیں ”کوئی ایک خوبی نہیں، بیویاں شوہر میں ہر خوبی دیکھنا چاہتی ہیں، بیویوں کو خاص کر اپنی تعریف کرنے والے شوہر پسند ہوتے ہیں۔
وہ اپنے خاوند کی زبان سے کسی بھی دوسری عورت کے حسن و جمال اور نظم و ضبط کی تعریف سننا کسی بھی اعتبار سے ہرگز پسندنہیں کرتیں۔ خصوصا دوسرے لوگوں کے سامنے اگر چہ مذاق کے طور پر ہی کیوں نہ ہو۔ آج کل کے شوہروں کو دیکھ لو تو اپنی کولیگز یا پھر رشتے داروں میں موجود لڑکیوں کی تعریف کے پل باندھ دیتے ہیں، جس سے بیوی اندر ہی اندر جل بھن جاتی ہے چاہے منہ سے کچھ کہے نہ ہے۔
عورت کی نگاہ میں چھوٹی چھوٹی خوشیوں کی بھی بہت اہمیت ہوتی ہے، اس موقع پر اگر وہ بھی بیوی کو اہمیت دے تو بہت خوش رہتی ہیں۔ شوہر کی جانب سے ملنے والا معمولی تحفہ بھی بیوی کے لئے کسی نایاب ہیرے سے کم نہیں ہوتا۔ بعض لڑکیاں شوہروں میں ہنسنے ہنسانے کی عادت کو خوب پسند کرتی ہیں۔کچھ لڑکیوں کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ نہیں چھینک آنے پربھی تحفہ دیا جائے...‘
مردانہ وجاہت کا مالک تو ہو... عورتوں کو نازک مزاج ، شرمیلے اور حساس طبیعت کی بجائے سخت جاں مرد پسند ہوتے ہیں۔
ایک سروے کے مطابق خواتین کی بڑی تعداد کلین شیو کے بجائے داڑھی والے با وقارشخص کو اپنے شوہر کے روپ میں پسند کرتی ہے۔ داڑھی والے مردوں میں مردانہ وجاہت زیادہ ہوتی ہے اور ایسے مردوں کے پاس خواتین خود کومحفوظ تصور کرتی ہیں۔ بلاشبہ شوہر کے انتخاب کا فیصلہ خوشگوار احساسات رکھنے کے ساتھ ساتھ زندگی کے چند مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہے۔
شادی چونکہ عمر بھر کا معاملہ ہے اس لئے ہر معاشرے میں اس بارے میں فیصلہ کرتے ۔وقت بہت سے پہلووٴں پرخوب سوچ بچار کی جاتی ہے۔ شوہر کیسا ہونا چاہیے؟ اس حوالے سے ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ 20 فیصد خواتین نے کہا شوہرکوامیر کبیر ہونا چاہیے۔ 30 فیصد نے کہا کہ شوہر کو ایک وجیہ مرد ہونا چاہیے اور برسر روزگار ہونا چاہیے۔ 15 فیصد نے کہا کہ شوہر کیسا ہی کیوں نہ ہو بس اسے برسر روزگار ہونا چاہیے۔
35 فیصد نے کہا کہ شوہر باوفا اور پیار کرنے والا ہونا چاہیے۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق مرد اور عورت دونوں آئیڈیل جیون ساتھی کی خصوصیات میں قد کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ عورتیں اپنے شریک حیات کوخود سے لمباد یکھنا پسند کرتی ہیں اور مردجیون ساتھی کے طور پر خود سے چھوٹے قد کی لڑکی کا انتخاب کرنا پسند کرتا ہے۔ برطانوی ماہرین نے قدکے متعلق 12 ہزار 500 شادی شدہ برطانوی جوڑوں پرتحقیق کی ، جس کا نتیجہ حیرت انگیز نہیں تھا۔
تحقیق میں شامل اکثریتی جوڑوں میں مرد کا قد لمبا تھا یعنی کل 11 ہزار 500 یا 92. 5 فیصد جوڑوں میں شوہر کا قد اپنی شریک حیات کے مقابلے میں لمبا تھا جن میں مردوں کا اوسطا قد 5 فٹ 10 انچ اورعورتوں کا قد 5 فٹ ساڑھے 4 انچ تھا اور دونوں کے قد میں ساڑھے 5 انچ کا فرق موجود تھا۔ ماہرین نے اندازہ لگایا کہ عام طور پر بلندد قامت افراد اپنے شریک حیات کو لمبا دیکھنا پسند کرتے ہیں لیکن یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ عورتیں قد کے معاملے میں زیادہ حساس ہوتی ہیں اور اپنے شریک حیات کو خود سے بہت زیادہ لمبا د یکھنا بھی پسند نہیں کرتیں جبکہ اس نظریے کے بر خلاف بہت زیادہ لیے مردوں کی بیویاں چھوٹے قد کی تھیں۔
تحقیق کے مصنف ماہر نفسیات گرٹ اسٹیلپ نے کہا ایسا معلوم ہوتا ہے کہ عورتیں قدرتی طور پر اپنے شوہر کو خود سے زیادہ لمبا دیکھنا پسند کرتی ہیں جبکہ مرد شریک حیات کے قد کو بہت زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔

جی حضوری کرنے والے... ہمارے ہاں اکثر خواتین ڈکٹیٹر یک ہٹلر نسل کی ہوتی ہیں۔ وہ شوہروں میں سعادتمندی کی متلاشی ہوتی ہیں کہ ۔۔شوہرکم اور بیٹا زیادہ لگے... اور ایسے شوہربھی بیوی کی جی حضوری میں انتہا کر دیتے ہیں تا ہم وہ بیویوں کا ہم بجالاکر بھی آئیڈیل شوہرکا مائل لینے میں ناکام رہتے ہیں۔
اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ ایسے شوہر حقیقت میں بیویوں کے سامنے دم بھی نہیں مار پاتے ،ماہرین کا خیال ہے کہ نوے فیصد شوہر بیویوں سے ڈرتے ہیں، باقی دس فیصد جھوٹ بولتے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اچھے شوہروں کی لسٹ سے باہر رہتے ہیں۔ سکول ٹیچر مسز رضیہ کہتی ہیں آج کل لڑکیاں بڑے خاندان میں شادی کرنے سے کتراتی ہیں وہ چاہتی ہیں کہ شوہر اپنے ماں باپ کی اکلوتی اولاد ہوتا کہ بیوی کو سسرال والوں کی زیادہ ذمہ داریاں نہ اٹھانی پڑیں۔
ویسے بیوی کے لئے اچھا شوہر وہی ہے جو اپنا اے ٹی ایم کارڈ بھی زوجہ کی خدمت میں پیش کر دے۔ ثمینہ شاہد جو تین بچوں کی ماں ہیں، کہتی ہیں میاں بیوی کے رشتے کی مضبوطی کے لئے ظاہری خوبصورتی کی کوئی اہمیت نہیں۔ ظاہری خوبصورتی کچھ حد تک محبت میں اضافے کا باعث تو بنتی ہے تاہم رشتے کو پائیدار بنانے کے لئے صرف خوبصورتی کافی نہیں۔ اگر ایک انسان کا خوبصورت ترین جیون ساتھی اس کا کہا نہیں مانتا، اس کی بات کو اہمیت نہیں دیتا، یا با بار تاکید کرنے پر بھی کوئی اہم بات بھول جاتا ہے تو جلد ہی ایسے جیون ساتھی سے محبت ختم ہوجائے گی۔
اس کے برعکس اگر آپ کا جیون ساتھی خوبصورت نہیں ہے لیکن وہ آپ کی چھوٹی چھوٹی خواہشات کو اہمیت دیتا ہے تو ان عادتوں کی وجہ سے جلد ہی اس سے محبت ہو جائے گی۔ دراصل بیوی کو اپنی بات تو جہ سے سننے والے شوہر پسند ہوتے ہیں، جو ان کی ہر بات پوری کرتے ہیں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Aurtain Kaisay Shohar Pasand Karti Hain ?" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.