Ghiza Aur Balon Ki Sehat - Article No. 2681

Ghiza Aur Balon Ki Sehat

غذا اور بالوں کی صحت - تحریر نمبر 2681

بالوں کی صحت کے لئے اپنی غذا پر سب سے پہلے توجہ دیں اور ہمیشہ متوازن غذا کھائیں

جمعرات 9 ستمبر 2021

نسرین شاہین
قدرت کی طرف سے ملنے والی بالوں کی خوبصورتی ایک نعمت ہے،جو خواتین کے حسن میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ہمارے بال ہماری ظاہری شخصیت کو اُجاگر کرتے اور جاذب نظر بناتے ہیں۔یہ ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ بال ہماری خوبصورتی کا وہ حصہ ہیں،جن کا اگر مناسب خیال رکھا جائے تو انھیں سنوارنے پر سب سے کم لاگت خرچ ہوتی ہے۔
علاوہ ازیں بالوں کو ایک نیا انداز (اسٹائل) دینا،نیا اعتماد اور بانکپن عطا کرتا ہے۔
ماہرین گیسو کے مطابق بالوں کو ان کی ساخت اور قسم کے لحاظ سے ہی آرائش و زیبائش دینی چاہیے،ورنہ انھیں نقصان پہنچ سکتا ہے،جو بعض اوقات ناقابل تلافی ہوتا ہے،اس لئے اپنے بالوں کو سمجھیں اور ان کا خیال رکھیں،تاکہ آپ بہ آسانی اپنے بالوں کو ایک نیا انداز یا روپ دے سکیں۔

(جاری ہے)

بالوں کو سمجھے بغیر ہر گز نیا انداز نہ دیں۔خواتین اپنے بالوں کی صحت،رنگت اور اپنی شخصیت کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیتی ہیں۔ جب وہ اپنے بالوں کو نیا انداز دیتی ہیں تو ان کی بس یہ خواہش ہوتی ہے کہ جو رنگ یا جو انداز انھیں پسند ہے،اس کے مطابق بنا دیا جائے۔یہ ایک نقصان دہ طریقہ ہے۔
موجودہ دور میں اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ متوازن غذا صرف ہماری جسمانی صحت کو اندرونی طور پر ہی برقرار نہیں رکھتی،بلکہ اچھی صحت کے اثرات جسم کی ظاہری یا بیرونی لحاظ سے بھی عکاسی کرتے ہیں۔
چمکتے ہوئے دلکش و لچکدار بال یہ ظاہر کرتے ہیں کہ آپ کی صحت اطمینان بخش ہے۔اگر آپ کے بال صحت مند اور قدرتی طور پر گھنے اور چمکدار ہیں تو آپ خوش قسمت ہیں ۔بالوں کی صحت کے لئے اپنی غذا پر سب سے پہلے توجہ دیں اور ہمیشہ متوازن غذا کھائیں۔بیکری کی مصنوعات اور بہت زیادہ چکنائی خصوصاً حیوانی چکنائی پر مشتمل غذا کھانے سے بھی گریز کریں۔زیادہ سے زیادہ سادہ پانی پینے کی عادت اپنائیں۔
دن بھر میں سادے پانی کا پینا آپ کے جسم کی کثافتوں کو دور کرکے آپ کو صحت مند رکھتا ہے۔روزانہ ایسی غذائیں کھائیں،جو ریشے پر مشتمل ہوں۔
ہمارے ہر بال کی تین بنیادی تہیں ہوتی ہیں۔سب سے اوپری تہ ”کیوٹیکل“ (Cuticle) کہلاتی ہے اور اس میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے کہ ہمارے بال خود ہمیں اور دوسروں کو کیسے نظر آتے ہیں۔ان کی ساخت بہت سے خلیات (سیلز) کے ایک کے اوپر ایک سیریز میں جڑے ہونے کی وجہ سے ہوتی ہے۔
یہ اوپری تہ دوسری تہ کو بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔بالوں کی دوسری تہ ہمارے بالوں کی رنگت ظاہر کرتی ہے۔اس میں ”میلانن“ (Melanin) نامی ایک قدرتی مادہ رنگ (Pigment) ہوتا ہے،جو بیک وقت ہمارے بالوں اور جلد میں پایا جاتا ہے۔یہ تہ بالوں کو لمبائی،اچھی ساخت اور لچک فراہم کرتی ہے۔دراصل بالوں کو گھنگریالے انداز کے لئے کیا جانے والا طریق کار وقتی طور پر اسی تہ پر اثر انداز ہوتا ہے۔

بالوں کی یہ تہیں دراصل ہمیں کوئی بھی بالوں کا انداز بنانے میں مدد فراہم کرتی ہیں اور یہی ہمارے بالوں کو ظاہری طور پر خوبصورت اور صحت مند نظر آنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔جب ہم بالوں پر مختلف اقسام کی مصنوعات استعمال کرتے ہیں تو یہ تہیں اُن سے متاثر ہو جاتی ہیں اور اگر ان مصنوعات کا بہت ہی زیادہ غیر ضروری یا غیر معیاری استعمال کیا جائے تو بالوں کی یہ تہیں تباہ ہو جاتی ہیں اور آپ کے بالوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
بالوں کی صحت کے لئے اُن کا مساج کرنا بھی بہت ضروری ہوتا ہے۔ہفتے میں کم از کم ایک بار کسی بھی اچھے تیل سے اپنے بالوں کا مساج ضرور کریں۔اپنی پسند کا تیل اپنے بالوں اور سر کی جلد پر لگائیں اور گرم تولیے سے اپنے بالوں کو ڈھانپ لیں۔پھر چند گھنٹوں کے بعد شیمپو سے دھو لیں۔
اگر آپ کو یہ احساس ہو کہ آپ کے بال روکھے اور بے رونق ہو گئے ہیں تو یقینی طور پر یہ صحت کی کمزوری یا خرابی کے واضح اشارے ہوتے ہیں اور بہت جلد یہ بات واضح ہو کر سامنے آجاتی ہے کہ جسم کے اندر کس نوعیت کی خرابی ہے یا کس بیماری کا آغاز ہو رہا ہے۔
ناقص یا غیر متوازن غذا ہمیں اتنی غذائیت فراہم نہیں کر پاتی ہے،جو ہمارے جسمانی نظام کے صحیح طور پر کام کرنے کے لئے ضروری ہوتی ہے۔
اکثر لوگوں کے ذہن میں یہ خیال آتا ہے کہ غذا ہمارے جسم پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے۔اصل میں بال بہ ظاہر بے جان ہوتے ہیں،لیکن یہ اپنی جڑ سے جلد کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے نمو پاتے ہیں اور غذا بھی حاصل کرتے ہیں۔
جلد بال سے متعلقہ تمام کام سر انجام دیتی ہے۔جب جڑ کمزور ہو جاتی ہے تو بال ٹوٹ کر گر جاتے ہیں اور اگر انھیں مناسب غذائیت نہ مل رہی ہو،تب بھی بال ٹوٹنا شروع ہو جاتے ہیں،جسے ہم ”ہیئر فال“ (Hair Fall) کہتے ہیں۔اس کی وجہ سے رفتہ رفتہ بال کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور یہ کمی اور گرنے کا عمل ایک مرض کی شکل اختیار کر لیتا ہے ،لیکن اگر سر کی جلد صحت مند ہو تو نئے بال اُگ سکتے ہیں۔

اپنے بالوں پر ایک تجربہ کریں،سر کا کوئی بال پکڑ کر جڑ سے توڑیں تو آپ دیکھیں گے کہ اس کے آخری سرے پر ایک نیل نما اُبھار سا ہو گا،یہ قدرتی طور پر باقاعدگی سے کام کرتا ہے اور ہمارے بالوں کے خلیات کو غذا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بڑھاتا بھی ہے۔یہی وجہ ہے کہ جب ہم اپنا کوئی صحت مند بال جڑ سے کھینچ کر توڑ دیتے ہیں تو قدرتی عمل تب بھی اپنا کام کرتا رہتا ہے اور اس جگہ سے بال دوبارہ نکل آتا ہے۔
بالوں کو اپنا کام بہتر طور پر کرنے کے لئے خون میں روانی کی ضرورت ہوتی ہے،جس کے لئے دوران خون کا صحیح طرح سے کام کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے اور اگر یہ بنیادی ضرورت صحیح طریقے سے پوری نہ ہو تو پھر رفتہ رفتہ قدرتی کارکردگی متاثر ہونا شروع ہو جاتی ہے، جس سے بالوں کی صحت متاثر ہوتی ہے۔
ایک نہایت اہم نکتہ بھی آپ کے علم میں لانا ضروری ہے اور وہ یہ کہ ناموافق حالت میں پُرسکون رہنے کی کوشش کریں،مثبت سوچیں اور ذہنی و جسمانی دباؤ سے دور رہیں ،کیونکہ منفی و ناگوار خیالات آپ کو صرف ذہنی طور پر ہی متاثر نہیں کرتے ہیں،بلکہ یہ آپ کی مجموعی صحت،بالوں اور اعصاب کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
عصر حاضر میں ایسا کرنا یقینا آسان نہیں ہے،لیکن آپ کو اس کے لئے پھر بھی کوشش ضرور کرنی چاہیے ۔اپنی قوت ارادی کے ساتھ آپ یہ کام کر سکتی ہیں۔ایک آسان سا عمل کریں کہ جب آپ خود کو اشتعال میں محسوس کریں تو اپنا موڈ تبدیل کرتے ہوئے دس تک گنتی گنیں۔یہ ذہنی دباؤ سے نکالنے کا بہترین طریقہ ہے۔
مندرجہ بالا تمام طریقے آپ کے بالوں کی صحت کے لئے بہت اہمیت اور افادیت کے حامل ہیں،لہٰذا ان کا اہتمام کیجیے،اس طرح آپ کے بال قدرتی طور پر نہ صرف صحت مند رہیں گے،بلکہ خوبصورت اور جاذب نظر بھی لگیں گے۔سچ تو یہ ہے کہ خوبصورت ،دلکش اور پُرکشش نظر آنا ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Ghiza Aur Balon Ki Sehat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.