Future Mothers - Apni Sehat Ka Khayal Rakhain - Article No. 3057

Future Mothers - Apni Sehat Ka Khayal Rakhain

مستقبل کی مائیں ․․․ اپنی صحت کا خیال رکھیں - تحریر نمبر 3057

مائیں بعض اوقات نادانستگی میں بھی کچھ ایسی عادات اپنا لیتی ہیں جو کہ اس کے بچے پر انتہائی بُرے اثرات مرتب کرتی ہیں

پیر 23 جنوری 2023

ڈاکٹر شازیہ اسلم
کسی بھی عورت کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی یہی ہوتی ہے کہ وہ ماں بننے کے عمل سے گزر رہی ہو۔اس دور کی خوشی ہی الگ ہوتی ہے۔اس موقع پر ماں ہر طریقے سے اپنا اور اپنے بچے کا خیال رکھتی ہے اور ہر طریقے سے کوشش کرتی ہے کہ کوئی ایسا عمل نہ کرے جو کہ اس کے بچے کے لئے نقصان دہ ثابت ہو،مگر مائیں بعض اوقات نادانستگی میں بھی کچھ ایسی عادات اپنا لیتی ہیں جو کہ اس کے بچے پر انتہائی بُرے اثرات مرتب کرتی ہیں۔
وہ عادات کیا ہیں جو بچوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔آئیں آپ کو بتاتے ہیں۔
ایک حاملہ ماں کو چیخنے چلانے اور جھگڑا کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے،کیونکہ اس کا براہِ راست اثر پروان چڑھتے بچے پر پڑتا ہے اور اس سے بچے کا مدافعتی نظام اور دماغ متاثر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ یہ ماں کی صحت کے لئے بھی بہتر نہیں ہوتا اور اس کے بھی سر میں درد،بے خوابی اور متلی کا سبب بن سکتا ہے۔

اس لئے حاملہ ماں کو چاہیے کہ وہ ایسی کسی بھی صورتحال میں جھگڑنے سے بچنے کی کوشش کرے۔
یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ جو مائیں حاملہ حالت میں بہت زیادہ میٹھی اشیاء کا استعمال کرتی ہیں تو اس سے پیدا ہونے والے بچے کے سیکھنے اور یاد کرنے کے عمل پر براہِ راست اثر پڑتا ہے اور آئندہ آنے والی زندگی میں بچے کی یادداشت متاثر ہو سکتی ہے۔اس لئے حاملہ ماؤں کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ حد سے زیادہ میٹھی اشیاء نہ کھائیں۔
اگر زیادہ میٹھا کھانے کو دل چاہے تو مصنوعی میٹھے کی بجائے تازہ پھلوں کا استعمال کرنا چاہیے۔اس کے ساتھ سوڈے والے مشروبات سے بھی پرہیز کرنا چاہیے۔
حالتِ حمل میں جبکہ ہارمونز کے نظام میں تبدیلی واقع ہو رہی ہوتی ہے۔اس کی وجہ سے حاملہ ماں کے موڈ میں اُتار چڑھاؤ دیکھنے میں آتا ہے جو کہ ماں کے میٹابولزم میں تبدیلی کا باعث بنتا ہے اور یہ بچے کے اوپر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔
اس لئے حاملہ ماں کو چاہیے کہ مناسب نیند لے اور چہل قدمی کرے اور اپنے موڈ کو ٹھیک کرنے کی کوشش کرے۔
اپنے اعصاب اور جسم کو سکون دینے کے لئے گرم پانی سے نہانا ماں کو تو سکون دیتا ہے مگر اس کے اثرات بچے کے لئے اچھے نہیں ہوتے۔اس لئے ڈاکٹر ماں کو بہت گرم یا بہت ٹھنڈے پانی سے غسل نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہیں اور کوشش یہ کرنی چاہیے کہ معتدل پانی سے نہائیں۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر کے مشورے سے کچھ وقت کے لئے نیم گرم پانی سے نہایا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق حمل کی حالت میں اسی فیصد خواتین میں ہارمون میں تبدیلی کے سبب نیند کے دورانیے میں خرابی واقع ہوتی ہے۔حاملہ ماں کا بعض اوقات بغیر کسی وجہ کے رونے کو دل چاہتا ہے جس کے سبب اس کی بھوک کم ہو جاتی ہے اور کم خوابی میں بھی مبتلا ہو جاتی ہے جو کہ بچے کی نمو کے لئے اچھا نہیں ہوتا۔اس لئے اگر رونے کا موڈ دو ہفتوں تک جاری رہے تو اس کے لئے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے اور اس کی وجوہات جاننے کی کوشش کرنی چاہیے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Future Mothers - Apni Sehat Ka Khayal Rakhain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.