Hand Bags Fashion Ka Ahem Jazo - Article No. 2739

Hand Bags Fashion Ka Ahem Jazo

ہینڈ بیگز فیشن کا اہم جزو - تحریر نمبر 2739

ہینڈ بیگ کے بغیر خواتین کا فیشن اور اسٹائل ادھورا سا محسوس ہوتا ہے

جمعہ 19 نومبر 2021

ہماء غفار
ہینڈ بیگ کا شمار فیشن کے لوازمات میں ہی نہیں بلکہ خواتین کی سہولت میں بھی کیا جاتا ہے۔ملبوسات کے ساتھ کی جانے والی میچنگ ہو یا پھر روایتی رنگوں کے دیدہ زیب ہینڈ بیگز۔ہینڈ بیگ کے بغیر خواتین کا فیشن اور اسٹائل ادھورا سا محسوس ہوتا ہے یہ نہ صرف ضرورت کو پورا کرتے ہیں بلکہ شخصیت کو خوبصورت اور منفرد بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں کپڑوں اور زیورات کے ساتھ اچھی ساخت اور ڈیزائن کے ہمراہ جدید تراش خراش لئے ہینڈ بیگز،کلچز اور پرس کے ذریعے خواتین کی شخصیت کا منفرد تاثر قائم ہوتا ہے۔

ہینڈ بیگ ہوں یا پرس اپنی بناوٹ اور نت نئے ٹرینڈ کے سبب سارا سال مقبول رہتے ہیں۔فیشن ٹرینڈز کے تیزی سے بدلنے کے سبب ہینڈ بیگ سستے اور مہنگے دونوں قسم کے داموں میں دستیاب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین نہ صرف مہنگے بلکہ سستے داموں میں بھی خوبصورت اور اچھے مٹیریل کے ہینڈ بیگز موسم اور ٹرینڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے باآسانی خرید سکتی ہیں۔ان کے بغیر موجودہ دور میں فیشن ادھورا سمجھا جاتا ہے۔

کسی تقریب میں شرکت ہو یا پھر سہیلیوں سے میل ملاقات،خواتین کے لئے پہلا مشکل مرحلہ لباس کا انتخاب ہوتا ہے،اس کے بعد سولہ سنگھار،لیکن اتنی سج دھج کے بعد بھی ساری زیبائش و آرائش اُس وقت تک نامکمل ہے جب تک لباس کی مناسبت سے پرس،کلچ،ہینڈ یا شولڈر بیگ کا انتخاب نہیں ہو جاتا۔
فیشن وقت کے ساتھ ساتھ بدلتا رہتا ہے،ایک وقت تھا جب بازاروں میں ہینڈ بیگز کی گنی چنی ورائٹی نظر آتی تھی مگر اب فیشن میں جیسے جیسے جدت آئی ہے اسی طرح خواتین کے ہینڈ بیگز کی بھی کافی اقسام سامنے آئی ہیں۔
اب بازاروں میں ہر طرح کے ہینڈ بیگز دستیاب ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اب خواتین اپنے کپڑوں اور اسٹائل کے مطابق ہینڈ بیگز کا انتخاب کرتی ہیں۔
پرس منتخب کرتے ہوئے خواتین کو اپنی عمر اور لباس کو مدنظر رکھنا بہت ضروری ہے۔روزمرہ کے استعمال کیلئے سادہ پرس خریدیں نیز کسی ایسے کلر میں خریدیں جس کا استعمال آپ اپنے تمام ملبوسات کے ساتھ کر سکیں۔
خواتین عام طور پر مختلف رنگوں کے پرس استعمال کرتی ہیں لیکن کسی مخصوص تقریب کیلئے اپنے کپڑوں کے ساتھ میچنگ پرس بھی خریدا جا سکتا ہے۔
خواتین کے پاس بیگ کے معاملے میں لامحدود چوائسز ہیں۔ہر موقع کی مناسبت سے لاتعداد پرس اور بیگز مارکیٹ میں بہترین قیمت پر دستیاب رہتے ہیں۔مثال کے طور پر خواتین چھوٹے پرسز یا کلچ صرف خاص مواقعوں پر استعمال کرنا پسند کرتی ہیں۔
جن میں ان کی چھوٹی چھوٹی اشیاء مثلاً رقم،لپ اسٹک،موبائل فون آسانی سے سما سکے۔بالکل اسی طرح شاپنگ کے لئے خواتین الگ قسم کے بیگز ساتھ رکھتی ہیں اور اس میں زیادہ تر خواتین شولڈر بیگز لیتی ہیں تاکہ ان کے ہاتھ فری رہیں اور وہ آسانی سے اپنے لئے اشیاء کا انتخاب کر سکیں،اور ان کا فوکس ہاتھ میں موجود پرس کے بجائے خریداری پر رہے۔ورکنگ وومن یا گھر سے باہر کام کرنے والی خواتین عام طور پر بڑے بیگز لینا پسند کرتی ہیں تاکہ ان میں ان کی تمام اہم فائلز،ڈاکومنٹس اور دیگر اشیاء آسانی سے رکھی جا سکتیں۔ملازمت پیشہ خواتین کے لئے تو شولڈر بیگز گویا ان کی ”آدھی دنیا“ ہیں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Hand Bags Fashion Ka Ahem Jazo" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.