Hair Dryer Balon Ke Liye Muzir - Article No. 1896

Hair Dryer Balon Ke Liye Muzir

ہئیر ڈرائیر بالوں کے لیے مضر - تحریر نمبر 1896

خوب صورت ،گھنے اور چمک دار بال عورت کے حُسن کا اہم حصہ ہیں ،جو اس کی شخصیت کو نمایاں کرتے ہیں ۔ہر عورت کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کے بال سیاہ ،گھنے اور چمک دار ہوں ،اس کے لیے وہ کئی طریقے آزماتی ہے ،تا کہ اس کی شخصیت کو چار چاند لگ جائیں ۔

جمعرات 18 اکتوبر 2018

نسرین شاہین
خوب صورت ،گھنے اور چمک دار بال عورت کے حُسن کا اہم حصہ ہیں ،جو اس کی شخصیت کو نمایاں کرتے ہیں ۔ہر عورت کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کے بال سیاہ ،گھنے اور چمک دار ہوں ،اس کے لیے وہ کئی طریقے آزماتی ہے ،تا کہ اس کی شخصیت کو چار چاند لگ جائیں ۔
بال رنگ اور ساخت کے اعتبار سے کئی قسم کے ہوتے ہیں ،مثلاً سیدھے ،چکنے ،خشک ،گھنگھر یالے ،نارمل ،سیاہ ،براؤن اور گولڈن وغیرہ ۔

بالوں کے رنگ کی تبدیلی تو ہےئر کلر کی بدولت بے حد آسان ہو گئی ہے ،یعنی سیاہ بالوں کو براؤن یا گولڈن کیا جا سکتا ہے یا سفید بالوں کو سیاہ کرنا ممکن ہے ۔اسی طرح بالوں کی مختلف اقسام کو بھی حسبِ خواہش بدلا جا سکتا ہے ۔ذیل میں بالوں کو گھنگر یا لے کرنے ،گھنا دکھانے اور چمک دار و دل کش بنانے کے لیے چند مفید طریقے بتائے جا رہے ہیں :
جن خواتین کے بال گھنگھر یا لے ہوتے ہیں ،انھیں سیدھے بالوں کی خواہش ہوتی ہے ،کیوں کہ گھنگھر یا لے بالوں کی حفاظت کرنا قدرے مشکل ہوتا ہے ، اس لیے سیدھے بالوں کی خواہش کی تکمیل کے لیے خواتین وقتاً فوقتاً مختلف طریقے آزماتی رہتی ہیں ،جب کہ سید ھے بالوں والی خواتین کے لیے گھنگھر یالے بال ایک کشش رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

گھنگھر یا لے بالوں کو سیدھا اور سیدھے بالوں کو گھنگھریا لے کرنا اب مشکل نہیں رہا۔
خواتین کی اس خواہش کو مِد نظر رکھتے ہوئے سنگار کی صنعت میں نت نئی تبدیلیاں آئی ہیں۔”بلوڈرائی“ کے استعمال سے یہ خواہش منٹوں میں پوری ہو جاتی ہے ۔آپ کے بال سیدھے اور پتلے ہیں اور آپ انھیں گھنا دکھانا چاہتی ہیں تو اس کے لے بازار میں دستیاب رولرز(ROLLERS) اور ”الیکٹرک کرل راڈ“(ELECTRIC CURL ROD)کی مد د لی جا سکتی ہے ۔
اسی طرح سے”ہےئر اسٹر یٹنر“(HAIR STRAIGHTNER)سے خشک اور گھنگھر یالے بالوں کو چمک دار اور سیدھا کیا جا سکتا ہے ،یعنی آپ اپنی پسند کے مطابق اپنے بالوں کو قسم کو تبدیل کرکے اپنی شخصیت میں افرادیت پیدا کر سکتی ہیں ۔
”بلوڈرائی“نوجوان خواتین میں بہت مقبول ہے ۔کالج اور یونی ورسٹی کی طالبات میں یہ طریقہ عام ہو چکا ہے ،جس کی بدولت لڑکیاں اپنے بال سیدھے اور چمک دار بنا سکتی ہیں ۔
”بلوڈرائی “کا طریقِ کار بہت اہمیت اختیار کر چکا ہے ۔اگر چہ ”بلوڈرائی “اب عام ہے ،لیکن اس کے درست استعمال اور فوائد ونقصانات سے آگاہ ہونا ضروری ہے ۔
یہ بھی جان لیجیے کہ ”بلوڈرائی “کیا ہے ؟دراصل ”بلوڈرائنگ “ایسی تکنیک ہے ،جس میں ”بلوڈرائیر “یا ”ہےئر ڈرائیر “کی مدد سے گیلے بالوں کو ٹھنڈی یا گرم ہوا کے ذریعے خشک کیا جا تا ہے۔
”بلوڈرائیر“ بالوں میں انفرادی طور پر ہائڈروجن بانڈ کے بننے کے عمل کو جزوی طور پر قابو میں کرتا ہے ،جس سے بالوں کو من پسند ہےئر اسٹائل یا نیا انداز دینا آسان ہو جاتا ہے ۔
بالوں کے ہر علاج کی اپنی خاص تکنیک ہوتی ہے اور تکنیک میں معمولی سی غلطی سے مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہو پاتے ۔”بلوڈرائنگ “کرنے کا بھی خاص طریقہ یا تکنیک ہے ،لہٰذا بال خشک کرتے ہوئے اسے مِد نظر رکھنا بہت ضروری ہے ۔

ماہرین کے مطابق ”بلوڈرائی “کا مسلسل استعمال بالوں کے لیے مضر ہے ،مگر ”بلوڈرائی“کا درست تکنیک سے استعمال بالوں کو خشک کرنے کے ساتھ انھیں بہتر بھی بناتا ہے ۔آسانی سے ”بلوڈرائی“ کرنے لیے بالوں کو ۴ حصوں میں تقسیم کر لیا جائے ۔بال دوحصوں میں کرکے خشک کرنا مشکل ہوتا ہے ،جب کہ زیادہ حصوں میں بانٹ دینے سے بال بہتر طور پر اور آسانی سے خشک ہو جاتے ہیں ۔

”بلوڈرائنگ “سر کی جِلد سے یا بالوں کی جڑ سے تقریباً چھے انچ کے فاصلے سے شروع کر یں ۔اس فاصلے کو کسی صورت کم نہ ہونے دیں ،تا کہ جِلد کے جلنے یا بالوں کی جڑوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ نہ رہے ۔
بالوں کے کسی ایک حصے پر ”ڈرائیر “کو زیادہ دیر نہ رکھیں ۔”بلوڈرائیر“آہستہ آہستہ گھماتے ہوئے بالوں کی اوپری سطح سے نیچے کی جانب لائیں ۔
بالوں کے کسی بھی حصے کو زیادہ دیر تک خشک نہ کریں ۔اس سے بالوں کے خراب ہونے اور جلنے کا خطرہ ہوتا ہے ۔
”بلوڈرائی“سے کبھی بھی بال نیچے سے اوپر کی جانب خشک نہیں کرنے چاہییں ،اس لیے کہ یہ طریقہ بالوں کے لیے نقصان دہ ہے ۔بالوں کو مکمل خشک کرنے کے بجائے جب ان میں ہلکی سے نمی باقی ہوتو”ڈرائیر“کو بند کر دیں۔ اس طرح بال روکھے اور خراب نہیں ہوتے ۔
بال پانچ سے دس منٹ میں خود ہی قدرتی ہوا سے مکمل طور پر خشک ہو جائیں گے ۔
سر کے بال کا ایک قدرتی بانڈ ہوتا ہے ۔یہی بانڈبالوں کو گھنگھریالے یا سیدھے کرنے میں مدد دیتا ہے ۔گھنگھر یا لے بالوں کو ”ہےئر اسٹر یٹنر “سے خشک اور سیدھا کیا جا سکتا ہے ۔بالوں کو قدرتی ہوا میں خشک کریں اور کس کر باندھ لیں ۔اس طرح بھی بالوں کا گھنگھر یا لاپن قدرے کم ہو سکتا اور بالوں میں سید ھا پن نمایاں نظر آسکتا ہے ۔
گھنگھر یالے بالوں کو ”ہےئر ڈرائیر“سے خشک نہ کریں تو زیادہ بہتر ہے ۔
سیدھے بالوں کو گھنگھر یا لا بنانے کے لیے”رولرز“اور ”الیکٹر ک کرل راڈ”کی مدد لی جاتی ہے ،جن سے سیدھے بالوں کو گھنگھر یالی شکل دینا آسان ہوتا ہے ۔ہلکے گیلے بالوں میں ”رولرز “لگانے سے سیدھے بالوں کو گھنگھریالی شکل دے کر شخصیت کو دل کش بنا یا جا سکتا ہے ،لیکن بالوں کو ”ہےئر ڈرائیر“کے بجائے قدرتی ہوا میں خشک ہونے دیں ،خاص طور پر خشک بالوں کو قدرتی ہوا میں ہی سکھائیں ۔

بال خواتین کے حسن وجمال میں اہم کر دار ادا کرتے ہیں ۔حفاظت میں ذراسی بے احتیاطی اور غفلت بالوں کی خوب صوری کو نقصان پہنچا سکتی ہے ،اس لیے بالوں کو ”ہےئر ڈرائیر“سے دور رکھیں اور قدرتی ہوا میں خشک کریں ،تا کہ ان کا قدرتی رنگ اور انداز نمایاں و برقرار رہے ۔
بالوں کو سب سے زیادہ نقصان مصنوعی چیزوں سے پہنچتا ہے ۔قدرتی اشیا بالوں کو خوب صورت اور محفوظ رکھتی ہیں ،اس لیے قدرتی اشیا کا استعمال کریں ۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read " Hair Dryer Balon Ke Liye Muzir" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.