Hand Bags - Special Articles For Women

ہینڈ بیگز - خواتین کیلئے مضامین

جمعہ جنوری

Hand Bags
راحیلہ مغل
زندگی بہت خوبصورت ہے مگر خواتین اس کو اپنی کلر فل طبیعت سے اور بھی خوبصورت بنا دیتی ہیں۔جس طرح وہ اپنے لباس کا خیال رکھتی ہیں اسی طرح لباس سے میچنگ دیگر اشیاء کا بھی خیال رکھنا اپنا فرض اولین سمجھتی ہیں ان دیگر اشیاء میں خواتین اپنے پرس کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہیں کیونکہ پرس یا ہینڈ بیگ غریب خواتین ہوں یا امیر سب کی ضرورت ہے بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ پرس دنیا بھر کی خواتین میں مقبول ہے تو غلط ہو گا ملکہ برطانیہ سے لیکر ہمارے معاشرے کی عام خواتین تک پرس اپنی بہار دکھاتا نظر آتا ہے۔

کچھ خواتین پرس ہاتھ میں تھامتی ہیں کچھ شولڈر پر لٹکاتی ہیں اور کچھ بغل میں دباتی نظر آتی ہیں۔پرس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پرس کے بغیر باذوق خواتین خود کو ادھورا تصور کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر موسم میں اور ہر طرح کے فنکشن میں خواتین اسے اپنی شخصیت کا حصہ بنانا ضروری تصور کرتی ہیں۔

(جاری ہے)


دھوپ ہو یا چھاؤں‘گرمی ہو یا سردی‘خزاں ہو یا بہار اور حد تو یہ ہے کہ بارش ہو یا برف باری پرس اہم ضرورت کی طرح خواتین کے ساتھ ساتھ ہوتا ہے یوں لگتا ہے جیسے خواتین کا دل ان کے سینے میں نہیں پرس میں ہوتا ہے کہ اسے کسی حال میں بھولتی نہیں اور پھر بھولیں بھی تو کیسے کہ پرس تو باوقار خواتین کی پرسنیلٹی کا دل فریب اور خوبصورت حصہ بن گیا ہے۔


خوشی کا کوئی موقع ہو یا غم کا کوئی سیاسی فنکشن ہو پرس خواتین کے ساتھ ہوتا ہے۔خواتین نے ہمیشہ اس کو اہمیت دی ہے حالانکہ پرس چھیننے کے واقعات بھی آئے روز ہوتے رہتے ہیں اور اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ ایک چور پرس چھین کر بھاگتا ہے تو خاتون پکڑو پکڑو کی آوازیں لگاتی ہیں۔دو چار اچھے گھرانوں کے لڑکے چور کے پیچھے بھاگتے ہیں اور چور کو پکڑ کر خاتون کے سامنے پیش کر دیتے ہیں۔

پرس واپس مل جاتا ہے اور پھر جان میں جان آجاتی ہیں۔پرس میں کوئی سونا نہیں تھا جس کے چھن جانے کا خاتون کو ڈر تھا مگر پرس کے چھن جانے سے خاتون کی پر سنیلٹی آدھی ہو گئی تھی اسی لئے اس نے شور مچایا تھا۔اب اس سے پرس کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔خواتین گھر سے نکلتے وقت بڑی یادداشت قائم رکھ کر پرس کو اپنے ساتھ لے کر چلتی ہیں کیونکہ پرس کوئی بھولنے والی چیز تھوڑی ہے اس کیلئے تو سب کچھ بھلایا جا سکتا ہے۔

دراصل پرس نے خواتین کے دلوں میں گھر کر لیا ہے اس کے پُرکشش رنگ‘نت نئے ڈیزائن اب تو یہ حال ہے کہ خواتین گھر سے نکلتے وقت بڑی یادداشت قائم رکھ کر پرس کو ساتھ لے کر چلتی ہیں۔اب خواتین اور تو کوئی چیز چھوڑ سکتی ہیں لیکن پرس نہیں چھوڑ سکتی ہیں کیونکہ پرس آنکھوں کو بھاتا ہے دل میں سماتا ہے اور ہاتھوں میں سجتا ہے۔
اگرچہ ہینڈ بیگز فیشن پراڈکٹ کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں لیکن یہ آپ کے گلیمر کو بڑھانے کی زبردست صلاحیت رکھتے ہیں۔

خواتین کسی بھی تقریب میں شرکت کے وقت لباس کے ساتھ میچنگ ہینڈ بیگ کو لازمی سمجھتی ہیں اور اگر ہینڈ بیگ کا انتخاب مناسب طریقے سے کیا گیا ہو تو یہ شخصیت کو ابھارنے اور نکھارنے کا سبب بنتے ہیں۔چند اسٹائلش ہینڈ بیگز جن میں ھوبو ہینڈ بیگز،ٹوٹے ہینڈ بیگز،کراس باڈی بیگز اور اسٹائلش ایوننگ بیگز شامل ہیں نہ صرف بے حد مقبول ہیں بلکہ یہ خواتین کے اعلیٰ ذوق کی ترجمانی بھی کرتے ہیں۔

ایک طرف تو یہ ہینڈ بیگز ضروری سامان سنبھالنے کے کام آتے ہیں تو دوسری طرف یہ اپنے ڈیزائن،خوبصورتی اور اسٹائل کے باعث شخصیت کے گلیمر کو بڑھا کر محفل میں ممتازکر دیتے ہیں۔
سچ تو یہ ہے کہ پرس خواتین کو اس طرح زیب دیتا ہے جیسے چاند کو چاندنی جیسے پھول کو خوشبو اور جیسے شمع کو پروانہ‘جیسے چاند کو چاندنی نہیں چھوڑ سکی‘پھول خوشبو نہیں چھوڑ سکتی اور شمع کو پروانہ نہیں چھوڑ سکتا خواتین پرس نہیں چھوڑ سکتی ہیں۔

کئی خواتین پرس کو بیوٹی بکس کے طور پر استعمال کرتی ہیں وہ اپنی میک اپ کی اشیاء اس میں رکھتی ہیں۔کہیں یہ گولڈ کی حفاظت کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔کئی بچوں والی خواتین اپنے پرس میں بچوں کی دودھ کی بوتلیں اور پیمپرز تک رکھ لیتی ہیں۔دراصل فیشن خواتین میں زندہ رہنے،خوبصورت نظر آنے‘دوسروں سے منفرد لگنے کا حوصلہ بلند کرتا ہے اور پرس انہیں سب سے منفرد اور خوبصورت نظر آنے میں اہم کردار کرتا ہے۔


فیشن ہر دور میں بدلتا ہے چونکہ ہر فیشن اپنے دور میں عروج پر ہوتا ہے لیکن کسی بھی چیز کا فیشن دیرپا نہیں رہتا وقت اور حالات کے مطابق اس میں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں فیشن کی دنیا میں ہینڈ بیگز کا استعمال بھی بہت عروج پر ہے۔آج کل ہینڈ بیگز خواتین کی وارڈ روبز کا اہم حصہ ہیں اور آج سے کئی برس پہلے بھی ہینڈ بیگز اور پرس کا استعمال خواتین میں بہت مقبول تھا کپڑوں کے ساتھ میچنگ ہینڈ بیگز ہر خاتون کی ضرور ت تھے حالانکہ پہلے اس میں اتنی جدت نہیں تھی لیکن آج کے دور میں ہر طرز ڈیزائن اور سائز وغیرہ کے ہینڈ بیگز اور پرس استعمال میں نظر آتے ہیں چونکہ ہینڈ بیگز وقت کی اہم ضرورت ہیں آپ خاتون خانہ ہوں یا ورکنگ ومین یا پھر کالج یونیورسٹی جانے والی طالبہ جدید پرکشش اور سٹائلش ہینڈ بیگز آپ کی شخصیت کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔

رنگین پرکشش اور منفرد ڈیزائن کے ہینڈ بیگ خواتین کی توجہ اپنی جانب کھینچنے کی خوب صلاحیت رکھتے ہیں چمڑے ریگزین،کاٹن،اون،کروشیے،مخمل وغیرہ کے دیدہ زیب ڈیزائنوں اور سائزوں میں موجود ہینڈ بیگز خواتین میں بہت مقبول ہو رہے ہیں اس کے علاوہ دلکش کڑھائی اور کشیدہ کاری اور موتیوں ستاروں والے بیگ بھی خواتین میں بہت اہمیت کے حامل ہیں خواتین اپنی عمر لباس شخصیت سہولت اور موقع کی مناسبت سے ہینڈ بیگز کا استعمال کرتی ہیں جو ان کو جاذب نظر پرکشش دلفریب بناتا ہے اس طرح ہینڈ بیگز بذات خود شخصیت کے اظہار کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔
تاریخ اشاعت: 2021-01-08

Your Thoughts and Comments

Special Special Articles For Women article for women, read "Hand Bags" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.