Istri (Iron) Ki Baqaida Safai Bahut Zaroori - Article No. 3331

Istri (Iron) Ki Baqaida Safai Bahut Zaroori

استری کی باقاعدہ صفائی بہت ضروری - تحریر نمبر 3331

استری کی حفاظت اور باقاعدہ صفائی اس لئے بھی ضروری ہے کیونکہ استری کی تہہ میں گرد و غبار جمع ہو جاتا ہے جس سے کپڑے خراب ہوتے ہیں

بدھ 20 نومبر 2024

ارم خان
استری کی حفاظت اور باقاعدہ صفائی اس لئے بھی ضروری ہے کیونکہ استری کی تہہ میں گرد و غبار جمع ہو جاتا ہے جس سے کپڑے خراب ہوتے ہیں۔استری کی حفاظت کے چند طریقے درج ذیل ہیں جن میں سے ایک تو بیکنگ سوڈے کا استعمال ہے۔ایک چمچ پانی میں دو چمچ بیکنگ سوڈا پاؤڈر ملائیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔اس محلول کو چمچ کے ذریعے استری کی نچلی سطح پر لگا دیں اور کچھ دیر بعد گیلے کپڑے سے صاف کر لیں۔

روئی کے ٹکڑے کو پانی میں ڈبو کر نچوڑ لیں اور استری کی نچلی سطح پر موجود سوراخوں میں لگائیں تاکہ بیکنگ سوڈا اچھی طرح سے ہٹ جائے۔استری کے مکمل خشک ہونے کے بعد اس کو چلا دیں تاکہ گرم ہونے سے کسی بھی طرح کی نمی بھاپ بن کر اڑ جائے۔اخبار کے ذریعے بھی استری کو صاف کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)


سب سے پہلے ہاتھوں پر دستانے پہن لیں تاکہ کسی بھی قسم کی تپش سے بچا جا سکے۔

پھر استری کو لگا لیں اور گرم ہونے دیں۔اس کے بعد اخبار سے اس کے نچلے حصے کو صاف کر لیں۔استری کی صفائی کے لئے نیل پالش ریموور استعمال کرنے کی تجویز بھی دی جاتی ہے۔استری کو لگا کر گرم ہونے کے لئے چھوڑ دیں۔اس کے بعد روئی کو نیل پالش ریموور میں بھگو کر جلدی سے استری کی نچلی سطح پر مار دیں۔اس کے بعد استری کو گیلے کپڑے سے صاف کر لیں۔یاد رکھیں کہ نیل پالش ریموور میں ایسیٹون ہوتا ہے جو تیزی سے بخارات میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
یہ کسی بھی چپکے ہوئے مادے کو صاف کرنے کا بہترین کام کرتا ہے۔
سرکہ بھی استری کی صفائی کے لئے مفید سمجھا جاتا ہے۔ایک تولیے کو سفید سرکے سے گیلا کر لیں اور استری کی پلیٹ پر اچھی طرح ماریں۔ کسی بھی قسم کی گندگی ہٹ جائے گی۔سرکے سے صفائی کرنے کا ایک اور طریقہ بھی بتایا جاتا ہے۔صاف تولیہ سرکے میں بھگو کر نچوڑ لیں، اس کے اوپر ٹھنڈی استری رکھ دیں اور تیس منٹ کے بعد اسے خشک کپڑے سے صاف کر لیں۔

برتن دھونے والا مائع بھی استری کی صفائی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔پانی کے ایک پیالے میں ڈش واشنگ مائع کے چند قطرے ڈالیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔اس محلول میں نرم کپڑا، ٹشو یا تولیہ ہلکا سا بھگو کر استری پر لگے تمام گرد و غبار صاف کر لیں۔نمک بھی اکثر چیزوں کی صفائی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ایک کاغذ پر کچھ مقدار میں نمک چھڑکیں اور اس پر گرم استری چلائیں۔ ایسا کرنے سے استری کی پلیٹ پر موجود تمام داغ اور دیگر مواد ہٹ جائے گا۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Istri (Iron) Ki Baqaida Safai Bahut Zaroori" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.