Dollars Kamanay Ke Ilawa Youtube Ke Be Shumaar Fawaid - Article No. 2056

Dollars Kamanay Ke Ilawa Youtube Ke Be Shumaar Fawaid

ڈالرزکمانے کے علاوہ یوٹیوب کے بے شمار فوائد - تحریر نمبر 2056

جی ہاں قارئین! یو ٹیوب کو صرف اور صرف پیسہ اور وہ بھی جلد از جلد کمانے کا ذریعہ نہ سمجھیں۔ اس سے بڑے بڑے فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

ہفتہ 4 مئی 2019

صائمہ نواز
جی ہاں قارئین! یو ٹیوب کو صرف اور صرف پیسہ اور وہ بھی جلد از جلد کمانے کا ذریعہ نہ سمجھیں۔ اس سے بڑے بڑے فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔اور وہ بھی فوری۔ ڈالرز تو آتے آتے ہی آئیں گے۔خبر نہیں کب آئیں؟ اور کتنے آئیں؟ پر ڈالرز کے انتظار میں باقی فائدوں کو نظر انداز کئے رکھنا تو نری بیوقوفی ہے اور ہم کوئی بیوقوف تھوڑی ہیں۔تو جناب ! یو ٹیوب پر اپنی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے بعد ڈالرز کی متوقع بارش اور ان ڈالرز کو پاکستانی روپوں میں تبدیل کرنے کے خواب دیکھیں،ضرور دیکھیں کہ فی الوقت یہی خوابہی بچے ہیں جو ہم مفت میں اور اپنی اوقات سے بڑھ کر دیکھ سکتے ہیں۔

لیکن خواب دیکھنے کے ساتھ ساتھ یو ٹیوب کے دیگر فوری فوائد کو بھی ایک نظر دیکھ لیں۔ تو پھر تیار ہیں۔چونکہ ہمارے ملک کی آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے تو پہلا حق انہی کا بنتا ہے کہ ان فوائد سے بہرہ مند ہوں۔

(جاری ہے)

ویسے بھی مہذب دنیا میں "لیڈیز فرسٹ" کا نعرہ لگایا جاتا ہے۔تو محترم خواتین خاص طور پر شادی شدہ خواتین کہ جن کا مسئلہ عظیم ہی یہی ہے کہ ہر کوئی انھیں سناتا ہے۔

ان کی کہیں نہیں سنی جاتی۔ اپنے دل کی باتیں دل میں رکھ رکھ کر اور سب کی سن سن کر ان کے دل جل کر کوئلے کی کان بن چکیاور کان پک چکے ہیں۔تو ایسی خواتین کے لئے خوش خبری ہے کہ یو ٹیوب کی مدد سے اب وہ بھی اوروں کے دل جلا اور کان پکا سکتی ہیں۔ اس کے لیے کرنا کیا ہے انھیں؟ بس صرف اپنے سیل فون کا کیمرہ آن کریں ویڈیو کا آپشن کلک کریں اور اپنے جلے ہوئے دل کے سب پھپھولے اپنے دشمنوں کا سر سمجھ کر پھوڑ ڈالیں۔
جی جی! بالکل اطمینان سے۔ بس یہ خیال رہے کہ ریکارڈنگ دشمنوں کی پہنچ سے دور رہ کر کریں۔
اپنے حلیے مطلب میک اپ وغیرہ کی فکر میں نہ پڑیں جتنا میک اپ کا وزن کم ہو گا اتنا ہی آپ کی باتوں میں وزن ذیادہ ہو گا۔ہاں جی! ہو گیا دل ہلکا۔ سب گلے شکوے، آپ پر دوسروں کے ظلم و ستم سب بیان کر ڈالے۔ تو کیسا محسوس کر رہی ہیں؟ ہلکا پھلکا،دیکھا !پتہ چل گیا نا آپ کو یو ٹیوب کے فوری فائدے کا۔
تو اب اس ہلکے پھلکے موڈ کے ساتھ اپنے چینل کا نام سوچیں مثلا سسرالی ڈورون، سجنا بے پرواہ، پڑوسن کے فیشن وغیرہ وغیرہ، ایسا نام جو آپ کے دلی جذبات کی مکمل ترجمانی کر سکے۔دیکھا اس اتنے سے کام نے آپ کا کتنا بڑا کام کر دکھایا۔
آپ نے سب کہہ ڈالا۔دل کا بوجھ ہلکا کر لیاسب کھری کھری سنا ڈالیں۔اور مزے کی بات یہ کہ بیچ میں کسی نے روکا بھی نہیں اور ٹوکا بھی نہیں۔
ویسے اس بات کے لیے تو آپ کا پیسے دینا بنتا ہے بجائے لینے کی امید کے۔خیر یہ تو ایک اضافی جملہ تھا۔ہاں تو خواتین پھر کیسا پایا یہ ٹوٹکہ؟کیا کہا؟ابھی تسلی نہیں ہوئی ویسے تسلی ہو بھی کیسے سکتی ہے؟ کہ بولنا،بولتے رہنااور بولتے ہی رہنا ہم خواتین کی پیدائشی علامت ہے۔ایک پرانی ترین تحقیق کے مطابق% 99 خوتین باتونی ہوتی ہیں۔ باقی %1 کے متعلق ہرگز یہ نہ سمجھیں کہ وہ باتونی نہیں ہوتیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ تحقیق کے جائزے کے دوران وہ یا تو سو رہی تھیں یا پھر بولتے بولتے،بوووولتیتھک کر وقفہ آرام پر تھیں۔تو خواتین!یو ٹیوب کے فوری فوائد حاصل کرنے کا پہلا حق آپ کا ہی بنتا ہے۔ اب آپ سنا سکتی ہیں سب کو کھری کھری،کھوٹی بھی چلیں گی۔ یہی تو مزے ہیں یو ٹیوب کے۔ آرام سے اپنا دل ہلکا کریں اورویڈیو اپ لوڈ کر دیں۔ ایک بار نہیں 2جتنی بار آپ کا دل چاہے۔
اب یو ٹیوب جانے اور وہ بد قسمت ناظرین جو گھر والیوں کے ہاتھوں تنگ آئے ہوے یو ٹیوب پر پناہ ڈھونڈتے ہیں۔
خواتین کے بعد آتی ہیں خواتین۔ نہیں سمجھے؟
ارے ہم ان سینیئر خواتین کی بات کر رہے ہیں جنھیں اپنے دکھڑے سنانے سے ذیادہ انھیں سلجھانے کی فکر ہے کہ اب وہ ببانگ دہل اپنے دکھڑے سنانے کی پوزیشن میں تو ہیں۔ ہاں انہیں سلجھانے کے لیے فوری ، کارآمد اور کامیاب تدابیر یو ٹیوب فراہم کرتی ہے۔
جی ہاں جناب!وہ خوب سیرتساسیں جنھیں بہوئیں اپنے جیسی نہیں ملیں۔اب وہ بالکل بھی پریشان نہ ہوں۔یو ٹیوب ہے ناں۔تو جناب! آپ کی بہو گھر کے کام کاج سے ذیادہ خود کو۔۔۔۔۔ کیا کہا؟ ذیادہ کا لفظ کم پڑ رہا ہے صورت حال کا احاطہ کرنے میں۔۔۔۔ اوہ اچھا۔۔۔ہم سمجھ گئے۔ تو بہو صاحبہ گھر کی بجائے سارا وقت خود پر توجہ دیتی ہیں۔ مزید فکر کرنے کی اب کوئی ضرورت نہیں۔
یو ٹیوب لائی ہے آسان حل۔ آپ نے کرنا کیا ہے۔ بس اتنا کہ کسی طریقے سے بہو کو یو ٹیوب پر ایسا چینل شروع کرنے پر تیار کر لیں جو گھر کی صفائی ستھرائی کے طریقوں کے ساتھ ساتھ مزے مزے کے کھانے بنانا بھی سکھاتا ہو۔ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ایک دفعہ آپ کی بہو نے یہ چینل شروع کر دیا تو سمجھیں آپ کے سارے دلدر دور اور وارے نیارے ہو گئے۔ آپ کے گھر کے ساتھ ساتھ آپ کا مستقبل بھی روشن ہو گیا۔

جی ہاں جناب! آپ اگر چاہیں تو آئندہ آنے والے انتخابات میں باآسانی حصہ لے سکتی ہیں۔ جی ہاں! جس نے اس زمانے کی بہو بغیر کسی ڈانٹ ڈپٹ اور سختی کے سگھڑ بنا لی اس کے آگے باقی عوام کو سدھانا کیا مشکل رہ گیا؟ ویسے بھی بہو جب اپنے چینل کی کامیابی کے لیے گھر کو چمکانے اور طرح طرح کے کھانے بنانے میں مصروف ہو گی تو آپ کے پاس وقت ہی وقت ہونا ہے اپنے سیاسی مستقبل کو چمکانے اوراپنے ووٹرز کو اپنے دام میں لانے کے لیے۔
کیسے؟ یہ بھی ہم بتائیں؟۔۔۔۔ کچھ تو خود بھی سوچ لیا کریں۔ بھئی محلے،برادری اور دوست احباب کے دکھ سکھ میں شریک ہو کریہ تو ہوگئے وہ فائدے جو ہمارے گھروں کی سربراہان(اوہ غلطی سے اندر کی بات لیک ہو گئی) ہمارا مطلب تھا خواتین حاصل کر سکتی ہیں یو ٹیوب کو استعمال کر کے۔
قارئین! یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہم خواتین کے فائدے کی بات کریں اور ان کی رعایا( بھئی خواتین کے حساب سے) کو بھول جائیں۔
جناب ہم بات کر رہے ہیں شوہر حضرات کی۔ یہاں پر تمامشوہرحضرات مراد ہیں بغیر کسی جونئیر سینئیر رینک کے۔ کہ بقول شاعر،ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود و ایاز "تو نئے نئے بنے شوہر حضرات کو کچھ عرصہ کے لیے چھوڑ کر باقی سارے محمود ہوں یا ایاز۔ شوہر بننے کے بعد ان سب کے مسائل بلکہ مسئلہ عظیم کم و بیش ایک سا ہی ہو جاتا ہے۔ کیا کہا آپ نے؟ " بیوی" جی بالکل ٹھیک کہا ،بس بیوی سے پہلے "اپنی" کا لفظ بڑھا دیں۔

تو ایسے شوہروں کے لیے بھی یو ٹیوب اپنی خدمات بخوشی پیش کرتی ہے۔ بس تھوڑا سا خرچہ کرنا پڑے گا پر مسئلہ ایسا حل ہو گا کہ آپ بالکل اپنی آزادی مطلب شادی سے پہلے والی زندگی کے مزے لوٹنے لگیں گے۔ نہ کوئی روک ٹوک نہ شکوے شکایتیں نہ رونا دھونا وغیرہ وغیرہ۔ تو پھر تیار ہیں یو ٹیوب کی اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے؟ جی جی! ہمیں پتہ تھا آپ کا جواب۔
تو جانئے کہ آپ کس طرح سے اٹھا سکتے ہیں یہ فائدہ۔ لیکن پہلے آپ پانی کا ایک گلاس پی لیں کہ مارے خوشی کے آپ کے ہاتھ پاؤں کانپ رہے ہیں۔
جی ہو گئے ریلیکس تو حضرات آپ نے یہ فائدہ حاصل کرنے کے لیے بس اتنا ہی کرنا ہے کہ آج سے ہی اپنی اپنی بیگمات کے لیے ان کی پسند کے برانڈڈ گفٹس (دل پر پتھر رکھ کر ہی سہی) لانا شروع کر دیں۔اور اس کے ساتھ ہی سرسری مگر بڑے میٹھے لہجے میں ان کے سامنے ذکر کر دیں کہ فلاں دوست کی بیگم نے یو ٹیوب پر ولاگنگ شروع کی ہوئی ہے۔
بس اتنا ذکر کافی رہے گا باقی کی تفصیل یہ ذہین ترین مخلوق یعنی بیگم صاحبہ خود ہی حاصل کر لیں گی۔ کیسے؟ اس کی آپ فکر نہ کریں۔ یو ٹیوب ہے ناں۔بس آپ اپنے آپ کو اب پھر سے شادی سے پہلے والا بے فکرا انسان محسوس کر کے خوش ہوں کہ آپ کا مسئلہ عظیم اب آپ کے وقت،آپ کی جیب اور آپ کے سیل فون کی ہر وقت کی نگرانی اور پڑتال چھوڑ کر اپنے چینل پر آپ کے لائے ہوئے گفٹس کی ان باکسنگ میں مصروف رہے گا۔
تو دیکھا آپ نے یو ٹیوب کس طرح سے لا سکتی ہے آپ کے گزرے ہوئے ماہ و سال۔
مگر یہاں ہم آپ کو انتباہ بھی کرتے جائیں کہ ایسا بھی نہ ہو کہ آپ اس آزادی کو دوبارہ پا کر خوشی میں اتنے بے حا ل ہو جائیں کہ ایک اور مسئلہ عظیم آپ کے گلے پڑ جائے۔ ایسی خطرناک صورتحال سے نکلنے کی تدابیر فی الوقت یو ٹیوب پر بھی دستیاب نہیں ہیں۔ تو دوستو!یو ٹیوب کا یہ پیکج تھا ہمارے گھروں کی اصل مظلوم ہستیوں المعروف ظالم و جابر شوہروں کے لیے۔
تو آج کے لیے اتنا ہی۔۔۔ کیا کہا آپ نے؟ نئی نسل کے لئے یو ٹیوب کے فائدے۔۔
جناب! یو ٹیوب کا کوچہ تو آباد ہی نئی نسل کے دم سے ہے۔ اور آپ کہہ رہے ہیں کہ نئی نسل کو یو ٹیوب کے گلی کوچوں سے کیسے نکالا جائے کہ یہ عملی زندگی میں بھی کچھ کر سکے۔جناب! اس مسئلے کے حل پر بھی کام ہو رہا ہے۔ آپ بے فکر رہیں مستقبل قریب میں نیو جنریشن ان گلی کوچوں سے خود ہی دور ہو جائے گی بس یو ٹیوب کی جگہ وی، ڈبلیو،ایکس،وائے اور زی ٹیوب بن جانے دیں۔اس کے ساتھ ہی اجازت دیں،اللہ نگہبان۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Dollars Kamanay Ke Ilawa Youtube Ke Be Shumaar Fawaid" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.